اسلام آباد: وزیراعظم محمد شہباز شریف کی زیر صدارت کراچی تا چمن قومی شاہراہ (N-25) کی تعمیر و اپ گریڈیشن سے متعلق ایک اہم جائزہ اجلاس منعقد ہوا، جس میں 790 کلومیٹر طویل سڑک کو اعلیٰ معیار کی ایکسپریس وے میں تبدیل کرنے کا فیصلہ کیا گیا۔وزیراعظم نے ہدایت دی کہ شاہراہ کی تعمیر کا معیار موٹر وے جیسا ہونا چاہئے اور اس منصوبے پر کسی قسم کا سمجھوتا یا کوتاہی برداشت نہیں کی جائے گی۔ وزیراعظم نے کہا کہ کراچی-چمن شاہراہ کی اپ گریڈیشن بلوچستان کی سماجی و معاشی ترقی اور خوشحالی کے لیے ناگزیر ہے۔انہوں نے بتایا کہ حکومت نے گزشتہ ماہ پیٹرولیم مصنوعات کی قیمتوں میں کمی کا فائدہ عوام کو منتقل کرنے کے بجائے اس بچت کو بلوچستان کے لیے مختص کرتے ہوئے کراچی-چمن شاہراہ کی تعمیر پر خرچ کرنے کا فیصلہ کیا، جس پر تمام صوبوں نے اتفاق کیا—یہ فیصلہ وفاقی اتحاد کی علامت ہے۔وزیراعظم نے کہا کہ اس ایکسپریس وے کی تعمیر کے بعد کراچی تا چمن کا سفر 18 گھنٹوں سے کم ہو کر 6 سے 8 گھنٹوں تک محدود ہو جائے گا، جس سے نہ صرف مسافروں کو سہولت میسر آئے گی بلکہ ٹرانسپورٹ اور تجارت پر بھی مثبت اثرات مرتب ہوں گے۔وزیراعظم نے منصوبے کی دو سال میں ہر صورت تکمیل کی ہدایت جاری کی اور وزیراعلیٰ بلوچستان کو متعلقہ محکموں سے مل کر زمین کی فراہمی یقینی بنانے کی بھی ہدایت دی۔
وزیراعظم شہباز شریف کی زیر صدارت کراچی-چمن شاہراہ کی تعمیر و اپ گریڈیشن پر اہم اجلاس

Leave a Reply