Deprecated: Creation of dynamic property EPS_Redirects_Plugin::$settings is deprecated in /home2/sangemee/public_html/wp-content/plugins/eps-301-redirects/plugin.php on line 55

Warning: Cannot modify header information - headers already sent by (output started at /home2/sangemee/public_html/wp-content/plugins/eps-301-redirects/plugin.php:55) in /home2/sangemee/public_html/wp-content/themes/twentytwentyfive/functions.php on line 296
بین الاقوامی – Page 177 – Sange Meel News: Latest news, breaking news, Pakistan

Category: بین الاقوامی

  • یقین ہے امریکا پاکستان کو تیل کی فراہمی کے معاہدے میں رکاوٹ ڈالے گا، روس

    یقین ہے امریکا پاکستان کو تیل کی فراہمی کے معاہدے میں رکاوٹ ڈالے گا، روس

    ماسکو: روس کے وزیر خارجہ سرگئی لاوروف کا کہنا ہے کہ یقین ہے امریکا روس کی جانب سے پاکستان کو تیل فراہم کرنے کے معاہدے میں رکاوٹ ڈالے گا۔

    ماسکو میں وزیرخارجہ بلاول بھٹو زرداری کے ساتھ پریس کانفرنس سے خطاب میں روسی وزیرخارجہ سرگئی لاوروف کا کہنا تھا کہ امریکا سب سے کہہ رہا ہے کہ روس کے ساتھ معاملات نہ کیے جائیں۔ امریکا بڑے غرور سے کام لے رہا ہے اور اسے شرم بھی نہیں آتی۔

    روسی وزیر خارجہ کا مزید کہنا تھا کہ امریکا نے حالیہ عرصے میں چین ،بھارت اور ترکی پردباؤ ڈالا ہے۔ کوئی ایسا ملک نہیں جسے نئے سامراج امریکا کی طرف سے پیغامات نہ ملے ہوں۔

    سرگئی لاوروف نے کہا کہ اس صورتحال میں بھی پاکستان سمیت ایسے ملکوں کی اکثریت موجود ہے جو اپنے جائز قومی مفادات کا خیال رکھتے ہیں۔ انہیں اپنی معیشت بہتر بنانے اور عوام کے مفاد میں دلچسپی ہے۔ مغربی ممالک روس پر نہ صرف پابندیاں لگا سکتے ہیں بلکہ دہشتگردی بھی کروا سکتے ہیں جیسا کہ سمندر میں روس کی گیس پائپ لائن کے ساتھ کیا گیا۔

  • پاکستانی فنکارہ شازیہ سکندر کا بنایا مجسمہ امریکی عدالت کے باہر نصب

    پاکستانی فنکارہ شازیہ سکندر کا بنایا مجسمہ امریکی عدالت کے باہر نصب

    نیویارک: پاکستان نژاد امریکی فنکارہ شازیہ سکندر کا بنایا ہوا مجسمہ ’لیڈی جسٹس‘ امریکی عدالت کے باہر نصب کیا گیا ہے۔

    یہ مجسمہ ’جسٹس‘ کے متعلق خواتین کی طرف سے پہلی پیشکش ہے اور اسے مین ہٹن میں نیویارک اپیلینٹ کورٹ ہاؤس کے باہر رکھا گیا ہے۔

    امریکی میڈیا سے گفتگو میں شازیہ سکندر کا کہنا تھا کہ اس مجسمے کی ثقافتی سطح پر بہت ضرورت تھی کیوں کہ پوری دنیا میں طاقت کی پیشکش کے روایتی انداز میں تبدیلی آرہی ہے۔

    شازیہ سکندر کا مجسمہ اس حوالے سے بھی اہم ہے کہ امریکہ میں خواتین کے پیداواری حقوق پر بحث جاری ہے کیوں کہ امریکی سپریم کورٹ نے ایبورشن کے آئینی حق کو ختم کردیا تھا۔

    فنکارہ نے اپنے بیان میں لکھا کہ بطور انصاف خواتین کے تصور کو صدیوں سے پیش کیا جارہا ہے لیکن اسے اپنے حق میں بولنے کی آواز پچھلی صدی میں ملی ہے۔

  • امریکا کے دیوالیہ ہونے کا خدشہ؛ صدر اور اپوزیشن سر جوڑ کر بیٹھنے کو تیار

    امریکا کے دیوالیہ ہونے کا خدشہ؛ صدر اور اپوزیشن سر جوڑ کر بیٹھنے کو تیار

    واشنگٹن: قرضوں کے بوجھ تلے دبے امریکا کے دیوالیہ کرجانے کے خدشات بڑھ گئے ہیں جس پر ایوان نمائندگان کے اسپیکر، صدر جوبائیڈن سے ملاقات کے لیے راضی ہوگئے۔

    عالمی خبر رساں ادارے کے مطابق امریکی ایوان نمائندگان میں حکومتی اور اپوزیشن ارکان کی تعداد کم و بیش برابر ہونے کے باعث کئی بار ووٹنگ کے نتیجے میں بمشکل تمام اسپیکر منتخب ہونے والے کیون میکارتھی نے بالآخر صدر جوبائیڈن سے ملاقات کا فیصلہ کرلیا۔

    خیال رہے کہ حکومتی اخراجات کو پورا کرنے کے لیے مزید قرض لینے کی منظوری ایوان نمائندگان سے لینا ہوتی ہے جہاں اکثریت اپوزیشن جماعت کی ہے جس کے اسپیکر ٹرمپ کی جماعت کے رکن کیون میکارتھی ہیں اور اپنے انتخاب کے بعد سے صدر جوبائیڈن سے ملنے سے گریز کر رہے تھے۔

    اس غیر متوقع ہونے والی ملاقات کے حوالے سے نومنتخب اسپیکر نے ٹی وی ٹاک شو میں بتایا کہ وہ بدھ کو صدر جوبائیڈن سے ملاقات کریں گے جس میں ملک کے دیوالیہ ہو جانے کے خدشات اور حکومتی اخراجات میں کمی پر مذاکرات کریں گے۔

    اسپیکر کیون میکارتھی کا مزید کہنا تھا کہ امریکا اپنے قومی قرضوں میں ڈیفالٹ نہیں کرے گا تاہم حکومتی اخراجات جو جون میں 31.4 ٹریلین ڈالر کے اخراجات کی حد تک پہنچ گئے ہیں، جوبائیڈن انتظامیہ کو اس میں اضافہ نہ کرنے کی یقین دہانی کرانا ہوگی۔

    ٹرمپ کی جماعت سے تعلق رکھنے والے اسپیکر نے خبردار کیا کہ حکومت اپنے اخراجات کی مد میں سالانہ جمع کیے گئے ٹیکس سے زیادہ خرچ نہیں کر سکتی۔ اسی طرح قرضوں کی حد کو بھی مقرر کرنے کی ضرورت ہے۔

    دوسری جانب صدر جوبائیڈن اور ان کی جماعت ڈیموکریٹس کے ارکان مستقبل کے اخراجات سے منسلک قرض کی حد کو بڑھانے کی منظوری چاہتے ہیں لیکن ایوان نمائندگان میں حکومتی ارکان کے مقابلے میں اپوزیشن جماعت ری پبلکنز کے 10 ارکان زیادہ ہیں۔

    عددی اکثریت کی بنیاد پر اپوزیشن جماعت نے سالانہ خسارے کو روکنے کے لیے نئے اخراجات پر حد لگانے کا مطالبہ کیا ہے جو کہ سالانہ 1 ٹریلین ڈالرز سے بھی زیادہ ہوتے ہیں۔

  • غیرقانونی تارکین وطن واپس بلائیں ورنہ ویزا پابندیاں لگائیں گے، یورپی یونین

    غیرقانونی تارکین وطن واپس بلائیں ورنہ ویزا پابندیاں لگائیں گے، یورپی یونین

    برسلز: یورپی یونین نے پاکستان سمیت مختلف ممالک کے غیر قانونی تارکین وطن کو واپس نہ بلانے پر ویزا پابندیاں لگانے کی دھمکی دے دی۔

    یورپی کمیشن کی سربراہ ارسلا وان ڈیرلیین کی جانب سے یورپی یونین کے رکن ممالک کے رہنماؤں کو خط لکھا گیا ہے جس میں پاکستان، بنگلادیش، مصر، مراکش اور کئی دیگر ممالک کے غیر قانونی تارکین وطن کا ذکر بھی کیا گیا ہے۔

    خط میں کہاگیا ہے کہ یورپی یونین خطے کے محفوظ ممالک کی فہرست تیار کرے اور بحیرہ روم اور مغربی بلقان کے ان راستوں پر سرحدی نگرانی کو سخت بنائے جو تارکین وطن یورپ جانے کے لیے استعمال کرتے ہیں۔

    یورپی یونین نے پاکستان، بنگلادیش، مصر، مراکش، تیونس اور نائیجیریا جیسے ممالک کے ساتھ تارکین وطن سے متعلق معاہدے کرنے کا منصوبہ بنایا ہے تاکہ واپسی کے عمل کو بہتر بنایا جا سکے۔

    سربراہ یورپی کمیشن کا یہ خط یورپی یونین کے 9 اور 10 فروری کے سربراہی اجلاس سے قبل بھیجا گیا ہے۔

  • ایران کو جوہری ہتھیاروں سے روکنے کیلیے کچھ بھی کر سکتے ہیں، امریکی دھمکی

    ایران کو جوہری ہتھیاروں سے روکنے کیلیے کچھ بھی کر سکتے ہیں، امریکی دھمکی

    واشنگٹن: امریکا کے وزیر خارجہ انٹونی بلنکن نے کہا ہے کہ ایران کو جوہری ہتھیاروں کے حصول سے روکنے کے لیے تمام آپشنز موجود ہیں۔

    عرب میڈیا کو انٹرویو میں امریکی وزیر خارجہ انٹونی بلنکن کا کہنا تھا کہ امریکی صدرجو بائیڈن نے ایران کو جوہری ہتھیار حاصل کرنے سے روکنے کے عزم کو دہرایا ہے اور اسے یقینی بنانے کے لیے امریکا کے پاس تمام آپشنز موجود ہیں۔

    انہوں نے کہا کہ ایران نے جوہری معاہدہ میں دوبارہ شمولیت کو مسترد کردیا ہے تاہم امریکا اب بھی ایران کا مسئلہ حل کرنے کے لیے سفارت کاری کو سب موثر طریقہ سمجھتا ہے۔
    امریکی وزیر خارجہ نے کہا کہ ایران میں حکومت کی تبدیلی کا فیصلہ عوام پرمنحصر ہے لیکن ایرانی حکومت اپنے لوگوں کواس بات پر قائل کرنے کی کوشش کررہی ہے کہ امریکا حکومت تبدیل کرنا چاہتا ہے۔

  • مودی سرکار کی مسلم تاریخ مٹانے کی مہم، ایوان صدر کے مغل گارڈن کا نام تبدیل

    مودی سرکار کی مسلم تاریخ مٹانے کی مہم، ایوان صدر کے مغل گارڈن کا نام تبدیل

    نئی دلی: مودی سرکار میں مسلم تاریخ مٹانے کی مہم زور پکڑ گئی۔ ایوان صدر کے تاریخی مغل گارڈن کا نام تبدیل کردیا گیا۔

    بھارتی میڈیا کے مطابق بھارتی دارالحکومت نئی دہلی میں واقع ایوان صدر کے مغل گارڈن کا نام تبدیل کر کے ’امرت اددیان‘ رکھ دیا گیا ہے۔

    کانگریس اوردیگر اپوزیشن جماعتوں نے مودی سرکار کی حرکت کو شدید تنقید کا نشانہ بنایا ہے۔ کانگریس رہنما راشد علوی نے سوال کیا کہ حکومت مغل گارڈن کا نام کیوں بدل رہی ہے؟ کیا اسے بی جے پی نے بنایا تھا؟ کیا آپ لال قلعہ اور تاج محل کا نام بھی بدل دیں گے؟جہاں وزیر اعظم رہتے ہیں اسے بھی انگریزوں نے بنایا تھا، کیا اس کو بھی گرا دیا جائے گا۔
    تاریخی مغل گارڈن 15 ایکڑ پر پھیلا ہوا ہے جسے 1917 میں سر ایڈون لوٹینز نے ڈیزائن کیا تھا۔ مغل گارڈن دنیا کے تمام معروف پھولوں کی خوشبو سے معطر رہتا ہے۔ یہاں ہالینڈ کے ٹیولپس، برازیل کے آرکڈز، جاپان کے چیری کے پھول اور دیگر موسمی پھولوں کے ساتھ چین سے لائے جانے والے کنول کے پھول بھی ہیں۔ مغل گارڈن میں مغل طرز کی نہریں اور چبوترے بھی ہیں۔

    مغل گارڈن کو سال میں ایک مرتبہ عوام کے لیے کھولا جاتا ہے۔

  • متحدہ عرب امارات میں 3 دن بارشوں کے بعد درجہ حرارت منفی ہوگیا

    متحدہ عرب امارات میں 3 دن بارشوں کے بعد درجہ حرارت منفی ہوگیا

    ابو ظہبی: متحدہ عرب امارات میں تین دن سے ہونے والی مسلسل بارشوں کے بعد درجہ حرارت کم ترین سطح پر آگیا جب کہ کچھ علاقوں میں منفی بھی ریکارڈ کیا گیا۔

    متحدہ عرب امارات کی نیشنل سینٹر آف میٹرولوجی کے مطابق رواں موسم سرما میں درجہ حرارت پہلی بار کم ترین سطح پر آ گیا کئی علاقوں میں یہ 1.9 ڈگری ریکارڈ کیا گیا جب کہ پہاڑی علاقوں میں کہیں کہیں درجہ حرارت نکتہ انجماد کو چھو گیا۔

    سوشل میڈیا پر وائرل ہونے والی ویڈیوز میں ایک پہاڑی علاقے کے تالاب کو جما ہوا دیکھا جا سکتا ہے۔ شارجہ کے اس تالاب کو دیکھنے کے لیے سیاح بڑی تعداد میں پہنچ گئے۔

    انسٹاگرام پر ایک پوسٹ میں نثار احمد کونالور نے لکھا کہ پہاڑی سڑک پر 8.5 کلومیٹر کا سفر کرتے ہوئے ایک جمے ہوئے تالاب پر پہنچے ہیں۔ ساتھ میں اہل خانہ بھی ہے اور ہم نے بمشکل چائے بنائی۔

    خیال رہے کہ گزشتہ ہفتے ابوظہبی کے ایک صحرا کو سفید چادر نے ڈھانپ لیا تھا جب کہ شہروں میں مسلسل تین دن سے بارش ہو رہی ہے۔ 118 ملی میٹر بارش سے موسم مزید سرد ہوگیا۔

    نیشنل سینٹر آف میٹرولوجی نے پیشن گوئی کی ہے کہ آج صبح موسم صاف ہوگیا۔ اگلے پانچ دنوں تک بارش کا امکان نہیں تاہم موسم جزوی طور پر ابر آلود رہے گا البتہ 31 جنوری کو درجہ حرارت میں اضافے کا امکان ہے۔

  • چین کیساتھ 2025 میں ممکنہ جنگ کے لیے امریکی فوج کی تیاریاں شروع

    چین کیساتھ 2025 میں ممکنہ جنگ کے لیے امریکی فوج کی تیاریاں شروع

    واشنگٹن: امریکی فضائیہ کے ایک اعلیٰ افسر نے امکان ظاہر کیا ہے کہ تائیوان کے مسئلے پر 2025 کے اوائل میں چین کے ساتھ جنگ ہوسکتی ہے جس کے لیے فورسز تیاریاں شروع کردیں۔

    عالمی خبر رساں ادارے کے مطابق امریکا کے ایئر موبلٹی کمانڈ کے سربراہ جنرل مائیک منیہن نے اپنی فورسز کو جنگ کی تیاریوں اور یونٹوں کی پیشقدمی کی ہدایت جاری رکتے ہوئے خبردار کیا ہےکہ تائیوان کے معاملے 2025 کے شروع پر چین سے جنگ چھڑ سکتی ہے۔

    جنرل مائیک منیہن نے اپنے کمانڈرز پر زور دیا ہے کہ وہ ابھی سے زیادہ سے زیادہ جنگی تیاریاں کرنا شروع کردیں۔ فائرنگ رینج میں جائیں، ایک کلپ فائر کریں اور سر کا نشانہ لینے کی مشق کریں۔
    امریکا کے ایئر موبلٹی کمانڈ کے سربراہ نے یہ تمام باتیں ایک میمورنڈم کے ذریعے حکومت کو پیش کی جس کی تصدیق پینٹاگون نے بھی کی اور اب سوشل میڈیا پر پہلی بار اس کے مندرجات سامنے آئے ہیں۔

    میمورنڈم میں متوقع جنگ کی دلیل کے طور پر جنرل مائیک منیہن نے مؤقف اپنایا کہ آئندہ برس تائیوان کے صدارتی انتخابات ہوں گے جس میں چین کے صدر شی جنپنگ امریکا پر فوجی جارحیت کا الزام عائد کرکے جنگ مسلط کرنے کا بہانہ پیش کریں گے۔

    ادھر پینٹاگون کے ترجمان نے جنرل مائیک منیہن کے میمورنڈم کی تصدیق کرتے ہوئے کہا کہ حالیہ کچھ مہینوں سے ایسا لگتا ہے کہ چین تائیوان پر قبضہ کرنے کے لیے اپنے ٹائم فریم کو تیز کر رہا ہے۔

    خیال رہے کہ چین نے گزشتہ برس اگست میں اس وقت بڑی بڑی فوجی مشقیں کیں جب امریکی پارلیمنٹ کی اسپیکر نینسی پیلوسی نے تائیوان کا دورہ کیا تھا۔ چین نے انھیں دورے سے روکنے کے لیے حملے کی دھمکی بھی دی تھی۔

  • سعودی عرب میں ملازمین کے اوقات کار سے متعلق اہم ہدایات جاری

    سعودی عرب میں ملازمین کے اوقات کار سے متعلق اہم ہدایات جاری

    ریاض: سعودی عرب کے وزارت افرادی قوت نے خبردار کیا ہے کہ ملازمین سے مسلسل 5 گھنٹے سے زیادہ کام نہیں لیا جا سکتا اور ہفتے میں ڈیوٹی کا مجموعی دورانیہ 48 گھنٹے سے زیادہ ہونا چاہیے۔

    عرب میڈیا کے مطابق سعودی وزارت افرادی قوت نے وضاحت کی کہ بغیر وقفے کے مسلسل 5 گھنٹے تک کام کرانا مناسب نہیں۔ پانچ گھنٹے کے دوران ایک گھنٹا وقفہ ہونا چاہیے۔

    وزارت افرادی قوت نے اپنے بیان میں مزید کہا کہ ہفتے میں ڈیوٹی کا مجموعی دورانیہ 48 گھنٹے سے زیادہ نہیں ہونا چاہیے اور ماہ رمضان میں روزہ داروں کو 2 گھنٹے کی چھوٹ دینی چاہیے۔
    اوور ٹائم کے حوالے سے سعودی وزارت افرادی قوت نے کہا کہ یہ یومیہ 2 گھنٹے سے زیادہ نہیں ہونا چاہیے یعنی اوور ٹائم ملا کر ایک ہفتے میں مجموعی طور پر 144 گھنٹے سے زیادہ کام نہ لیا جائے۔

    سعودی وزارت افرادی قوت نے یہ بیان اس وقت جاری کیا ہے جب ملازمین نے کام کے دورانیہ کے حوالے سے شکایتیں کی تھیں۔

  • ایران میں 5.9 شدت کا زلزلہ، تین افراد ہلاک

    ایران میں 5.9 شدت کا زلزلہ، تین افراد ہلاک

    تہران: ایران کے علاقے خوی میں 5.9 زلزلے کے جھٹکے سے تین افراد ہلاک اور سیکڑوں زخمی ہوگئے۔

    غیر ملکی میڈیا کے مطابق زلزلے کے باعث کچھ عمارتوں کے بنیادی ڈھانچے کو نقصان پہنچا جبکہ خوی کے آس پاس کے درجنوں دیہاتوں میں رہائشی عمارتوں کو زیادہ نقصان پہنچا ہے۔

    عمارتوں کے نقصان پہنچنے کے باعث دیہاتوں کو بجلی کی بندش کا سامنا بھی کرنا پڑ رہا ہے۔

    گزشتہ چند ماہ کے دوران خوی شہر میں کئی مرتبہ زلزلے کے شدید اور معمولی جھٹکے محسوس کیے گئے جس کی وجہ سے حکام نے کمزور رہائشی عمارتوں کو مضبوط کرنے کی کوشش کی ہے۔

    گورنر کا کہنا ہے کہ ہماری کوششوں سے نقصانات صرف ان علاقوں میں رپورٹ کیے گئے جہاں عمارتیں پرانی تھیں اور مضبوط نہیں تھیں۔