اسلام آباد:صدر مملکت آصف علی زرداری نے راولپنڈی میں پاک فضائیہ کے زیر اہتمام نیشنل ایرو اسپیس سائنس اینڈ ٹیکنالوجی پارک کا دورہ کیا۔ سربراہ پاک فضائیہ ایئر چیف مارشل ظہیر احمد بابر سدھو بھی دورے کے موقع پر موجود تھے ۔ دورے کے دوران صدر مملکت کو بریفنگ میں بتایا گیا کہ سائنس اینڈ ٹیکنالوجی پارک پاک فضائیہ کے ترقی کے سفر میں اہم سنگ میل ہے۔ سائنس اینڈ ٹیکنالوجی پارک پاکستان میں علم اور ٹیکنالوجی پر مبنی معیشت کی بنیاد بننے کیلئے تیار ہے۔ پارک کا مقصد خلائی، سائبر، آئی ٹی، مصنوعی ذہانت اور ایرو اسپیس میں سرکاری و نجی شعبوں کے اداروں کو جوڑنا ہے۔ صدر مملکت کو مزید بتایا گیا کہ سائنس اینڈ ٹیکنالوجی پارک دنیا کے بہترین ایرو اسپیس، سائبر اور آئی ٹی کلسٹرز میں سے ایک بننے کیلئے پوری طرح تیار ہے، پارک ابھرتی ٹیکنالوجیز ، تحقیق و تیاری اور اختراعی مراکز کے ساتھ قومی منظر نامے کو بدل دے گا۔ صدرمملکت نے پاک فضائیہ اور نیشنل ایرو اسپیس سائنس اینڈ ٹیکنالوجی پارک میں جدید ترین تکنیکی ماحولیاتی نظام کی تعریف کی اورنمٹنے اور قومی تزویراتی اہمیت کے منصوبے کو بے مثال مدت میں مکمل کرنے پر پاک فضائیہ کی قیادت کے وژن اور فعالیت کو سراہا۔
صدر مملکت کا نیشنل ایرو اسپیس سائنس اینڈ ٹیکنالوجی پارک کا دورہ

Leave a Reply