واشنگٹن/اسلام آباد: امریکی صدرڈونلڈ ٹرمپ نے اعلان کیا ہے کہ امریکہ نے پاکستان کیساتھ ایک اہم تجارتی معاہدہ کرلیا ہے جس کے تحت دونوں ممالک اپنے تیل اور توانائی کے ذخائر کو ترقی دینے کیلئے مل کرکام کریں گے۔امریکی صدرٹرمپ نے کہا کہ ہم اس وقت اُس تیل کمپنی کے انتخاب کے مرحلے میں ہیں جواس شراکت داری کی قیادت کرے گی۔انہوں نے کہا کہ یہ ممکن ہے کہ ایک دن پاکستان بھارت کو بھی تیل فروخت کرنے لگے، جس سے خطے میں توانائی کے شعبے میں تعاون کی نئی راہیں کھلیں گی، اگریہ سب کچھ منصوبے کے مطابق چلتا رہا، تو پاکستان بھارت سمیت دیگر ہمسایہ ممالک کے لیے توانائی کی فراہمی کا مرکز بن سکتا ہے۔ٹرمپ نے ٹروتھ سوشل پربیان میں کہا کہ کئی دیگر ممالک بھی امریکہ کے ساتھ تجارتی ٹیرف میں کمی کے لیے پیشکش کررہے ہیں جو امریکہ کے لیے فائدہ مند ثابت ہو گا۔ انکا کہنا ہے کہ یہ تمام اقدامات ہمارے دیرینہ تجارتی خسارے کو کم کرنے میں مدد دیں گے اور “امریکا کو پھر سے عظیم بنائیں” کے وژن کو عملی جامہ پہنائیں گے۔
اس حوالے سے وزیراعظم شہباز شریف نے تجارتی ڈیل پر امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ کا شکریہ ادا کیا ہے۔ وزیر اعظم نے ایک ٹویٹ میں کہا کہ ڈونلڈ ٹرمپ نے امریکا اور پاکستان کے درمیان تاریخی تجارتی معاہدے کی تکمیل میں قائدانہ کردار ادا کیا۔ان کا کہنا تھا کہ یہ معاہدہ گزشتہ رات واشنگٹن میں دونوں ممالک کے درمیان کامیابی سے طے پایا، جو دونوں ملکوں کے باہمی تعلقات میں ایک اہم سنگِ میل کی حیثیت رکھتا ہے۔شہباز شریف نے کہا کہ یہ معاہدہ نہ صرف پاکستان اور امریکا کے درمیان بڑھتی ہوئی شراکت داری کو مزید مستحکم کرے گا بلکہ آنے والے دنوں میں ہمارے دیرینہ تعلقات کو نئی وسعت بھی دے گا۔
پاک امریکہ تجارتی ڈیل فائنل کردی: ٹرمپ‘ شراکت داری مزید مستحکم ہو گی ، شہباز شریف

Leave a Reply