جنیوا: قومی اسمبلی کے اسپیکر سردار ایاز صادق نے چھٹی عالمی اسپیکرز کانفرنس کے موقع پر چین کی نیشنل پیپلز کانگریس کی اسٹینڈنگ کمیٹی کے چیئرمین ژاؤ لیجی سے ملاقات کی۔ یہ کانفرنس 29 سے 31 جولائی 2025 تک انٹر پارلیمانی یونین کے زیر اہتمام جنیوا میں منعقد ہو رہی ہے۔ ایاز صادق نے پاک-چین بے مثال دوستی کو اجاگر کرتے ہوئے اسے سدا بہار قرار دیا اور دونوں ممالک کے پارلیمانی تعلقات کی مضبوطی پر فخر کیا۔ انہوں نے ژاؤ لیجی کے دوطرفہ پارلیمانی رابطوں کے کردار کو سراہا اور پارلیمانی دوستی گروپس کی خدمات کی تعریف کی۔ دونوں رہنماؤں نے سی پیک کی جلد تکمیل کے عزم کا اعادہ کیا اور دفاع، تجارت، سرمایہ کاری، صنعت، زراعت، آئی ٹی، گرین انرجی اور مائننگ میں تعاون بڑھانے پر زور دیا۔ فلسطین کی صورتحال اور عالمی امور پر تبادلہ خیال ہوا۔ ایاز صادق نے کہا کہ خطے میں پائیدار امن کے لیے تنازعات کا دیرپا حل ضروری ہے اور پارلیمانی سفارتکاری عالمی امن و ترقی کے لیے اہم ہے۔ دونوں رہنماؤں نے سی پیک کے تحت پارلیمانی تعاون اور عوامی رابطوں کو فروغ دینے پر اتفاق کیا۔
سپیکر ایاز صادق کی ژاؤ لیجی سے جنیوا میں ملاقات‘پاک-چین دوستی کو مضبوط کرنے کا عزم

Leave a Reply