2024 کے پہلے نو ماہ میں پاکستان میں ایچ آئی وی کے کیسز میں خطرناک اضافہ دیکھنے کو آیا ہے، جس کے مطابق 9,713 نئے کیسز رپورٹ ہوئے ہیں۔ اس کے نتیجے میں ملک بھر میں ماہانہ اوسطاً 1,079 افراد ایچ آئی وی کا شکار ہو رہے ہیں۔ وفاقی وزارت صحت نے خبردار کیا ہے کہ 2024 کے اختتام تک ایچ آئی وی کے 12,950 کیسز سامنے آنے کا امکان ہے، جو پچھلے سال کی تعداد سے زیادہ ہیں۔ اب تک کے رپورٹ شدہ کیسز میں 69.4 فیصد مرد، 20.5 فیصد خواتین، 4.1 فیصد خواجہ سرا اور 6 فیصد بچے شامل ہیں۔ پنجاب میں سب سے زیادہ ایچ آئی وی کے کیسز رپورٹ ہوئے، جن کی تعداد 5,691 ہے، جب کہ سندھ میں 2,383، خیبرپختونخوا میں 926 اور بلوچستان میں 329 کیسز ریکارڈ کیے گئے۔ اسلام آباد میں 378 اور آزاد کشمیر میں 10 نئے کیسز رپورٹ ہوئے ہیں۔ ماہرین نے اس بات پر زور دیا ہے کہ ایچ آئی وی کے کیسز ہائی رسک گروپس سے عام آبادی میں منتقل ہو رہے ہیں، جس کی بنیادی وجوہات میں آگاہی کی کمی، غیر محفوظ جنسی تعلقات اور صحت کی سہولیات میں حفاظتی اقدامات کی کمی شامل ہیں۔

Leave a Reply