اسلام آباد: سابق سپیکر قومی اسمبلی اور رہنما پی ٹی آئی اسد قیصر نے کہا کہ وزیر دفاع کے دل و دماغ پر پی ٹی آئی اور سوشل میڈیا سوار ہے، خواجہ آصف میں اخلاقی جرات اور شرم وحیا ہوتی تو مستعفی ہو جاتے۔ قومی اسمبلی میں اظہار خیال کرتے ہوئے سابق سپیکر قومی اسمبلی اور رہنما پی ٹی آئی اسد قیصر کا کہنا تھا کہ خواجہ آصف کہہ رہے ہیں سب کچھ پی ٹی آئی کی وجہ سے ہورہا ہے، سب کچھ آپ کی نااہلی کی وجہ سے ہورہا ہے، ہمارے لیے سب سے پہلے پاکستان ہے، ہم اداروں کو مضبوط دیکھنا چاہتے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ 26ویں آئینی ترمیم کی آڑ میں عدلیہ پر حملہ کیا گیا، جب تک عدلیہ آزاد نہیں ہوگی ملک آگے نہیں بڑھے گا، تمام ادارے اس کام میں لگے ہوئے ہیں جو ان کا نہیں، ملک میں آئین رہا اور نہ قانون نہ اداروں کی عزت ہے، ان کے نمائندے اس کام میں لگے ہوئے ہیں کہ پی ٹی آئی کو کس طرح توڑیں۔ سابق سپیکر قومی اسمبلی نے کہا کہ آپ کو خارجہ پالیسی کو ری وزٹ کرنا ہوگا، آپ کے ایران کے ساتھ تعلقات ٹھیک نہیں، افغانستان کے ساتھ تعلقات پر تحفظات ہمیں بھی ہیں، ٹیبل پر مسائل کا حل ممکن ہے، پشاورمیں کاروبار کا دارومدارافغانستان سرحد سے ہے، افغانستان ایک جنگ زدہ ملک ہے ،آپ ان کو مستقل دشمن بنارہے ہیں۔ان کا کہنا تھا کہ جتنے بھی غیرقانونی مقیم افراد ہیں ان کے خلاف ایکشن ہونا چاہیے، پاکستان کے خلاف کوئی کارروائی ہوتی ہے تو بھرپور مذمت کریں، دہشتگردی پربلوچستان اور خیبرپختونخوا کی حکومتوں کو آن بورڈ رکھا جائے، سندھ اورپنجاب میں کچے کے ڈاکو ہیں ان کے خلاف بھی فیصلہ کرنا چاہیے۔
خواجہ آصف میں اخلاقی جرات اور شرم وحیا ہوتی تو مستعفی ہو جاتے: اسد قیصر

Leave a Reply