غزہ ،یروشلم،میڈرڈ،لندن :غزہ پر اسرائیلی حملے جاری ہیں ،پیر کو اسرائیلی کارروائیوں میں 6سالہ جڑواں بچوں ،3صحافیوں سمیت 51افراد شہید اور متعدد زخمی ہو گئے۔اقوام متحدہ کی خصوصی نمائندہ برائے اظہار رائے کی آزادی آئیرین خان نے اسرائیل پر الزام لگایا کہ وہ فلسطینی صحافیوں کو جان بوجھ کر شہید کر رہا ہے تاکہ نسل کشی کو چھپایا جا سکے اورخبریں دنیا تک نہ پہنچ سکیں ۔ہسپانوی وزیراعظم پیدرو سانچیز نے فلسطین کے حق میں مظاہرہ کرنے والے افراد کی تعریف کرتے ہوئے اسرائیل پر بین الاقوامی کھیلوں میں پابندی عائد کرنے کا مطالبہ کیا ہے ۔ برطانوی وزارت دفاع نے کہا رائل کالج آف ڈیفنس اسٹڈیز میں اسرائیلی پوسٹ گریجویٹ فوجی افسروں کا داخلہ ستمبر 2026 سے معطل کر دیا جائے گا۔ یہ اقدام غزہ میں اسرائیلی کارروائیوں کے ردعمل میں کیا گیا ہے ۔اسرائیلی وزارت دفاع نے اس فیصلے کو امتیازی سلوک اور اتحادی سے بے وفائی قرار دیا ہے ۔ ناروے کی فٹبال ایسوسی ایشن نے اعلان کیا ہے کہ 11 اکتوبر کو اسرائیل کے خلاف ورلڈ کپ کوالیفائر میچ کے ٹکٹ کی تمام آمدنی ڈاکٹرز ودآؤٹ بارڈرز کو دی جائے گی تاکہ غزہ میں انسانی بحران کو کم کیا جا سکے ۔ ناروے کے فٹبال چیف لیزا کلونیس نے کہا کہ یہ میچ انسانی مشکلات کے پس منظر میں کھیلا جائے گا اور وہ اس صورتحال پر بے حس نہیں رہ سکتے ۔ میچ اوسلو کے اولیوال سٹیڈیم میں کھیلا جائے گا، جہاں 27 ہزار سے زائد شائقین جمع ہوں گے ۔

Leave a Reply