اسلام آباد:(سنگ میل نیوز)وزیراعظم محمد شہباز شریف کی خصوصی ہدایت پر فلسطینی عوام کے لیے غذائی اشیاء اور ادویات پر مشتمل ایک اور امدادی کھیپ اسلام آباد سے اردن کے راستے غزہ روانہ کر دی گئی ہے۔ امدادی سامان کی روانگی کی تقریب اسلام آباد ایئرپورٹ پر منعقد ہوئی، جہاں وفاقی وزیر اطلاعات و نشریات عطاءاللہ تارڑ نے یہ سامان فلسطینی سفیر کے حوالے کیا۔وفاقی وزیر اطلاعات نے کہا ہے کہ غزہ میں اسرائیل نے دانستہ طور پر غذائی قلت پیدا کر کے فلسطینیوں کی زندگی اجیرن بنا دی ہے۔ ایسی صورتحال میں پاکستان اپنے مظلوم فلسطینی بھائیوں کو تنہا نہیں چھوڑ سکتا۔ انہوں نے کہا کہ وزیراعظم محمد شہباز شریف کی ہدایت پر انسانی ہمدردی کی بنیاد پر امداد کا سلسلہ جاری رہے گا۔انہوں نے کہا کہ غزہ میں اس وقت خوراک کی شدید قلت ہے اور اقوام متحدہ کے مطابق چار لاکھ ستر ہزار افراد بھوک کے بحران کا شکار ہیں۔ انہوں نے کہا کہ اب تک پاکستان کی جانب سے 1815 ٹن غذائی اشیاء اور ادویات غزہ روانہ کی جا چکی ہیں اور یہ حالیہ کھیپ اسی سلسلے کی ایک کڑی ہے۔ عطاءاللہ تارڑ نے این ڈی ایم اے، الخدمت فاؤنڈیشن اور جماعت اسلامی کی کاوشوں کو سراہا جنہوں نے اس امدادی مہم میں بھرپور تعاون فراہم کیا۔عطاءاللہ تارڑ نے کہا کہ غزہ کا بحران پوری انسانیت کے لیے ایک آزمائش ہے۔ پاکستان نے تمام عالمی فورمز پر فلسطینی عوام کے حق میں آواز بلند کی ہے اور اب عملی اقدامات کے ذریعے اپنی اخلاقی ذمہ داری نبھا رہا ہے۔ انہوں نے عالمی برادری سے مطالبہ کیا کہ وہ غزہ میں فوری جنگ بندی کو یقینی بنائے اور انسانی امداد کی راہ میں حائل رکاوٹوں کو ختم کرے تاکہ متاثرہ فلسطینی عوام کو ریلیف فراہم کیا جا سکے-
پاکستان کی فلسطینی عوام سے یکجہتی، وزیراعظم کی ہدایت پر امدادی سامان غزہ روانہ

Leave a Reply