کراچی: فیلڈ مارشل سید عاصم منیر کا کہنا ہے کہ معرکۂ حق بھارت کی یادداشت سے کبھی ختم نہیں ہو گا، کسی بھی قیمت پر اپنی دھرتی کے تحفظ کے لیے تیار ہیں۔آرمی چیف فیلڈ مارشل سید عاصم منیر نے آج کراچی میں پاکستان نیوی کی پاسنگ آؤٹ پریڈ سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ دوست ملک کے کیڈٹس کو مبارک باد دیتے ہیں، ترقی کےلیے عوام، حکومت اور افواج کے درمیان مضبوط تعلق ناگزیر ہے۔ان کا کہنا ہے کہ دہشت گردی کے خلاف جنگ کو منطقی انجام تک پہنچائیں گے، حقِ خودارادیت کے حصول میں کشمیری عوام کے ساتھ ہیں، خطے میں مستحکم امن مسئلہ کشمیر کے حل کے بغیر ناممکن ہے، ہمارا دشمن متکبرانہ اور جارحانہ رویے کا مسلسل مظاہرہ کر رہا ہے۔آرمی چیف نے کہا ہے کہ بھارت اپنی فوجی طاقت، قوم پرستی اور جعلی اسٹریٹجک اہمیت سے سیاسی فوائد حاصل کرنا چاہتا ہے، گزشتہ چند برسوں میں بھارت نے دہشت گردی کے خلاف کارروائی کے بہانے دو بار پاکستان پر بلاوجہ حملے کیے، پاکستان کے بھرپور اور مؤثر جواب نے خطےکو ایک بڑے تنازع سے بچایا۔انہوں نے کہا کہ بھارتی اشتعال انگیزیوں کے باوجود صبر و تحمل اور ذمے داری کا مظاہرہ کیا، امن کو ترجیح دی، آج پاکستان خطے میں ’نیٹ ریجنل اسٹیبلائزر‘ کے طور پر جانا جاتا ہے، اگر دشمن سمجھتا ہے کہ پاکستان خودمختاری پر حملے کو برداشت کرے گا تو یہ ایک خطرناک غلط فہمی ہو گی۔آرمی چیف فیلڈ مارشل سید عاصم منیر نے کہا کہ دشمن ہماری خود مختاری کو چیلنج کرتا ہے تو نتائج کی ذمے داری اسی پر ہو گی، دشمن ہماری خود مختاری کو چیلنج کرتا ہے تو یہ پورے خطے کے لیے خطرناک ہو سکتا ہے، پاکستان ہر حال میں اپنی خود مختاری اور قومی مفادات کا دفاع کرے گا۔
معرکۂ حق بھارت کی یادداشت سے کبھی ختم نہیں ہو گا: فیلڈ مارشل عاصم منیر

Leave a Reply