تیانجن(سنگ میل نیوز)وزیراعظم محمد شہباز شریف چین کے سرکاری دورے پر تیانجن پہنچ گئے۔وزیراعظم شنگھائی تعاون تنظیم (ایس سی او) کے سربراہی اجلاس سمیت بیجنگ میں منعقدہ چینی عوامی جنگ کی فتح کی 80ویں سالگرہ کی تقریب اور دیگر اہم سرکاری مصروفیات میں شرکت کریں گے۔ وزیراعظم کے ہمراہ پاکستانی وفد میں نائب وزیراعظم و وزیر خارجہ محمد اسحاق ڈار، وفاقی وزیر منصوبہ بندی و ترقی ڈاکٹر احسن اقبال، وزیر اطلاعات و نشریات عطا اللہ تارڑ اور اعلیٰ سرکاری حکام شامل ہیں۔ تیانجن ایئرپورٹ پر چین کے جنرل ایڈمنسٹریشن آف کسٹمز کی سی پی سی کمیٹی کی وزیر اور سیکریٹری سن میجن، تیانجن میونسپل پیپلز کانگریس کی سٹینڈنگ کمیٹی کے چیئرمین اور پارٹی سیکریٹری یو یونلن، پاکستان میں چین کے سفیر جیانگ زائیڈونگ اور چین میں پاکستان کے سفیر خلیل ہاشمی نے وزیراعظم کا پرتپاک استقبال کیا۔

وزیراعظم شہباز شریف 31 اگست سے یکم ستمبر 2025 تک تیانجن میں ہونے والے شنگھائی تعاون تنظیم کے کونسل آف ہیڈز آف سٹیٹ اجلاس میں شرکت کریں گے اور اجلاس سے خطاب بھی کریں گے۔ اس موقع پر وہ چین کے صدر شی جن پنگ اور وزیراعظم لی کیانگ سے دوطرفہ ملاقاتیں کریں گے جن میں باہمی دلچسپی کے امور، اقتصادی تعاون اور خطے کی مجموعی صورتحال پر تبادلہ خیال کیا جائے گا ۔اپنے دورہ چین کے دوران وزیراعظم ممتاز چینی کاروباری شخصیات سے ملاقاتیں کریں گے جبکہ 4 ستمبر کو بیجنگ میں دوسری پاک چین بی ٹو بی سرمایہ کاری کانفرنس کی صدارت بھی کریں گے۔ اس کانفرنس کا مقصد دونوں ممالک کے درمیان تجارتی اور سرمایہ کاری کے تعلقات کو مزید وسعت دینا اور باہمی تعاون کے نئے مواقع تلاش کرنا ہے ۔وزیراعظم شہباز شریف شنگھائی تعاون تنظیم کے اجلاس کے موقع پر دیگر رکن ممالک کے سربراہان سے بھی ملاقاتیں کریں گے۔


Leave a Reply