اسلام آباد: وزیراعظم محمدشہباز شریف نے کہا ہے کہ پاکستان اقتصادی راہداری کے تحت جاری منصوبوں کی کامیابی سے تکمیل کے لیے پرعزم ہیں۔ شاہراہ قراقرم ، ایم ایل ون ، گوادر پورٹ آپریشنل کرنے کے ساتھ زراعت، صنعت اور آئی ٹی کے شعبوں میں تعاون اہمیت کا حامل ہے۔انہوں نے یہ بات اسلام آباد میں چین کے سفیر جیانگ زیڈونگ سے گفتگو میں کہی۔وزیراعظم نے دونوں ملکوں کے درمیان تاریخی تذویراتی شراکت داری کا ذکر کرتے ہوئے کہا کہ پاکستان کیساتھ مالی اور اقتصادی تعاون پر چین کی قیادت کے مشکور ہیں جس کی بدولت پاکستانی معیشت مستحکم کرنے میں مدد ملی اور میکرو اکنامک آؤٹ لُک میں بہتری آئی۔ انہوں نے کہا کہ یہ معاونت حکومت کے سماجی اور اقتصادی ترقی کے ایجنڈے کے لیے اہم ہے۔وزیر اعظم محمد شہباز شریف نے صدر شی چن پنگ اور وزیر اعظم لی کیانگ کے لیے خیر سگالی کے جذبات اور چین میں ہونیوالے شنگھائی تعاون تنظیم کے آئندہ سربراہ اجلاس کیلئے نیک خواہشات کا اظہار کیا۔ انہوں نے سربراہ اجلاس میں شرکت کے لیے اپنے دورہ چین کے حوالے سے دونوں ممالک کے درمیان جاری مشاورت کا بھی تذکرہ کیا۔ملاقات میں علاقائی سلامتی کی صورتحال خاص طور پرایران۔ اسرائیل تنازع میں حالیہ پیشرفت پر بھی تبادلہ خیال کیا گیا۔ چین کے سفیر نے مذاکرات اور سفارت کاری کے ذریعے بحران کے پرامن حل کے لیے اقوام متحدہ کی سلامتی کونسل سمیت ہر سفارتی فورم پر پاکستان کے فعال اور مثبت کردار کی تعریف کی۔ انہوں نے وزیراعظم کو دوطرفہ تعاون کے مختلف پہلوؤں سے آگاہ کیا۔جیانگ زیڈونگ نے بتایا کہ اگست میں وزیراعظم محمد شہباز شریف کے دورہ چین کی کامیابی یقینی بنانے کے لیے تیاریاں شروع کر دی گئی ہیں-


Leave a Reply