اسلام آباد:وزیراعظم شہباز شریف کی قومی اسمبلی میں آمد پر پاکستان تحریک انصاف (پی ٹی آئی) کے ارکان نے شدید احتجاج کیا اور وزیراعظم کے خلاف نعرے بازی شروع کردی۔ پی ٹی آئی کے ارکان نے “اوووو” اور “اوووو” کے نعرے لگائے، جس کے جواب میں مسلم لیگ(ن) کے اراکین بھی جوابی نعرے بازی کرتے رہے۔ اس صورتحال کے باعث وزیراعظم شہباز شریف ایوان میں خطاب کیے بغیر واپس روانہ ہوگئے۔قومی اسمبلی کا اجلاس اسپیکر ایاز صادق کی صدارت میں شروع ہوا، جس میں مرد اور خواتین ووٹرز کے فرق کے موضوع پر توجہ دلاؤ نوٹس لیا گیا۔ وزیر قانون اعظم نذیر تارڑ نے بتایا کہ 2018 میں ووٹرز کے درمیان فرق 11.8 فیصد تھا، جو حالیہ انتخابات میں کم ہوکر 7.4 فیصد تک پہنچ گیا ہے۔ انہوں نے کہا کہ الیکشن کمیشن نے 86 اضلاع میں صنفی فرق کو 10 فیصد سے کم کرنے کی کوشش کی ہے۔ مسلم لیگ (ن) کی رکن آسیہ ناز تنولی نے کہا کہ الیکشن کمیشن کے مطابق اب بھی ایک کروڑ سے زائد خواتین ووٹرز کا فرق موجود ہے، اور اس مسئلے کے حل کے لیے ٹائم فریم کی ضرورت ہے۔دوران اجلاس انجینئر حمید حسین نے کرم کے معاملے پر احتجاج کیا اور بینر لے کر وزیراعظم کی نشست کے سامنے پہنچ گئے۔ اس دوران وزیراعظم شہباز شریف بھی ایوان میں پہنچے، جہاں حکومتی اراکین نے ان کا استقبال کیا، تاہم پی ٹی آئی کے اراکین نے احتجاج کا سلسلہ جاری رکھا۔ احتجاج کے دوران تحریک انصاف کے ارکان نے ایجنڈے کی کاپیاں پھاڑ دیں اور عمران خان کی رہائی کے حق میں نعرے لگائے۔ احتجاج کے دوران وزیراعظم کی نشست کے سامنے عطا تارڑ، ملک ابرار اور حنیف عباسی موجود رہے۔بالآخر وزیراعظم شہباز شریف تقریر کیے بغیر ایوان سے واپس روانہ ہوگئے، اور اسپیکر ایاز صادق نے اجلاس کو کل دو بجے تک ملتوی کرنے کا اعلان کیا۔
وزیراعظم شہباز شریف کی قومی اسمبلی آمد پر پی ٹی آئی کا احتجاج، شہباز شریف تقریر کیے بغیر واپس روانہ

Leave a Reply