بالی وڈ کے مشہور گلوکار شان کی ممبئی میں واقع رہائشی عمارت فارچیون انکلیو میں آگ بھڑک اُٹھی جس کے نتیجے میں ایک خاتون کو تشویشناک حالت میں ریسکیو کر لیا گیا۔ بھارتی میڈیا رپورٹس کے مطابق یہ واقعہ باندرہ ویسٹ میں واقع شان کی رہائشی عمارت کی ساتویں منزل پر پیش آیا، جب کہ گلوکار شان 11 ویں فلور پر رہائش پذیر ہیں۔
آگ لگنے کی وجہ شارٹ سرکٹ بتائی جا رہی ہے، تاہم اس کی تصدیق ابھی تک نہیں ہو سکی۔ آتشزدگی کے بعد فوراً فائربریگیڈ کا عملہ موقع پر پہنچ گیا اور اس دوران 80 سالہ خاتون کو تشویشناک حالت میں ریسکیو کرتے ہوئے اسپتال منتقل کیا گیا۔
گلوکار شان نے اس حادثے کے بعد بیان دیا کہ “آگ بھڑکنے کے نتیجے میں میں اور میرے اہل خانہ محفوظ رہے۔ آگ ساتویں منزل پر لگی تھی، ہم نے 15 ویں منزل تک پہنچ کر خود کو محفوظ کیا اور پھر ریسکیو کا انتظار کرتے رہے۔ میں اور میرے اہل خانہ مکمل طور پر محفوظ ہیں۔”
یہ واقعہ شان کے مداحوں کے لیے تشویش کا باعث بنا، لیکن خوش قسمتی سے گلوکار اور اس کے خاندان کو کسی قسم کا نقصان نہیں پہنچا۔ اس حادثے نے ممبئی میں عمارتوں کی سیکیورٹی اور آگ سے بچاؤ کے انتظامات کی اہمیت کو دوبارہ اجاگر کیا ہے۔

Leave a Reply