ملک بھر میں سیمنٹ کی ریٹیل قیمت میں کمی کا رجحان گزشتہ ہفتے بھی برقرار رہا۔
Category: کاروبار
-

سولر پینلز کی قیمتوں میں نمایاں کمی کے ساتھ ساتھ چیک کوڈ لگنے سے منظور شدہ لوڈ کے مطابق بلنگ!!
(قمر عباس)مہنگی بجلی سے پریشان افراد کی سنی گئی،سولر پینلز کی قیمتوں میں 50 فیصد سے زائد کمی ہو گئی، فیصل آ باد سمیت ملک بھر کی سولر مارکیٹوں میں سولر پینلز کی فی واٹ قیمت 40 روپے سے بھی نیچے چلی گئی۔
میڈیا رپورٹس کے مطابق 2 سال قبل تک ملک کی مارکیٹوں میں فی واٹ سولر کی اوسط قیمت 80 روپے تھی، جو اب کم ہو کر 37 روپے تک آ چکی ہے،یعنی 2 سالوں میں سولر پینلز کی قیمتوں میں 50 فیصد سے زائد کمی ہو چکی ہے،ملک میں مہنگی بجلی کی وجہ سے جہاں سولر پینلز کے استعمال میں بے تحاشہ اضافہ ہوا ہے،
وہیں سولر پینلز کی قیمتیں بھی کریش کر گئی ہیں، حیران کن طور پر مارکیٹ میں سولر پینلز کی طلب بڑھنے پر قیمتیں بڑھنے کے بجائے کم ہوئی ہیں۔
ملک میں سولر پینلز کے استعمال میں اضافہ ہوا تو اس کی امپورٹ میں طلب سے بھی کہیں زیادہ اضافہ ہوا،اسی باعث سولر پینلز کی قیمتیں تاریخ کی کم ترین سطح پر آگئیں،صرف چند ماہ میں سولر پینلز کی قیمتوں میں 15 سے 25 فیصد کی کمی واقع ہوئی ہے جس سے مقامی مارکیٹ میں صارفین کے لیے تاریخ کی کم ترین سطح پر سولر پینلز کی دستیابی ممکن ہوگئی ہے،کھپت کی نسبت رسد بڑھنے سے گزشتہ چار ماہ میں فی واٹ سولر پینل کی قیمت میں 7روپے سے 13روپے کی مزید کمی واقع ہوئی ہے۔ سال 2023 کے دوران ملک میں 12ہزار کنٹینرز پر مشتمل 4 گیگاواٹ سولر پینل کی درآمدات ہوئی تھیں۔
جنوری 2024 سے اپریل 2024 کے 4 ماہ کے دوران ملک میں یکدم 22 ہزار 500 کنٹینرز پر مشتمل 7.5 گیگاواٹ سولر پینلز درآمدات کی گئیں جس سے مقامی مارکیٹ میں مختلف اقسام کے سولر پینلز کی فی واٹ قیمتیں 45 روپے اور 53 روپے سے گھٹ کر 38 روپے سے 40روپے تک کی سطح پر آگئی ہیں،مارکیٹ ذرائع کے مطابق سولر پینلز کی قیمتوں میں کمی کی ایک وجہ چین سے امریکا یورپی ممالک اور بھارت کی سولر پینلز کی درآمدات روکنا اور چین کی جانب سے فی واٹ سولر پینل کی قیمت 1.5 سے 2سینٹس کی کمی بھی ہے۔
چین اپنے تیار شدہ سولر پینلز کے ذخائر کو آف لوڈ کرنے کے ساتھ ایچ جے ٹی ٹیکنالوجی کے حامل نئے ورژن کے 610، 650 اور 670واٹ کے نئے پینلز کی مینوفیکچرنگ کر رہا ہے، چین کا یہ اقدام پاکستان سمیت دنیا بھر میں سولر پینلز کی قیمتوں کے کریش ہونے کی بڑی وجہ بنا ہے۔دوسری جانب لیسکو نے سولر سسسٹم سے بجلی کی پیداوار کرنے والوں پر کڑی شرائط عائد کر دیں،ذرائع کے مطابق سولر پینلز سے بجلی کی بلنگ پر ” چیک کوڈ” لگا دیئے گئے ہیں، چیک کوڈ لگنے سے منظور شدہ لوڈ کے مطابق بلنگ ہو سکے گی۔ منظور شدہ لوڈ سسٹم کی بنیاد پر لیسکو میں صارفین ایک اعشاریہ 5 فیصد تک سولر سسٹم نصب کر سکتے ہیں،لیسکو کے صارفین نے منظور شدہ لوڈ سے زائد سسٹم نصب کر کے بجلی کی پیداوار شروع کر دیں۔
-

ایک بار پھر تیل سستا ہونے کا امکان،کتنی قیمت گرے گی؟
(سنگ میل نیوز)رواں ماہ پاکستانیوں کو دوسری بار خوشخبری ملے گی،16مئی سے پیٹرولیم مصنوعات میں بڑے پیمانے پر ریلیف کا امکان ہے۔
ذرائع کا بتانا ہے کہ اگلے 15 روز کیلئے پیٹرول کی قیمت میں 13روپے اور ڈیزل کی قیمت میں 8سے 9.50روپے فی لیٹر کی کمی ہو سکتی ہے۔انگریزی اخبار کی رپورٹ کے مطابق وزارت توانائی کے سینئر حکام کا کہنا ہے کہ ابتدائی اندازوں کے مطابق 16مئی 2024سے پیٹرول کی قیمت میں 13روپے فی لیٹر اور ڈیزل کی قیمت میں 8 سے 9.50روپے فی لیٹر کمی کا امکان ہے جیسا کہ عالمی قیمتیں بڑے پیمانے پر گر گئی ہیں جیساکہ ایران اسرائیل میزائل حملے ختم ہونے اور بحیرہ احمر میں کشیدگی میں کمی کے بعد مشرق وسطیٰ میں استحکام لوٹ آیا ہے۔
حکومت کی طرف سے یہ موجودہ مہینے میں لگاتار دوسرا ریلیف ہوگا جیساکہ یکم مئی 2024سے حکام نے موٹر اسپرٹ (ایم ایس) کی قیمت کو 5.45روپے فی لیٹر کم کرکے 293.94 روپے فی لیٹر سے کم کرکے 288.49روپے فی لیٹر کر دیا۔ اسی طرح ڈیزل کی قیمت بھی یکم مئی سے 8.42 روپے فی لیٹر کم ہوکر290.38روپے سے کم ہوکر 281.96روپے ہو گئی۔
ذرائع کا کہنا ہے کہ مذکورہ امدادی منصوبوں پر ابتدائی تخمینوں کے مطابق بین الاقوامی منڈی میں پی او ایل مصنوعات کی گزشتہ 10دنوں کی تجارت کو مدنظر رکھتے ہوئے کام کیا گیا ہے۔
تاہم اگلے دو دنوں میں ریلیف کے بارے میں تخمینہ مزید پختہ ہو جائے گا۔یاد رہے کہ اس وقت حکومت پیٹرول اور ڈیزل پر پیٹرولیم لیوی کے طور پر 60روپے فی لیٹر بھی وصول کر رہی ہے جبکہ ڈیلرز کو دونوں مصنوعات پر 8.64فی لیٹر کا مارجن مل رہا ہے۔
تاہم ضلعی مارجن (اضافی مارجن سمیت) پٹرول اور ڈیزل پر فی لیٹر 7.87روپے بھی وصول کیے جاتے ہیں۔ -

کراچی : چینی اور روٹی کتنے کی ملے گی؟ سرکاری قیمتوں کا نوٹیفکیشن جاری…
(سنگ میل نیوز)کمشنر کراچی نے چینی اور روٹی کی سرکاری قیمت مقرر کر کے آخر کار نوٹیفکیشن جاری کر دیاگیا۔ نوٹیفکیشن کے مطابق چینی کی ہول سیل مارکیٹ میں قیمت 137 روپے کلو اور ریٹیل پرائس 140 روپے مقرر کر دی گئی ہے، 120 اعلامیے میں کہا گیا ہے کہ گرام تندوری نان کی قیمت 17 روپے اور 100 گرام چپاتی کی قیمت 12 روپے مقرر کی گئی ہے۔ کمشنر کراچی نے آٹے کے سرکاری نرخ جاری کر دیئے ہیں، چکی کا آٹا 123 روپے کلو کے حساب سے فروخت کیاجائے اور خلاف ورزی کرنے والوں کیخلاف ایکشن لیا جائے گا۔
دوسری جانب خیبرپختونخوا میں 100 گرام روٹی کی قیمت 15 روپے اور 200 گرام کی قیمت 30 روپے ہو گی، ڈی سی لاہور نے بھی روٹی نان کی نئی قیمت کا نوٹیفکیشن جاری کر دیا۔ 100 گرام روٹی کی قیمت 16روپے اور 120 گرام نان کی قیمت 20روپے مقرر کی گئی ہے۔ علاوہ ازیں لاہور میں روٹی کی قیمت میں کمی ہو گئی ہے، نئی قیمت 15 روپے مقرر کی گئی ہے،شہر کے بیشتر تندوروں پر روٹی کی پرانی قیمت پر فروخت جاری ہے،انارکلی بازار میں روٹی 15 کے بجائے 16 روپے میں فروخت ہو رہی ہے،ضلعی انتظامیہ مقررہ قیمت پر روٹی کی فروخت یقینی بنانے میں ناکام ہو گئی،کسی تندور پر بھی نئے نرخ آویزاں نہ کئے جا سکے۔ -

بڑھتا مالی خسارہ پاکستان کیلیے خطرناک قرار، عالمی بینک کی سبسڈیز ختم کرنے کی تجویز
اسلام آباد: عالمی بینک نے بڑھتے مالی خسارے کو ملکی معیشت کیلیے خطرناک قرار دیتے ہوئے سبسڈیز ختم کرنے سمیت دیگر تجاویز دی ہیں۔
پاکستانی معیشت کی بہتری کے لیے عالمی بینک نے قرضوں کی مینجمنٹ اور سنگل ٹریژری اکاؤنٹ قائم کرنے کی سفارش کرتے ہوئے کہا ہے کہ پاکستان غیر ضروری اخراجات اور سبسڈیز ختم کرکے سالانہ 2 ہزار 723 ارب روپے کی بچت کر سکتا ہے ۔نیز ریونیو میں اضافے، انتظامی اقدامات کے ذریعے جی ڈی پی کے 4 فیصد کے مساوی بچت ممکن ہے۔رپورٹ کے مطابق ترقیاتی بجٹ محدود کرنے سے 315 ارب بچائے جا سکتے ہیں۔
عالمی بینک نے وفاقی اخراجات کی جائزہ رپورٹ جاری کردی ہے، جس میں بی آئی ایس پی کے 90 فیصد خرچے سمیت متعدد معاملات صوبوں کے سپرد کرنے کا مشورہ دیتے ہوئےکہا گیا ہے کہ غیر ضروری اخراجات اور سبسڈیز ختم کرکے 2 ہزار 723 ارب روپے کی بچت باآسانی کی جا سکتی ہے۔
رپورٹ کے مطابق وفاقی حکو مت کا ٹیکس آمدن حصہ صرف 46 فیصد جب کہ اخراجات 67 فیصد ہیں۔ سود،سبسڈیز اور تنخواہوں کے اخراجات وفاقی حکومت پر بڑا بوجھ ہیں۔ اخراجات اور خسارے میں اضافہ 18 ویں ترمیم کے بعد ہوا۔ رپورٹ میں مزید کہا گیا ہے کہ غیر ضروری اخراجات،سبسڈیز ختم کرکے سالانہ 2 ہزار 723 ارب روپے کی بچت ممکن ہے۔بجٹ کا 70 فیصد تو انہی پر خرچ ہو جاتا ہے۔
رپورٹ میں کہا گیا کہ گزشتہ سال 7.9 فیصد مالی خسارہ 22 سال کی بلند ترین سطح پر پہنچ گیا،جس سے قرضوں کی شرح بھی 78 فیصد کی بلند سطح تک ریکارڈ کی گئی جب کہ پاکستان میں مجموعی محصولات جی ڈی پی کا 12.8 فیصد ہیں۔ عالمی بینک نے معیشت کی بہتری کے لیے قرضوں کی مینجمنٹ اور سنگل ٹریژری اکاؤنٹ قائم کرنے کی سفارش کرتے ہوئے کہا ہے کہ پاکستان غیر ضروری اخراجات اور سبسڈیز ختم کرکے سالانہ 2 ہزار 723 ارب روپے کی بچت کر سکتا ہے ۔ریونیو میں اضافے، انتظامی اقدامات کے ذریعے جی ڈی پی کے 4 فیصد کے مساوی بچت ممکن ہے۔
رپورٹ کے مطابق ترقیاتی بجٹ محدود کرنے سے 315 ارب بچائے جا سکتے ہیں۔ صحت و تعلیم صوبائی معاملہ ہے، ان کی مد میں 328 ارب روپے کی بچت ممکن ہے جب کہ بی آئی ایس پی کا 90 فیصد خرچہ صوبے اٹھائیں تو 217 ارب کی بچت ہوسکتی ہے ۔
-

صنعتی و تاجر برادری کا شرح سود میں اضافہ قبول کرنے سے انکار
کراچی: صدرایف پی سی سی آئی عرفان اقبال شیخ نے کہا ہے کہ پوری کاروباری، صنعتی اورتاجر برادری نے بیس پوائنٹس 21 فیصد ہو جانے والے پالیسی ریٹ کو قبول کرنے سے متفقہ طور پر انکار کر دیا ہے۔
صدرایف پی سی سی آئی عرفان اقبال شیخ نے حکومت کو واضح طور پر آگاہ کر دیاہے کہ پاکستان کی پوری کاروباری، صنعتی اورتاجر برادری نے آج کے 100 بیسس پوائنٹس کے مزید اضافے کے بعد 21 فیصد ہو جانے والے پالیسی ریٹ کو قبول کرنے سے متفقہ طور پر انکار کر دیا ہے، انھوں نے مزید کہا کہ اب کوئی بھی کمرشل بینک نجی شعبے کو 23.5سے 24 فیصد سے کم پر قرضہ نہیں دے گا۔
عرفان اقبال شیخ نے اسٹیٹ بینک کی مانیٹری پالیسی کی افادیت پر سوال اٹھاتے ہوئے کہا کہ گزشتہ 14 مہینوں میں مہنگائی کی شرح کو کم کرنے کیلیے انٹرسٹ ریٹ میں 11.25فیصد اضافہ کیے جانے کے باوجود کچھ بھی مطلوبہ پیش رفت حاصل نہیں ہو سکی ہے اور اگر حکومت کو یہ گورننس اور ریگولیٹری کی ناکامی نظر نہیں آتی ہے تو پھر حکومت کو اصلاح احوال کی طرف راغب کرنے کے لیے ناکامی کا منظر نامہ کیا ہوگا۔
عرفان اقبال شیخ نے بتایا کہ ایشیائی ترقیاتی بینک (ADB) نے آج ہی یعنی 4 اپریل 2023 کو پاکستان کی معاشی صورتحال سے متعلق اپنی تازہ ترین نیوز ریلیز میں مالی سال 2023 میں پاکستان کی اقتصادی ترقی کا تخمینہ صرف 0.6 فیصد رکھا ہے اور یہ تاریک معاشی منظرنامہ رجعت پسندانہ، آئی ایم ایف کی ظالمانہ ڈیکٹیشن پر مبنی اور معاشی کساد بازاری پر مبنی مانیٹری پالیسی کا براہ راست نتیجہ ہے جس نے کاروبار کے لیے فنانس تک رسائی کو بلکل ختم کر دیا ہے۔صدر ایف پی سی سی آئی نے اس بات پر بھی زور دیا کہ ہماری برآمدات مسلسل گر رہی ہیں اور مارچ 2023 میں مسلسل ساتویں مہینے پاکستان کی برآمدات میں کمی ہوئی ہے اور مارچ 2023میں یہ کمی سالانہ بنیادوں پر 14.76 فیصد ریکارڈ کی گئی ہے۔
-

تجارتی تصفیہ؛ پاکستان آر ایم بی استعمال کرنے والے ممالک میں شامل
اسلام آباد: پاکستان بین الاقوامی تجارتی تصفیے کیلئے آر ایم بی کا استعمال کرنے والے سرکردہ ممالک میں سے ایک ہے۔
انڈسٹریل اینڈ کمرشل بینک آف چائنا (آئی سی بی سی)کی کراچی برانچ آر ایم بی کلیئرنگ بینک کے طور پر کام کر رہی ہے، آر ایم بی سیٹلمنٹ سروس میں شامل ہونا پاکستان کیلئے اچھا ہے، پاکستانی روپیہ اور آر ایم بی ڈی ڈالرائزیشن پاک چین تجارت میں اہم کردار ادا کرے گا۔
گوادر پرو کے مطابق برازیل کی حکومت نے اعلان کیا کہ چین اور برازیل نے اپنی اپنی کرنسیوں میں تجارت کرنے کیلئے ایک معاہدہ کیا ہے، جس سے امریکی ڈالر کو ایک ثالث کرنسی کے طور پر رکھا گیا ہے۔
چینی وزارت خارجہ کے ترجمان مائو ننگ نے ایک پریس کانفرنس میں کہا کہ یہ اقدام برازیل میں رینمن بی ( آر ایم بی ) کلیرنگ کے قیام کیلئے اس سال کے شروع میں تعاون کی ایک یادداشت پر دستخط کے بعد اٹھایا گیا۔
-

روس سے خام تیل کا پہلا آزمائشی کارگو اپریل میں پاکستان لانے کی منصوبہ بندی جاری
اسلام آباد: روس سے خام تیل کا پہلا آزمائشی کارگو اپریل میں پاکستان لانے کی منصوبہ بندی جاری ہے۔
پٹرولیم ڈویژن کے ذرائع کا کہنا ہے کہ روس سے خام تیل کا یہ کارگو اپریل کے وسط کے بعد تک متوقع ہے۔روس سے تیل درآمد کے لیے ایس پی وی کمپنی کے قیام سمیت تمام امور پر کام جاری ہے۔ کمپنی کے قیام کے لیے ایس ای سی پی سے رابطہ کر رہے ہیں۔
-

غیر ملکی کمپنیوں کے منافع کی بیرون ممالک منتقلی میں نمایاں کمی
کراچی: اسٹیٹ بینک آف پاکستان کے مطابق معاشی بحران کی وجہ سے غیرملکی کمپنیوں کے منافع کی منتقلی میں نمایاں کمی ہوئی۔
پاکستان سے غیرملکی سرمایہ کاری پر منافع کی بیرون ملک منتقلی 80 فیصد کم ہوگئی، رواں مالی سال جولائی تا فروری سرمایہ کاروں نے 22 کروڑ 51 لاکھ ڈالر کا منافع منتقل کیا گیا، گزشتہ مالی سال کے اسی عرصہ میں ایک ارب 14 کروڑ 64 لاکھ ڈالر کا منافع منتقل کیا گیا تھا۔
براہ راست غیرملکی سرمایہ کاری سے 18 کروڑ 81 لاکھ ڈالر کا منافع منتقل کیا گیا، غیرملکی پورٹ فولیو سرمایہ کاری سے3 کروڑ 69 لاکھ ڈالر کا منافع منتقل کیا گیا۔
گزشتہ مالی سال جولائی تا فروری براہ راست غیرملکی سرمایہ کاری سے ایک ارب3 کروڑ 78لاکھ ڈالر کا منافع منتقل کیا گیا تھا۔ گزشتہ مالی سل جولائی تا فروری پورٹ فولیو سرمایہ کاری سے 10 کروڑ 86 لاکھ ڈالر کا منافع منتقل کیا گیا تھا۔
-

پاکستان کیساتھ تجارتی تعلقات مضبوط بنانے کیلیے تیار ہیں، روس
ماسکو: روس نے پاکستان کو اہم خارجہ پالیسی پارٹنر قرار دیتے ہوئے کہا کہ ہم تجارتی اور اقتصادی تعلقات کو مضبوط بنانے کیلیے تیار ہیں۔
روس نے یوم پاکستان پر پاکستانی عوام کو مبارک باد دیتے ہوئے کہا کہ اسلام آباد ماسکو کا اہم خارجہ پالیسی پارٹنر ہے اور دوستانہ تعلقات کیلئے سفارتی کام بہت زیادہ ہوا ہے۔
ترجمان روسی وزارت خارجہ ماریہ زاخارووا نے بیان میں کہا کہ پاکستان اور روس کے درمیان تعمیری سیاسی مذاکرات ہو رہے ہیں جبکہ ماسکو اور اسلام آباد عالمی اور علاقائی ایجنڈے کے ساتھ اہم مسائل پر قریبی موقف رکھتے ہیں، ہم تجارتی اور اقتصادی تعلقات کو مضبوط بنانے کے لیے تیار ہیں۔
افغان ریگولیشن اور دہشتگردی کے خلاف جنگ میں نتیجہ خیز تعاون جاری ہے اور مشترکہ توانائی کے منصوبوں پر تیزی سے عمل درآمد پر کوشاں ہیں۔
