اسلام آباد:وفاقی وزیر داخلہ محسن نقوی سے امریکہ کی قائم مقام سفیر نیٹلی بیکر نے ایک اہم ملاقات کی، جس میں باہمی دلچسپی کے امور، پاک امریکہ تعلقات اور دوطرفہ تعاون بڑھانے پر تبادلہ خیال کیا گیا۔ ملاقات کے دوران پاک بھارت جنگ بندی کے بعد کی صورتحال پر بھی تفصیلی بات چیت ہوئی۔وفاقی وزیر داخلہ محسن نقوی نے پاک بھارت جنگ بندی میں کلیدی کردار ادا کرنے پر امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ اور امریکی سفیر کا شکریہ ادا کیا۔ انہوں نے کہا کہ دو ایٹمی طاقتوں کے درمیان جنگ بندی کا سہرا امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ کو جاتا ہے، جنہوں نے خطے کو ایک ہولناک تباہی سے بچا کر انسانیت کی خدمت کی ہے۔محسن نقوی نے امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ کے پاکستان کی قیادت کے بارے میں مثبت خیالات کا خیرمقدم کرتے ہوئے اس بات پر زور دیا کہ پاکستان امریکہ کے ساتھ باہمی تعاون کو مزید فروغ دینا چاہتا ہے۔قائم مقام امریکی سفیر نیٹلی بیکر نے کہا کہ امریکہ کے پاکستان کے ساتھ بہترین تعلقات ہیں اور امریکہ مختلف شعبوں میں پاکستان کے ساتھ اپنا تعاون جاری رکھے گا۔ اس موقع پر وفاقی سیکرٹری داخلہ خرم آغا بھی موجود تھے۔
وزیر داخلہ محسن نقوی کی امریکی سفیرنیٹلی بیکر سے ملاقات، دو طرفہ اہم امور پر تبادلہ خیال

Leave a Reply