ڈیرہ غازی خان: وفاقی وزیر برائے توانائی سردار اویس احمد خان لغاری نے کہا ہے کہ سندھ طاس معاہدہ یکطرفہ طور پر ختم نہیں کیا جا سکتا۔ ڈی جی خان میں میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ معاہدے کے تحت ہر قطرے پر پاکستان کا بنیادی حق موجود ہے اور کوئی بھی ملک یہ حق نہیں چھین سکتا۔وفاقی وزیر نے بھارتی حکومت کی طرف سے سندھ طاس معاہدہ ختم کرنے کے بیانات کو بچکانہ اور غیر قانونی قرار دیتے ہوئے کہا کہ ہندوستان نے کینیڈا سمیت مختلف ممالک میں دہشت گردی کے واقعات میں ملوث ہو کر اپنی اصلیت دنیا کے سامنے آشکار کر دی ہے۔اویس لغاری نے سخت لہجے میں کہا کہ اگر بھارت نے کوئی جارحانہ قدم اٹھایا تو اس بار ابھی نندن سے بھی بدتر سلوک ہوگا۔توانائی کے شعبے میں ہونے والی پیش رفت پر بات کرتے ہوئے وفاقی وزیر نے بتایا کہ ایک کروڑ 80 لاکھ صارفین کے لیے بجلی کی قیمتوں میں 56 فیصد سے زیادہ کمی کی گئی ہے۔ ان کا کہنا تھا کہ کسانوں کو بھی اب فیول ایڈجسٹمنٹ کی مد میں کمی کا براہ راست فائدہ پہنچے گا۔ بجلی کے نرخوں میں ڈھائی روپے اور 7 روپے 41 پیسے فی یونٹ کی الگ الگ کمی کی گئی ہے۔سیاسی معاملات پر گفتگو کرتے ہوئے سردار اویس لغاری نے کہا کہ میاں نواز شریف ایک مدبر اور اسٹیٹس مین ہیں۔ جب بھی ملک کو ان کی دانشمندی کی ضرورت ہو گی، وہ اپنا اہم کردار ادا کریں گے۔سابق حکومت پر تنقید کرتے ہوئے انہوں نے الزام لگایا کہ عمران نیازی کی حکومت نے 40 ہزار دہشت گردوں کو افغانستان سے لا کر پاکستان تحریک انصاف کا ونگ بنایا، جس کا خمیازہ آج ملک شہادتوں کی صورت میں بھگت رہا ہے۔ اویس لغاری نے کہا کہ دہشت گردی کے ناسور کو ختم کرنے کے لیے ہر ممکن اقدام اٹھایا جائے گا۔
سندھ طاس معاہدہ ختم نہیں ہو سکتا، بھارت کا بیان بچکانہ ہے، اویس لغاری

Leave a Reply