اسلام آباد: وفاقی وزیر اطلاعات عطاء اللہ تارڑ نے قومی اسمبلی سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ ملک کی سالمیت کا معاملہ سیاست سے بالاتر ہے۔ انہوں نے زور دیا کہ سیاسی اختلافات کا دفاعی معاملات اور خارجہ پالیسی سے کوئی تعلق نہیں ہونا چاہیے۔عطاء اللہ تارڑ نے کہا کہ دشمن حملے کی تاک میں بیٹھا ہے اور آج “گجرات کے قصائی” کی تمام پالیسیاں ناکام ہو چکی ہیں۔ انہوں نے بھارت کو مکار، بد نیت اور بیوقوف قرار دیتے ہوئے کہا کہ اگر وہ بیوقوف نہ ہوتا تو پہلگام فالس فلیگ کی منصوبہ بندی بہتر انداز میں کرتا۔وزیر اطلاعات نے پہلگام حملے کو بھارت کی سکیورٹی اور انٹیلی جنس کی ناکامی کا منہ بولتا ثبوت قرار دیتے ہوئے کہا کہ اس واقعے سے مودی کا مکروہ چہرہ دنیا کے سامنے بے نقاب ہو گیا ہے۔ انہوں نے الزام لگایا کہ پہلگام واقعے کی آڑ میں مقبوضہ کشمیر میں ظلم و ستم کی نئی داستانیں رقم کی جا رہی ہیں اور فیک انکاؤنٹر کے ذریعے کشمیریوں کو شہید کیا جا رہا ہے۔ انہوں نے کہا کہ آج بھی مقبوضہ کشمیر کی مائیں اپنے بیٹوں کو سبز ہلالی پرچم میں دفن کرتی ہیں۔عطاء اللہ تارڑ نے سندھ طاس معاہدے کے حوالے سے بھارتی طرز عمل کو لاقانونیت پر مبنی قرار دیتے ہوئے خبردار کیا کہ اگر پانی روکا گیا تو پوری قوت سے جواب دیا جائے گا۔ انہوں نے کہا کہ اگر ہمت ہے تو بھارت شوق پورا کر لے، دودھ کا دودھ اور پانی کا پانی ہو جائے گا۔وزیر اطلاعات نے کہا کہ وزیراعظم نے سفارتی سطح پر مختلف ممالک سے رابطہ کیا ہے۔انہوں نے کہا کہ پاکستان کشمیریوں کی سیاسی، سفارتی اور اخلاقی حمایت مرتے دم تک جاری رکھے گا۔ انہوں نے کہا کہ پاکستان دہشت گردی کا شکار بھی ہے اور الزامات بھی اسی پر لگائے جاتے ہیں۔ انہوں نے یاد دلایا کہ پاکستان نے دہشت گردی کے خلاف جنگ میں 90 ہزار جانوں کا نذرانہ پیش کیا ہے۔عطاء اللہ تارڑ نے بھارت کو دہشت گردی کا سب سے بڑا حامی قرار دیتے ہوئے کہا کہ بھارتی نیوی کا افسر کلبھوشن یادیو آج بھی پاکستانی قید میں ہے۔ انہوں نے کہا کہ بھارت آہستہ آہستہ بند گلی میں جا رہا ہے ۔ وزیراطلاعات نے کہا کہ بھارت سوشل میڈیا پر پاکستانی آواز دبانے کی کوشش کر رہا ہے، لیکن پاکستان سوشل میڈیا پر بھی بھارت کو شکست دے گا۔ انہوں نے دعویٰ کیا کہ بھارتی انفارمیشن وارفیئر میں اپنی شکست تسلیم کر رہے ہیں۔
قومی اسمبلی سے وزیر اطلاعات کا خطاب، بھارتی الزامات مسترد، بھرپور جواب دینے کے عزم کا اظہار

Leave a Reply