کراچی: چیف جسٹس آف پاکستان جناب یحییٰ آفریدی نے آج سندھ ہائی کورٹ کا دورہ کیا، جہاں انہوں نے چیف جسٹس سندھ ہائی کورٹ جناب جسٹس جنید غفار، جسٹس ظفر راجپوت اور جسٹس اقبال کلہوڑو کے ہمراہ کراچی ڈویژن کے ڈسٹرکٹ اینڈ سیشن ججز سے ملاقات کی۔دورے کے دوران چیف جسٹس سندھ ہائی کورٹ نے چیف جسٹس آف پاکستان کو کراچی میں جدید عدالتی کمپلیکس کے قیام کے منصوبے سے آگاہ کیا۔ اس کمپلیکس میں 125 مکمل طور پر سہولیات سے آراستہ عدالتیں شامل ہوں گی، جو کراچی کے عدالتی نظام کی بڑھتی ہوئی ضروریات کو پورا کرنے کے لیے تیار کیا جا رہا ہے۔ اس منصوبے پر جلد عمل درآمد متوقع ہے۔چیف جسٹس یحییٰ آفریدی نے اس اقدام کی تعریف کی اور پائیدار، وسعت پذیر اور مستقبل بین عدالتی انفراسٹرکچر کی اہمیت پر زور دیا۔ انہوں نے کہا کہ منصوبہ بندی میں مستقبل کی ضروریات کو مدنظر رکھتے ہوئے پیش بینی شامل کی جانی چاہیے تاکہ یہ طویل المدت بنیادوں پر مؤثر رہے۔ انہوں نے تجویز دی کہ ججز، ضلعی بار کے وکلاء اور دیگر اسٹیک ہولڈرز سے مشاورت کے ذریعے ایک جامع منصوبہ تیار کیا جائے، جو تکنیکی اور عملی پہلوؤں کو شامل کرتے ہوئے حکومت کے سامنے منظوری کے لیے پیش کیا جا سکے۔چیف جسٹس نے عدالتی نظام کی ڈیجیٹل آٹومیشن کے جاری اقدامات کا ذکر کرتے ہوئے کہا کہ عدالتی ڈھانچے کی ترقی عوام دوست (Citizen-Centric) نقطہ نظر کے تحت ہونی چاہیے۔ انہوں نے جدید سہولت مرکز (Facilitation Centre) کے قیام کی ضرورت پر زور دیا تاکہ سائلین، وکلاء اور عوام کو معلومات اور خدمات تک فوری اور آسان رسائی مل سکے۔اس دورے نے عدلیہ کے ادارہ جاتی استحکام، مشاورتی منصوبہ بندی اور انصاف کی مؤثر فراہمی کے عزم کو مزید تقویت بخشی۔
چیف جسٹس کا سندھ ہائی کورٹ کا دورہ: عوام دوست اور پائیدار عدالتی ڈھانچے کی ضرورت پر زور

Leave a Reply