Deprecated: Creation of dynamic property EPS_Redirects_Plugin::$settings is deprecated in /home2/sangemee/public_html/wp-content/plugins/eps-301-redirects/plugin.php on line 55

Warning: Cannot modify header information - headers already sent by (output started at /home2/sangemee/public_html/wp-content/plugins/eps-301-redirects/plugin.php:55) in /home2/sangemee/public_html/wp-content/themes/twentytwentyfive/functions.php on line 296
اسلامی ممالک کا ہنگامی اجلاس، اسرائیل کی نگرانی، ٹاسک فورس کی تجویز – Sange Meel News: Latest news, breaking news, Pakistan

اسلامی ممالک کا ہنگامی اجلاس، اسرائیل کی نگرانی، ٹاسک فورس کی تجویز

اسلام آباد: عرب اور اسلامی ممالک کا دوحا میں دو روزہ اجلاس جاری ہے، عرب واسلامی ممالک کے وزرائے خارجہ اسحاق ڈار سمیت سعودی، ترک، یمن اور دیگر اسلامی ممالک کے وزرائے خارجہ شریک ہوئے، اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے وزیر خارجہ اسحاق ڈار نے کہا کہ اسرائیل امن کیلئے مستقل خطرہ ہے جبکہ قطر کے وزیراعظم شیخ محمد بن عبدالرحمان نے کہا ہے اسرائیلی حملے کا سخت اور موثر جواب دیا جانا چاہیے، اب وقت آگیا ہے کہ عالمی برادری دو ہرا معیار چھوڑ دے۔وزیر خارجہ اسحاق ڈار نے اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے کہا ہے کہ اسرائیل کے احتساب کا معاملہ عالمی نظام کی ساکھ کا امتحان ہے ،اسرائیل کو جنگی جرائم اور انسانیت کے خلاف جرائم پر جوابدہ بنایا جائے ۔ اسحاق ڈار نے کہاکہ ہم ایک مرتبہ پھر ایک برادر، خودمختار ریاست پر اسرائیلی غیر قانونی حملے پر غورکیلئے جمع ہوئے ہیں،گزشتہ ماہ ہم جدہ میں فلسطینی سرزمین پر اسرائیلی جارحیت پر تبادلہ خیال کیلئے بھی ملے تھے ، ان اجلاسوں کی کثرت خود ظاہر کرتی ہے کہ اسرائیل عالمی امن و سلامتی کیلئے مستقل خطرہ بن چکا ہے ،پاکستان اسرائیل کی طرف سے برادر ملک قطر پر غیر قانونی اور بلا جواز حملے کی مذمت کرتا ہے ۔ نائب وزیر اعظم کاکہناتھا کہ یہ حملہ اقوامِ متحدہ چارٹر کے آرٹیکل 2(4) سمیت بین الاقوامی قوانین اور خودمختاری و علاقائی سالمیت کے اصولوں کی کھلی خلاف ورزی ہے ،اسرائیل کا امریکا اور مصر کے ساتھ ملکر جنگ بندی کی کوششوں میں مصروف خودمختار ملک پر حملہ بلاجواز و قابلِ مذمت ہے ، یہ اسرائیل کے اس رویے کو عیاں کرتا ہے جو عالمی قوانین و ضوابط کو خاطر میں نہیں لاتا ،فلسطینی عوام پر تقریباً دو برس سے اسرائیلی مظالم اس کے خطرناک عزائم کا ثبوت ہیں، اسرائیلی غیر قانونی دراندازیوں کا سلسلہ رکنا ضروری ہے ،عرب و اسلامی دنیا کو متحد ہو کر اس کا مقابلہ کرنا چاہیے ۔اسحاق ڈار کاکہناتھا کہ پاکستان قطر کی حکومت اور عوام کے ساتھ مکمل یکجہتی کا اظہار کرتا ہے ، پاکستان قطر کے حقِ خودمختاری اور علاقائی سالمیت کے تحفظ کے لیے ان کے اقدامات کی حمایت کرتا ہے ، پاکستان قطر کی ثالثی اور جنگ بندی کی کوششوں کو سراہتا ہے ، قطر پر حملہ دراصل سفارتکاری اور ثالثی پر حملہ ہے ،ان کاکہناتھا کہ پاکستان، الجزائر اور صومالیہ کے ساتھ بطور رکنِ سلامتی کونسل اس مسئلے کو اقوامِ متحدہ سلامتی کونسل میں لایا ہے ،اقوامِ متحدہ انسانی حقوق کونسل میں بھی ہنگامی بحث کی درخواست کی گئی ہے ،تاکہ اسرائیل کو جوابدہ بنایا جا سکے ۔ نائب وزیراعظم نے کہاکہ پاکستان بطور غیر مستقل رکن سلامتی کونسل، او آئی سی و عرب ممالک کے ساتھ مل کر اسرائیل کے احتساب اور فلسطینی عوام کے حقِ خودارادیت، انصاف اور امن کیلئے عالمی حمایت جاری رکھے گا،سلامتی کونسل کو اسرائیل پر ذمہ داری عائد کرنی چاہیے ،سلامتی کونسل کو غزہ میں بین الاقوامی محافظ فورس کی تعیناتی سمیت عملی اقدامات کرنے چاہئیں،عرب اسلامی ٹاسک فورس تشکیل دی جائے ،یہ فورس اسرائیلی عزائم کی نگرانی کرے اور مربوط اقدامات کرے ،او آئی سی کی اپیل کے مطابق اسرائیل کی اقوامِ متحدہ کی رکنیت معطل کرنے کی کوشش کی جائے ،اسرائیل کے خلاف مزید تعزیری اقدامات پر غور کیا جائے ، تاکہ اسرائیلی غیر قانونی اقدامات کی روک تھام ہو سکے۔اسحاق ڈار نے کہاکہ سلامتی کونسل باب ہفتم کے تحت اسرائیل سے فوری، غیر مشروط اور مستقل جنگ بندی کا مطالبہ کرے ،سلامتی کونسل باب ہفتم کے تحت اسرائیل سے قیدیوں کے تبادلے کا مطالبہ کرے ،تمام متاثرہ شہریوں تک بلا روک ٹوک اور محفوظ انسانی امداد کی رسائی یقینی بنائی جائے ، تمام متاثرہ شہریوں تک امدادی عملے و طبی ٹیموں کے تحفظ کو یقینی بنایا جائے ۔ نائب وزیراعظم نے کہاکہ دو ریاستی حل کیلئے ایک حقیقی اور وقت بند سیاسی عمل کا آغاز کیا جائے ،پاکستان عالمی امن کے قیام کیلئے پُرعزم ہے ،پاکستان بطور منتخب رکن سلامتی کونسل،او آئی سی اور عرب ممالک کے ساتھ مل کر عالمی حمایت کو متحرک کرنے کا سلسلہ جاری رکھے گا۔اجلاس سے خطاب میں قطرکے وزیراعظم شیخ محمدبن عبدالرحمان کا کہنا تھاکہ عرب ممالک نے قطر میں اسرائیل کے وحشیانہ حملے کی مذمت کی اور قطر کی خودمختاری کے تحفظ کیلئے کیے جانے والے قانونی اقدامات کی حمایت کی۔انہوں نے کہا کہ عالمی برادری اسرائیل کو اس کے تمام جرائم پر جوابدہ ٹھہرائے ۔قطری وزیراعظم کا کہنا تھاکہ اسرائیل فلسطینیوں کو جبری بے دخل کرنے کے مقصد میں کامیاب نہیں ہوگا، اسرائیلی حکومت مسلسل ایک کے بعد ایک جنگ بندی تجویز مسترد کر رہی ہے ۔انہوں نے مزید کہا کہ اسرائیلی حکومت جان بوجھ کرجنگ کادائرہ خطے کے دیگر ممالک تک پھیلارہی ہے اور اسرائیلی اقدامات غزہ جنگ بندی کیلئے ہماری ثالثی کوششوں کونہیں روک سکتے ۔دوسری طرف اسرائیل کے خلاف قرارداد تیار کر لی گئی ،آج سربراہی اجلاس میں مشترکہ قرارداد منظور کی جائے گی۔ادھر نائب وزیراعظم اور وزیر خارجہ اسحاق ڈار اور ملائشیا کے وزیر خارجہ محمد حسن نے اسرائیل کی وحشیانہ کارروائیوں کی شدید مذمت کرتے ہوئے فلسطینی کاز کی غیرمتزلزل حمایت کا اعادہ کیا ہے ۔ترجمان دفتر خارجہ کی جانب سے جاری بیان کے مطابق اسحاق ڈار کی دوحہ میں ملائشیا کے وزیر خارجہ محمد حسن سے ملاقات ہوئی۔بیان میں کہا گیا کہ دونوں رہنماؤں کی ملاقات ہنگامی بنیاد پر ہونے والے عرب-اسلامی سربراہی اجلاس کی تیاریوں کے ضمن میں ہوئی۔اس موقع پر دونوں ممالک نے قطر اور دیگر مسلمان ممالک پر اسرائیلی حملوں کی شدید مذمت کی اور اس سے مذکورہ ممالک خودمختاری اور بین الاقوامی قوانین کی کھلی خلاف ورزی قرار دیا۔انہوں نے فلسطینی کاز کی غیر متزلزل حمایت کا اعادہ کیا اور مسلم امہ کے اتحاد کی ضرورت پر زور دیا۔پاکستان اور ملائشیا کے وزرائے خارجہ نے عرب اسلامی سربراہی اجلاس کو بروقت اور ناگزیر قرار دیتے ہوئے اس کا خیرمقدم کیا اور امت مسلمہ میں یکجہتی کی فوری ضرورت پر زور دیا۔سینیٹر محمد اسحاق ڈار نے ہنگامی عرب-اسلامی سربراہی اجلاس کی تیاریوں کے سلسلے میں وزرائے خارجہ کے اجلاس کے موقع پر ایرانی وزیرِ خارجہ عباس عراقچی سے ملاقات کی ۔اتوار کو دفتر خارجہ سے جاری بیان کے مطابق دونوں وزرائے خارجہ نے اسرائیل کے قطر اور دیگر مسلم ممالک پر بلااشتعال حملوں کی شدید مذمت کرتے ہوئے کہا کہ یہ اقدامات خودمختاری، بین الاقوامی قانون اور اقوام متحدہ کے چارٹر کی سنگین خلاف ورزی ہیں۔ دونوں فریقین نے اس موقع پر مسلم امہ کو متحد کرنے میں عرب لیگ اور اسلامی تنظیم تعاون (او آئی سی) کے کلیدی کردار کو اجاگر کیا۔ دونوں رہنمائوں نے فلسطینی عوام کی آزادی اور حقِ خودارادیت کی جائز جدوجہد کے لیے اپنی غیر متزلزل حمایت کا اعادہ کیا۔نائب وزیر اعظم کی بنگلہ دیش کے مشیر خارجہ محمد توحید حسین سے دوحہ میں ملاقات ہوئی۔ ترجمان دفتر خارجہ کے مطابق ملاقات میں قطر اور دیگر مسلم ممالک پر اسرائیلی حملوں کی شدید مذمت کی گئی ۔ دونوں رہنماؤں نے فلسطینی عوام کے حق میں غیر مشروط حمایت کا اعادہ کیا۔ دونوں رہنماؤں نے مسلم اُمہ میں اتحاد اور یکجہتی کی اہمیت پر زور دیا۔علاوہ ازیں خطے میں امن و استحکام کے لیے تعاون پر تفصیلی بات چیت ہوئی۔ پاکستان اور بنگلہ دیش نے خارجہ امور میں قریبی ہم آہنگی کا اظہار بھی کیا۔ وزیر خارجہ اسحاق ڈار کی او آئی سی سیکرٹری جنرل حسین ابراہیم طحٰہ سے ملاقات کی ، قطر اور دیگر ممالک پر اسرائیلی حملوں کی مذمت کی گئی۔ اسحاق ڈار کے مطابق اسرائیلی حملے خودمختاری اور عالمی قوانین کی خلاف ورزی ہیں،او آئی سی کے تعمیری کردار پر اسحاق ڈار نے سیکرٹری جنرل سے اظہارِ تشکر کیا۔ ترجمان دفتر خارجہ کے مطابق پاکستان نے اسرائیلی جارحیت کے مقابلے میں مشترکہ اسلامی ردعمل کی ضرورت اورخطے میں امن و استحکام کے فروغ کی اہمیت پر زوردیا، فلسطینی عوام کے حق میں غیر متزلزل حمایت کا اعادہ کیا۔

Comments

Leave a Reply

Your email address will not be published. Required fields are marked *