سرگودھا: مسلم لیگ (ن) کے پیر محمد امین الحسنات نے پاکستان تحریک انصاف میں شمولیت اختیار کر لی۔
اس موقع پر میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے پیر امین الحسنات نے کہا کہ میرے پاس محترم لوگ تشریف لائے ہیں، میرا جس بھی پارٹی سے تعلق رہا اچھا وقت گزرا ہے، اسد عمر کے ساتھ 5 سال اسمبلی میں گزارے ہیں، جب بھی انہوں نے گفتگو کی تو دلائل کے ساتھ کی، ہم اپنا دل آپ کے راستے میں بچھاتے ہیں، وقت گزرتا ہے تو اسباب پیدا ہوتے رہتے ہیں، اپنے دائیں بائیں بیٹھے تمام دوستوں کا شکر گزار ہوں۔
پاکستان تحریک انصاف کے رہنما اسد عمر نے میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ ہم پیر امین الحسنات کو خوش آمدید کہتے ہیں، اس علاقے اور پورے پاکستان کی بہتری کیلئے ہم ساتھ مل کر سفر جاری رکھیں گے، ہم وہ پاکستان بنانا چاہتے ہیں جس کا خواب ہمارے آباؤ اجداد نے دیکھا۔
شاہ محمود قریشی نے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ میں پیر حسنات شاہ کو خوش آمدید کہنے آیا ہوں، پیر امین الحسنات کی پارٹی میں شمولیت سےتحریک انصاف کو تقویت ملے گی، فواد چودھری کا کہنا تھا کہ پیر امین الحسنات اور ان کی تمام فیملی کا شکریہ ادا کرتا ہوں۔
سابق وزیر اطلاعات نے مزید کہا کہ مسلم لیگ ن سرگودھا سے عملی طور پر ختم ہو گئی، آج رہی سہی کسر پوری ہو گئی، یقین سے کہہ سکتا ہوں عمران خان کی رگ رگ میں عشق رسولؐ کا فلسفہ ہے، جس طرح عمران خان نے دین کیلئے خدمات سرانجام دیں سب کے سامنے ہیں۔
Blog
-

مسلم لیگ (ن) کے پیر امین الحسنات نے تحریک انصاف میں شمولیت اختیار کر لی
-

وزیراطلاعات سندھ شرجیل میمن کو دل کا دورہ، انجیوپلاسٹی کر دی گئی
حیدرآباد: وزیر اطلاعات سندھ شرجیل انعام میمن کو سینے میں تکلیف کے باعث ہسپتال منتقل کر دیا گیا۔
وزیر اطلاعات شرجیل انعام میمن کو سینے میں تکلیف کے باعث نیشنل انسٹیٹیوٹ آف کارڈیو ویسکیولر ڈیزیزز (این آئی سی وی ڈی) حیدرآباد منتقل کیا گیا۔
ڈاکٹرز کا کہنا ہے کہ شرجیل انعام میمن کے دل کی 2 شریانیں بند تھیں، انجیو گرافی کے بعد انجیو پلاسٹی کر دی گئی ہے، 2 اسٹنٹ ڈالے گئے ہیں۔
شرجیل میمن کی حالت اب پہلے سے بہتر ہے، انہیں 24 گھنٹوں بعد گھر منتقل کر دیا جائے گا۔ -
اعظم خان نگران وزیراعلیٰ خیبر پختونخوا تعینات، نوٹیفکیشن جاری
پشاور: اعظم خان کی بطور نگران وزیراعلیٰ خیبر پختونخوا تقرری کا نوٹیفکیشن جاری کر دیا گیا ہے۔
گورنر خیبر پختونخوا غلام علی کی جانب سے وزیراعلیٰ کیلئے اعظم خان کے نام کی منظوری دے دی گئی
واضح رہے کہ محمود خان اور اپوزیشن لیڈر اکرم خان درانی کی جانب سے گزشتہ روز گورنر کے پی کو نگراں وزیراعلیٰ کے نام کے حوالے سے مراسلہ ارسال کیا گیا تھا، دونوں رہنماؤں نے اعظم خان کے نام پر اتفاق کیا تھا۔
دونوں رہنماؤں کے درمیان ملاقات گزشتہ روز پشاور میں ہوئی، ملاقات کے بعد میڈیا سے گفتگو میں اکرم درانی کا کہنا تھا کہ دو، تین نام ان کے تھے، دو نام ہمارے پاس تھے، ہم نے مشورہ کیا کہ عوام کو مزید مشکلات میں نہیں ڈالیں گے، تاریخ میں پہلی بار اپوزیشن اور وزیراعلیٰ نے بیٹھ کراہم فیصلہ کیا۔
انہوں نے شکریہ ادا کرتے ہوئے کہا کہ اس موقع پر محمود خان، پرویز خٹک اور سپیکر کا مشکور ہوں
نگران وزیراعلیٰ خیبرپختونخوا کے لیے نامزد اعظم خان چیف سیکرٹری سمیت دیگر اہم عہدوں پر رہ چکے ہیں، وہ سابق نگراں وفاقی وزیر بھی رہے، اعظم خان پٹرولیم اور مذہبی امور کی وزارتوں کے وفاقی سیکرٹری بھی رہے۔ -
پنجاب کا نگران وزیراعلیٰ؟ فیصلہ الیکشن کمیشن کرے گا
لاہور: پنجاب کے نگران وزیراعلیٰ کی تقرری کے لئے حکومتی اتحاد اور اپوزیشن کی پارلیمانی پارٹی کسی نتیجے پر نہ پہنچ سکی، نگران وزیراعلیٰ کے تقرر کا فیصلہ اب الیکشن کمیشن کرے گا۔
لاہور میں سپیکر پنجاب اسمبلی سبطین خان کے زیر صدارت اجلاس بے نتیجہ ختم ہوگیا، پنجاب میں نگران وزیراعلیٰ کے عہدے پر تقرری کے لئے قائم پارلیمانی کمیٹی کسی بھی نام پر متفق نہ ہو سکی۔
حکومتی اتحاد کی جانب سے احمد نواز سکھیرا اور نوید اکرم چیمہ کے نام تجویز کیے گئے ہیں، جبکہ اپوزیشن نے محسن رضا نقوی اور احد چیمہ کو نامزد کررکھا ہے۔ -

روس سے مارچ کے بعد خام تیل، انرجی مصنوعات کی فراہمی شروع ہو جائے گی، مصدق ملک
اسلام آباد: وزیر پٹرولیم مصدق ملک نے کہا کہ روس سے مارچ کے بعد خام تیل اور دیگر انرجی مصنوعات کی فراہمی شروع ہو جائے گی۔
روس سے سستے تیل اور گیس خریدنے کے معاملہ پر وزیر پٹرولیم نے چند ہفتوں بعد روس سے پٹرولیم مصنوعات کی فراہمی کی نوید سنا دی، انہوں نے کہا کہ پاکستان اور روس میں انرجی سکیورٹی پر جامع پلان تیار کرنے پر اتفاق ہوا ے
مصدق ملک کا کہنا تھا کہ مارچ کے بعد روس سے خام تیل اور دیگر انرجی مصنوعات کی فراہمی شروع ہو جائے گی، روس سے اگلی سردیوں سے پہلے گیس کے حصول کیلئے بھی انتظامات کر لیے جائیں گے، تجارت کیلئے کرنسی کا طریقہ کار بھی طے کر لیا گیا ہے۔
وزیر پٹرولیم مصدق ملک نے کہا کہ سعودی عرب سمیت دیگر ممالک سے بھی مذاکرات چل رہے ہیں، پائپ لائن، ٹرمینلز کے امور پر بھی بات چیت چل رہی ہے۔ -

ملکی حالات ٹھیک کرنا ہماری ذمہ داری، پاکستان کو مشکلات سے نکالیں گے، نواز شریف
لندن: مسلم لیگ ن کے قائد محمد نواز شریف نے کہا ہے کہ ملکی حالات کو ٹھیک کرنا ہماری ذمہ داری ہے، ہم پاکستان کو مشکلات سے نکالیں گے۔
لندن میں میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے نواز شریف نے کہا کہ عمران خان کی 4 سالہ حکومت کا موازنہ ہمارے ساتھ نہ کیا جائے، ملک کے خراب ہوتے ہوئے حالات ٹھیک کریں گے۔
قائد مسلم لیگ ن کا کہنا تھا کہ عمران خان نے 4 سال قوم کے ساتھ گھناؤنا مذاق کیا، اس کے دور کی نسبت ہمارے دور میں لوگ خوشحال تھے۔
-

پی ٹی آئی کے مزید 35 اراکین قومی اسمبلی کے استعفے منظور
اسلام آباد: سپیکر قومی اسمبلی راجہ پرویز اشرف نے پی ٹی آئی کے مزید 35 اراکین قومی اسمبلی کے استعفے منظور کر لیے۔
سپیکر قومی اسمبلی کی جانب سے پی ٹی آئی کے جن اراکین اسمبلی کے استعفے منظور کیے گئے ہیں ان میں جنید اکبر، عثمان ترکئی، مجاہد علی، ارباب عامر ایوب، عندلیب عباس، ملیکہ بخاری شامل ہیں۔
اس کے علاوہ حیدر علی خان، سلیم رحمان، صاحبزادہ صبغت اللہ، محبوب شاہ، محمد بشیر کے استعفے بھی منظور کیے گئے ہیں۔
خسرو بخیتار اور عامرکیانی کے ساتھ ساتھ فخر امام اور کرامت کھوکھر بھی شامل ہیں۔
استعفے منظور ہونیوالوں میں شیر اکبر خان، علی خان جدون، شیر علی ارباب، شاہد احمد، گل داد خان، ساجد خان، محمد اقبال خان، سید فیض الحسن، شوکت علی بھٹی بھی شامل ہیں۔
عمر اسلم خان، امجد علی خان، خرم شہزاد، فیض اللہ، محبوب حسین قریشی، ابراہیم خان، طارق اقبال، اورنگزیب خان کھچی، عبدالمجید خان، اسماء قدیر، منور بی بی بلوچ کے بھی استعفے منظور کر لیے گئے ہیں۔
دوسری جانب الیکشن کمیشن کو پی ٹی آئی کے مزید 35 ارکان اسمبلی کے استعفے موصول ہو گئے ہیں، الیکشن کمیشن ضابطے کی کارروائی کے بعد جلد اراکین کوڈی نوٹیفائی کرنے کا نوٹیفکیشن جاری کرے گا۔
چند روز قبل بھی سپیکر قومی اسمبلی راجہ پرویز اشرف نے پاکستان تحریک انصاف کے 35 اراکین قومی اسمبلی کے استعفے منظور کیے تھے۔
-

لیونل میسی کی ٹیم نے رونالڈوکی سعودی آل اسٹارز کوشکست دے دی
ریاض: سعودی عرب میں کھیلے گئے کلب میچ میں لیونل میسی کی ٹیم نے رونالڈو کی ٹیم کو شکست دے دی۔
گزشتہ دنوں قطر میں کھیلے گئے فٹبال ورلڈ کپ کے بعد فٹ بال کے دونوں عظیم کھلاڑی کرسٹیانو رونالڈ اورلیونل میسی سعودی عرب کے دارالحکومت ریاض میں کھیلے گئے کلب میچ میں ایک دوسرے کے مدمقابل آئے۔
سعودی دارالحکومت ریاض کے شاہ فہد اسٹیڈیم میں کھیلے گئے میچ میں لیونل میسی کی قیادت میں پیرس سینٹ جرمین (پی ایس جی) نے کرسٹیانو رونالڈو کی قیادت میں سعودی آل اسٹارز ٹیم کو 4 کے مقابلے میں 5 گول سے شکست دے دی۔ نیویارک کے ٹائمزاسکوائرسے الریاض بلیوارڈ تک پی ایس جی اورسعودی ٹیم کا میچ براہ راست دکھایا گیا۔ لندن، قاہرہ اور کویت میں بھی میچ بڑی اسکرینوں پر دکھایا گیا۔
الریاض کے النصرکلب کے ساتھ معاہد ے کے بعد پرتگال کے اسٹرائیکر رونالڈوکا یہ پہلا میچ تھا۔ لیونل میسی کی قیادت میں پیرس سینٹ جرمین کے مدمقابل سعودی آل اسٹار ٹیم النصر اور ہلال کلب کے کھلاڑیوں پر مشتمل تھی۔میسی نے سعودی آل اسٹارز کے خلاف ابتدائی تین منٹ میں گول کرکے اپنی ٹیم کو برتری دلائی ۔کرسٹیانو رونالڈو نے پیرس سینٹ جرمین کے گول کیپرکیلورنواس کے ساتھ ٹکرکے بعد پیلنٹی حاصل کی اور پہلے ہاف کے آخر میں پینلٹی پرگول کر کے میچ برابر کر دیا۔
پہلے ہاف کے اختتام سے قبل پی ایس جی کے مارکوئنہوس نے گول کرکے اسکورکو 2-1 کردیا۔اس کے بعد رونالڈو نے اضافی وقت میں ایک بار پھرگول کرکے میچ برابرکردیا۔
دوسرے ہاف کے آغاز میں سرجیو راموس نے کیلیان ماپے کی مدد سے پی ایس جی کی طرف سے تیسرا گول کیا۔اس کے چند منٹ ہی بعد ہی الہلال کے ‘جنگ ہیون سو’ نے ایک اور گول کرکے سعودی اسٹارزکے لیے برابری حاصل کرلی۔
ماپے نے پی ایس جی کی جانب 60 ویں منٹ میں چوتھا گول کردیا۔78ویں منٹ میں پی ایس جی کی ٹیم نے ایک اور گول کردیا اور اسکور 5-3 کردیا۔ اس کے بعد النصرکے تالیسکا نے 93 ویں منٹ گول کردیا اورپی ایس جی نے 4 کے مقابلے میں 5 گول سے فتح حاصل کی ۔
-

کراچی میں ایک مرتبہ پھر یخ بستہ ہواؤں کا راج؛ سردی کی شدت میں اضافہ
کراچی: بلوچستان کی یخ بستہ ہواؤں نے پھر کراچی کا رخ کرلیا، جمعرات کو کم سے کم پارہ 9.5 ڈگری ریکارڈ ہوا۔
بلوچستان میں گذشتہ روز داخل ہونے والے ہواؤں کے نئے مغربی سلسلے کے شہر پر اثرات پڑنے شروع ہوگئے۔
بدھ اور جمعرات کی درمیانی شب شہر میں معمول سے تیز شمال مشرقی (بلوچستان) یخ بستہ ہوائیں چلنا شروع ہوئیں، جس کا سلسلہ پورے دن جاری رہا، ہواؤں کی رفتار ابتداء میں 20 کلومیٹر فی گھنٹہ جب کہ رات کے وقت 30 کلومیٹر فی گھنٹہ ریکارڈ ہوئی۔
شہر کے مضافات سمیت چندعلاقوں میں گرد آلود ہوائیں بھی چلیں، تیز ہواؤں کی وجہ سے سردی کی شدت میں ایک مرتبہ پھر اضافہ ہوگیا۔محکمہ موسمیات کے مطابق جمعرات کو کم سے کم پارہ 9.5 ڈگری جب کہ زیادہ سے زیادہ 26.4 ڈگری سینٹی گریڈ ریکارڈ ہوا، صبح کے وقت دھند کے سبب حد نگاہ ڈھائی کلومیٹر رہ گئی تھی۔
محکمہ موسمیات کے مطابق آج جمعے کو ہواؤں کی رفتار معتدل رہنے کا امکان ہے۔
چیف میٹرولوجسٹ کراچی سردار سرفراز کے مطابق 22 اور 23 جنوری کے درمیان سرد ہوائیں ایک مرتبہ پھر سردی کا سبب بن سکتی ہے۔
ان کا کہنا ہے کہ اس دوران کم سے کم پارہ 5 ڈگری سینٹی گریڈ ریکارڈ ہوسکتا ہے، سردی کی نئی لہرایک ہفتہ جاری رہ سکتی ہے۔
محکمہ موسمیات ارلی وارننگ سینٹر کے مطابق اگلے دو روز کے دوران شہر کا مطلع سرد اور خشک رہنے کی توقع ہے، آج (جمعے) کو کم سے کم پارہ 14 ڈگری ریکارڈ ہوسکتا ہے، نئے مغربی سسٹم کے سبب جیکب آباد، قمبرشہدادکوٹ، لاڑکانہ، سکھر سمیت دیگر اضلاع میں آج ہلکی بارش اور بوندا باندی کا امکان ہے۔