لاہور:وزیر تعلیم رانا سکندر حیات نے سال 2025 کی کارکردگی بتاتے ہوئے کہا ہے کہ گزشتہ سال کی طرح 2025بھی تعلیم کی بہتری کیلئے اقدامات کا سال رہا۔ رواں سال 2 ملین کی گھوسٹ انرولمنٹ ختم کی۔ 26ہزار اساتذہ کی ریشنلائزیشن کر کے اساتذہ کی کمی کے مسئلہ پر قابو پایا۔ پہلی مرتبہ کریکلم ریفارمز پر تاریخی کام ہوا اور خصوصی توجہ مرکوز کرتے ہوئے کوالٹی آف ٹیچنگ میں بہتری لے کر آئے ۔
Category: تعلیم
-

خیبرپختونخوا حکومت نے سرمائی تعطیلات کے دوران امتحانات لینے پر پابندی عائد کر دی
پشاور: خیبرپختونخوا حکومت نے سرمائی تعطیلات کے دوران امتحانات لینے پر پابندی عائد کر دی۔پرائیویٹ سکولز ریگولیٹری اتھارٹی خیبرپختونخوا نے نجی سکولز کو مراسلہ جاری کر دیا، نجی سکولوں کو امتحانی شیڈول فوری واپس لینے کی ہدایت کر دی گئی۔مراسلے میں سرمائی تعطیلات میں امتحانات لینا خلافِ ضابطہ قرار دیا گیا ہے، خلاف ورزی پر نجی سکولوں کے خلاف کارروائی کا عندیہ دیا گیا ہے۔پرائیویٹ سکولز ریگولیٹری اتھارٹی خیبرپختونخوا کے مراسلے میں کہا گیا کہ عدم تعمیل پر پی ایس آر اے ایکٹ 2017 کے تحت کارروائی ہوگی۔
-

پنجاب حکومت کا تعلیمی بورڈز میں امتحانی نظام کو جدید ٹیکنالوجی پر منتقل کرنے کا اعلان
لاہور: پنجاب حکومت نے صوبے کے تمام تعلیمی بورڈز میں امتحانی نظام کو جدید ٹیکنالوجی پر منتقل کرنے کا اعلان کردیا۔اس فیصلے کے تحت تمام بورڈز میں امتحانات کی ای مارکنگ کی جائے گی جبکہ امتحانی مراکز پر حاضری کے لیے بائیومیٹرک سسٹم نصب کیا جائے گا۔چیئرمین ٹاسک فورس برائے امتحانات پنجاب مزمل محمود نے نجی ٹی وی سے گفتگو کرتے ہوئے بتایا کہ تمام تعلیمی بورڈز میں ای مارکنگ کا عمل متعارف کرایا جا رہا ہے تاکہ شفافیت اور میرٹ کو یقینی بنایا جا سکے، 2026 میں میٹرک اور انٹرمیڈیٹ کے کمپیوٹر امتحانات سے اس منصوبے کا پائلٹ مرحلہ شروع کیا جائے گا۔مزمل محمود کا کہنا تھا کہ صوبے بھر کے تمام امتحانی مراکز میں ڈیجیٹل حاضری کا نظام نصب ہوگا اور تمام طلبا کی حاضری بائیومیٹرک کے ذریعے لی جائے گا، کہ ڈیجیٹل اصلاحات کا یہ منصوبہ آئندہ تین برس میں مکمل طور پر نافذ کر دیا جائے گا۔چیئرمین ٹاسک فورس نے مزید کہا کہ تمام تعلیمی بورڈز کے لیے یکساں سوالات کا مرکزی بینک بھی قائم کیا جائے گا، جس سے امتحانی معیار میں بہتری اور یکسانیت پیدا ہوگی۔
-

سکولوں میں سموگ آگاہی مہم شروع کرنیکا فیصلہ تعلیمی اداروں میں آگاہی سیشنز،تقریری مقابلے ، پوسٹر وچارٹ ڈسپلے ، واکس ، ڈرامہ پرفارمنسز کا انعقاد کیا جائیگا، ٹریفک دھوئیں،کوڑا کرکٹ کو جلانے کے موضوع پر مکالمےطلبہ ماسک ، پانی کا زیادہ استعمال یقینی بنائیں،کھلی جگہوں پر غیر ضروری سرگرمیوں سے اجتناب کیا جائے ، سکول انتظامیہ کو تقریبات کی تصویری رپورٹ اپ لوڈ کرنیکی ہدایت
ملتان:سکولوں میں سموگ سے بارے آگاہی مہم شروع کرنے کافیصلہ، شیڈول جاری، شجرکاری مہم کی بھی ہدایت تفصیل کے مطابق طلبہ کی صحت کے تحفظ اور عوامی آگاہی کو یقینی بنانے کے لئے فوری طور پر مؤثر اور منظم اقدامات کافیصلہ کیاگیا ہے محکمہ سکولز کی طرف سے جاری مراسلے میں تنبیہ کی گئی ہے کہ فضائی آلودگی خصوصاً سموگ نے گزشتہ برسوں میں شہریوں بالخصوص بچوں کی صحت کو شدید نقصان پہنچایا ہے ، لہٰذا اس کے تدارک اور بچاؤ کے لئے ہر تعلیمی ادارے میں سرگرمیاں شروع کی جائیں سکولوں میں ماحولیاتی تحفظ سے متعلق خصوصی آگاہی سیشنز، تقریری مقابلے ، پوسٹر و چارٹ ڈسپلے ، واکس اور ڈرامہ پرفارمنسز کا انعقاد کیا جائے تاکہ طلبہ سموگ کے نقصانات اور اس کی وجوہات سے بخوبی آگاہ ہوں۔اس کے ساتھ ٹریفک دھوئیں کی روک تھام، کوڑے کرکٹ کو آگ لگانے کی ممانعت اور توانائی کے درست استعمال جیسے موضوعات پر بھی طلبہ کی تربیت کی جائے ۔مراسلے میں شجرکاری کو مہم کا اہم حصہ قرار دیتے ہوئے اداروں کو احکامات جاری کئے گئے ہیں کہ وہ سکول کی سطح پر پودے لگانے کی سرگرمیوں کو فروغ دیں اور بچوں میں ماحول دوست رویوں کی حوصلہ افزائی کریں سکول انتظامیہ کو پابند کیا گیا ہے کہ وہ طلبہ کو ماسک کے استعمال، پانی کی زیادہ مقدار لینے اور کھلی جگہوں پر غیر ضروری سرگرمیوں سے اجتناب کی تلقین کریں تمام سکولزاپنی سرگرمیوں کی تصویری و تحریری رپورٹ باقاعدہ بنیادوں پر متعلقہ ضلعی افسران کو ارسال کرے تاکہ مجموعی مہم کی مؤثر نگرانی اور نتائج کا جائزہ لیا جا سکے محکمہ سکولز نے والدین سے بھی اپیل کی ہے کہ وہ بچوں کی صحت کو ترجیح دیتے ہوئے ان کے حفاظتی تقاضوں پر مکمل عمل کریں سماجی ذمہ داری نبھاتے ہوئے ماحول کو آلودگی سے بچانے کے لئے اپنا کردار ادا کریں، کیونکہ سموگ کے خاتمے کے لئے حکومت اور عوام دونوں کی مشترکہ کوشش ناگزیر ہے ۔
-

فنڈز کی عدم فراہمی :38ہزار سکولوں میں تعمیراتی کام التوا کا شکار محکمہ سکول ایجوکیشن کیلئے رواں سال 40 ارب کے فنڈز مختص ،6ماہ گزرنے کے باوجود فنڈز کا اجرا نہ ہوسکاکئی سکولوں میں ڈبل شفٹ کے باوجود کلاس رومز ناکافی ،25ہزار نئے کلاس رومز بنانے کا منصوبہ بھی شروع نہ ہوسکا
لاہور:پنجاب کے سرکاری سکولوں میں سہولیات کے فقدان کو دور کرنے کا اہم منصوبہ تاحال التوا کا شکار ہے ، جس کے باعث صوبے بھر کے 38 ہزار سکولوں میں بنیادی تعلیمی ضروریات بری طرح متاثر ہو رہی ہیں۔ محکمہ سکول ایجوکیشن کے لیے رواں سال 40 ارب روپے کے فنڈز مختص کیے گئے تھے ، تاہم چھ ماہ گزرنے کے باوجود فنڈز کا اجرا نہ ہوسکا۔ ذرائع کے مطابق صوبے کے سکولوں میں 25 ہزار نئے کلاس رومز بنانے کا منصوبہ بھی فنڈز نہ ملنے کے باعث شروع نہ ہوسکا۔ تعمیراتی کاموں کے آغاز میں تاخیر سے سکولوں میں جگہ کی شدید کمی پیدا ہوگئی ۔ کئی سکولوں میں ڈبل شفٹ کے باوجود کلاس رومز ناکافی ہیں جس سے تدریسی عمل متاثر ہو رہا ہے ۔شدید سردی کے آغاز نے صورتحال مزید خراب کر دی ہے ۔ موسم کی سختی کے باوجود متعدد سکولوں میں بچے کھلے میدانوں یا برآمدوں میں پڑھنے پر مجبور ہیں۔ اس صورتِ حال سے نہ صرف پڑھائی متاثر ہو رہی ہے بلکہ بچوں میں نزلہ، زکام، کھانسی اور دیگر موسمی بیماریوں کے خدشات بھی بڑھ گئے ہیں۔ ہزاروں سکولوں میں فرنیچر کی شدید کمی بھی برقرار ہے ۔ کئی کلاسوں میں بچے فرش پر یا ٹوٹی کرسیوں پر بیٹھ کر پڑھنے پر مجبور ہیں۔والدین اور اساتذہ نے حکومت سے پرزور مطالبہ کیا ہے کہ فنڈز فوری جاری کیے جائیں۔ان کا کہنا ہے کہ بڑھتے ہوئے داخلوں کے باوجود سہولیات میں بہتری نہ آنا تعلیمی نظام کے لیے خطرناک ہے ۔
-

کے پی حکومت نے انصاف فیمیل ایجوکیشن کارڈ کا اجراء کردیا
پشاور: خیبرپختونخوا حکومت نے انصاف فیمیل ایجوکیشن کارڈ کا اجراء کردیا۔وزیراعلیٰ خیبرپختونخوا سہیل آفریدی نے کہا کہ خواتین کو اعلیٰ تعلیم کے ذریعے بااختیار بنانا ہماری ترجیح ہے، تعلیم یافتہ خواتین مضبوط، خوشحال اور باشعور معاشرے کی ضمانت ہیں، انصاف فیمیل ایجوکیشن کارڈ سے 55 ہزار طالبات باریوں تک مفت تعلیم سے مستفید ہوں گی۔انہوں نے کہا کہ پی ٹی آئی حکومت خواتین کو ترقی کے ہر میدان میں برابر مواقع دے رہی ہے، آئندہ بجٹ میں خواتین کی تعلیم کے لیے مزید فنڈز مختص کیے جائیں گے ، پی ٹی آئی دور میں تعلیم کے شعبے میں شفاف اور نتیجہ خیز اقدامات کیے گئے۔وزیراعلیٰ کے پی کے نے مزید کہا کہ یہ کارڈ خواتین کے لیے امید، خود اعتمادی اور وقار کی نئی علامت ہے، خیبر پختونخوا خواتین کی اعلیٰ تعلیم کے فروغ میں ماڈل صوبہ بنے گا۔سہیل آفریدی نے اس موقع پر ایم ڈی کیٹ ٹیسٹ پاس کرنے والے یتیم طلبہ کے لیے مفت اعلیٰ تعلیم فراہم کرنے کا بھی اعلان کیا۔
-

تعلیم میں ترقی ہی ملکی روشن مستقبل کی ضمانت ہے :عطا تارڑ وزیراعظم شہباز شریف نے نوجوانوں کو بااختیار بنانے کی پالیسیاں بنائیں نوجوانوں کو مساوی مواقع میسر آرہے :یونیورسٹی کانووکیشن سے خطاب
لاہور:وفاقی وزیر اطلاعات و نشریات عطا اﷲتارڑ نے کہا ہے کہ تعلیم میں ترقی ہی ملک اور معاشرے کے روشن مستقبل کی ضمانت ہے ، پاکستان کے نوجوانوں کے ہنر اور تخلیقی صلاحیتوں کی دنیا معترف ہے ، وزیراعظم شہباز شریف نے نوجوانوں کو بااختیار بنانے کی پالیسیاں بنائیں، پورے ملک کے نوجوانوں کو مساوی مواقع میسر آرہے ہیں۔ اتوار کو مقامی یونیورسٹی لاہور کے کانووکیشن سے بذریعہ ویڈیو لنک خطاب کرتے ہوئے وفاقی وزیر اطلاعات نے یونیورسٹی کے فارغ التحصیل طلبہ کیلئے نیک خواہشات کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ طلبا جو خواب لے کر اپنی فیلڈ میں آئے اور آج اس مقام پر پہنچے ، میں ان کی محنت کو سراہتا ہوں،یونیورسٹی کی فیکلٹی، وائس چانسلر، چیئرمین بورڈ آف گورنرز کو مبارکباد پیش کرتا ہوں ، علم حاصل کرنا اور اسے آگے لوگوں تک پہنچانا بہت ہی اہم فریضہ ہے ۔ وفاقی وزیر عطا اﷲتارڑ نے کہا کہ ملک کی ترقی کیلئے تعلیمی اداروں، اساتذہ اور طلبا کا بڑا کردار ہے ، ہماری آبادی کا 68 فیصد حصہ نوجوانوں پر مشتمل ہے ، نوجوانوں کو سکلز کے ساتھ تربیت دینا وقت کی اہم ضرورت ہے جسے یونیورسٹی احسن طریقے سے سرانجام دے رہی ہے ۔
-

انٹرمیڈیٹ امتحانات، جعلی امیدوار پکڑا گیا، پولیس کے حوالے
راولپنڈی : کنٹرولر امتحانات تعلیمی بورڈ راولپنڈی تنویر اصغر اعوان نے انٹرمیڈیٹ دوسرا سالانہ امتحان 2025کے سلسلے میں مختلف امتحانی مراکز کا دورہ کیا۔ امتحانی مرکز گورنمنٹ تعلیم القران ہائی سکول ٹیکسلا میں ایک امیدوار کی جگہ جعلی امیدوار پیپر دیتے ہوئے رنگے ہاتھوں پکڑا گیا۔ امیدوار دانیال کے پیپر اسلامک سٹڈیز کی جگہ سیف الرحمن بیٹھا تھا، دونوں امیدوار پولیس کے حوالے، ایف آئی آر کیلئے متعلقہ تھانے کو رپورٹ ارسال کر دی گئی۔
-

فیڈرل بورڈ میں پوزیشن ہولڈرز میں میڈلز، انعامات تقسیم
اسلام آباد:فیڈرل بورڈ آف انٹرمیڈیٹ اینڈ سیکنڈری ایجوکیشن کی 38 ویں میڈل اور انعامات تقسیم کرنے کی تقریب میں وفاقی وزیر تعلیم و پیشہ ورانہ تربیت خالد مقبول صدیقی نے بطور مہمانِ خصوصی شرکت کی۔انہوں نے کامیاب طلبہ کو مبارکباد دیتے ہوئے کہا مجھے اپنے طلبہ کی شاندار کارکردگی پر بے حد فخر ہے، خصوصاً ہماری طالبات پر جو 26 پوزیشن ہولڈرز میں اکثریت میں ہیں۔ قوم کی بیٹیاں زندگی کے ہر شعبے میں اپنی صلاحیت اور عزم سے نمایاں کامیابیاں حاصل کر رہی ہیں۔ میری خواہش ہے کہ آئندہ سال یہ تعداد مزید بڑھے اور ہمارا نوجوان طبقہ اسی طرح ترقی کرتا رہے، تاکہ پاکستان کا نام پوری دنیا میں فخر کے ساتھ روشن ہو۔ تقریب کے دوران سونے، چاندی اور کانسی کے تمغے ، نیز لیپ ٹاپس، سرٹیفکیٹس اور نقد انعامات 26 نمایاں طلبہ میں تقسیم کیے گئے۔
-

ریجنل ٹرانسپورٹ منسٹرز کانفرنس 2025 کے انتظامات مکمل، وزیراعظم افتتاح کریں گے
اسلام آباد: ریجنل ٹرانسپورٹ منسٹرز کانفرنس 25، وزیر اعظم پاکستان کل افتتاحی سیشن میں مہمان خصوصی ہوں گے۔2 روزہ ریجنل ٹرانسپورٹ منسٹرز کانفرنس 2025 اسلام آباد میں 23 اور 24 اکتوبر کو منعقد ہوگی، کانفرنس کے انتظامات کو حتمی شکل دے دی گئی ہے۔کانفرنس میں مختلف ممالک کے وزرائے ٹرانسپورٹ اور عالمی اداروں کے نمائندگان شریک ہوں گے، سعودی عرب، ترکیہ، آذربائیجان، ازبکستان، قازقستان کے وزراء ٹرانسپورٹ شرکت کریں گے۔ایران، بیلاروس، ترکمانستان، سری لنکا اور مالدیپ سمیت دیگر ممالک کے وزراء بھی شریک ہوں گے، اے ڈی بی، ای سی او، آئی آر یو، یو این ایس جی کے مندوبین بھی اس کانفرنس میں موجود ہوں گے۔اس موقع پر ایکسپو کا انعقاد ہوگا جو 25 اور 26 اکتوبر کوعوام الناس کے لئے ہوگی، وفاقی وزراء ریلویز، تجارت، میری ٹائم افیئرز، پلاننگ اور متعلقہ افسران بھی شریک ہوں گے۔ریجنل ٹرانسپورٹ منسٹرز کانفرنس2025 جناح کنونشن سینٹر اسلام آبادمیں منعقد ہونے جا رہی ہے، کانفرنس کے اختتامی سیشن میں ڈپٹی وزیر اعظم مہمان خصوصی ہوں گے۔
