دبئی: مینز ٹی 20ایشیا کپ میں انٹرنیشنل کرکٹ کونسل کے میچ ریفری اینڈی پائی کرافٹ نے ہاتھ نہ ملانے کے تنازع پر پاکستان کرکٹ ٹیم سے معافی مانگ لی جبکہ آئی سی سی کوڈ آف کنڈکٹ کی خلاف ورزی کی انکوائری کرے گی۔چیئرمین پی سی بی اور صدرایشین کرکٹ کونسل محسن نقوی نے کہاہے کہ اللہ کا شکر ہے کہ اللہ نے پاکستان کی عزت برقرار رکھی اور ٹیم سے امید ہے کہ اب پرفارم کرکے دکھائے گی۔معاملے میں ڈیڈ لاک کی وجہ سے گزشتہ روز ایشیا کپ میں پاکستان اور متحدہ عرب امارات کا میچ ایک گھنٹے کی تاخیر کے بعد شروع ہوسکا،جس میں پاکستا ن نے 41رنز سے فتح حاصل کرکے سپرفور میں جگہ بنالی ۔تفصیلات کے مطابق آئی سی سی میچ ریفری اینڈی پائی کرافٹ نے 14 ستمبر کے واقعہ کو مس کمیونیکیشن کا نتیجہ قرار دے کرپاکستانی کپتان سلمان آغا اور ٹیم منیجر نویدا کرم چیمہ سے معذرت کرلی ،اینڈی پائی کرافٹ نے پاکستان اوربھارت کے میچ میں دونوں ٹیموں کے کپتانوں کو مصافحہ کرنے سے منع کیا تھا، پاکستان کرکٹ بورڈ نے اینڈی پائی کرافٹ کے اس عمل پر سخت رد عمل کا اظہار کیا تھا اورآئی سی سی کو باقاعدہ شکایت کی تھی ،گزشتہ روز اس معاملے کی وجہ سے پاکستان اور متحدہ عرب امارات کا میچ ایک گھنٹہ تاخیر سے شروع ہوا ،معافی مانگنے کے بعد اینڈ ی پائی کرافٹ نے گزشتہ روز بھی میچ ریفری کے فرائض انجام دئیے ۔پاکستان کرکٹ بورڈ نے متنازعہ میچ ریفری اینڈی پائی کرافٹ کی پاکستانی ٹیم کے منیجر اور کپتان سے معافی مانگنے کی ویڈیو جاری کردی جس میں پاکستانی کو چ ہیسن کو بھی دیکھا جاسکتاہے جبکہ آئی سی سی 14 ستمبر کو پاکستان بھارت میچ کے دوران کوڈ آف کنڈکٹ کی خلاف ورزی کی انکوائری کرے گی۔چیئرمین پی سی بی محسن نقوی نے گزشتہ رو ز لاہور میں پریس کانفرنس کرتے ہوئے کہاکہ میچ ریفری نے کپتان اور ٹیم منیجر سے معذرت کی ہے اور انہوں نے کہا ہے کہ ایسا واقعہ نہیں ہونا چاہئے تھا، ہم نے آئی سی سی سے 14 ستمبر کے میچ میں کوڈ آف کنڈکٹ کی خلاف ورزیوں کی انکوائری کی درخواست کی ہے ۔ان کا کہنا تھاکہ کرکٹ اور سیاست ساتھ ساتھ نہیں چل سکتے ، کھیل کو کھیل رہنے دیا جائے ، کرکٹ اس ساری چیز سے بالاتر ہونی چاہئے ۔انہوں نے کہا کہ سابق چیئرمین پی سی بی نجم سیٹھی اور رمیز راجہ سے صورتحال پر مشاورت کی، وزیراعظم اور حکام اس معاملے میں شامل تھے ان کی سپورٹ حاصل تھی، اللہ کا شکر ہے کہ اللہ نے پاکستان کی عزت برقرار رکھی اور ٹیم سے امید ہے کہ اب پرفارم کرکے دکھائے گی،ہم نے بھی قوم کی عزت اس طرح رکھی جس طرح اس کی توقع کی جارہی تھی،ہم بائیکاٹ کا فیصلہ بھی کرتے تو اس کیلئے مشاورت ضروری تھی ۔اس موقع پر سابق چیئرمین نجم سیٹھی کا کہنا تھاکہ پی سی بی کا ہمیشہ مو قف رہا ہے کھیل میں سیاست نہیں ہونی چا ہئے ۔سابق چیئرمین رمیز راجہ نے کہا کہ یہ پاکستان کی ایک فتح ہے جو بھی جذبات مجروح ہوئے ہیں اب ٹیم کارکردگی سے بتائے ، کرکٹ کو کرکٹ ہی رہنا چاہئے ، سیاسی پلیٹ فارم نہیں بننا چاہئے ۔رمیز راجہ نے کہاکہ اینڈی پائی کرافٹ بھارتی ٹیم کیلئے فکس ریفری ہیں، وہ بھارت کے 90 میچوں میں میچ ریفری رہے ہیں، مجھے لگتا ہے اینڈی پائی کرافٹ بھارت کے فیورٹ میچ ریفری ہیں۔ایک گھنٹہ تاخیر سے شروع ہونیوالے میچ میں متحدہ عرب امارات نے ٹاس جیت کر فیلڈنگ کرنے کا فیصلہ کیا ،پاکستان نے پہلے بیٹنگ کرتے ہوئے 9وکٹوں پر 146رنزبنائے ،ٹاپ سکوررفخر زمان نے 36گیندوں پر 3چھکوں اور 2چوکوں سے مزین 50رنز کی اننگز کھیلی ،14گیندوں پر 2چھکوں اور 3چوکوں کی مددسے 29رنزبنانے والے شاہین آفریدی ناقابل شکست رہے ،سلمان آغا 20اورمحمد حارث 18رنزبناسکے ،دوسرا کوئی بیٹربھی ڈبل ہندسے تک نہیں پہنچ سکا ،صائم ایوب مسلسل تیسرے میچ میں صفر پر آؤٹ ہوئے ۔جنید صدیق نے 18رنزدیکر 4وکٹیں لیں جبکہ سمرن جیت سنگھ نے 3کھلاڑیوں کو آؤٹ کیا ۔147رنز کے ہدف میں یواے ای کی ٹیم 18 ہویں اوورکی چوتھی گیند پر 105رنزبناکرآل آؤٹ ہوگئی ،راہول چوپڑا 35،دھرپراشر 20،محمدوسیم 14اورعلی شان شرفو 12رنز کے علاوہ کوئی بھی بیٹر ڈبل فیگر تک نہ پہنچا بلکہ 3بیٹرکھاتہ بھی نہ کھول سکے ۔شاہین شاہ آفری ،حارث رؤف اورابرار احمد نے 2،2جبکہ سلمان آغااو ر صائم ایوب نے ایک ایک وکٹ حاصل کی ۔شاہین شاہ آفریدی کو شاندارآل راؤنڈر پرفارمنس پر پلیئرآف دی میچ کے اعزازسے نوازاگیا۔اس میچ میں فتح کے بعد پاکستان کی گروپ میں دوسری پوزیشن رہی اور پہلے نمبر پر موجود بھارت کے ساتھ پاکستان کا سپرفور میں مقابلہ 21ستمبر بروز اتوار کو دبئی میں ہوگا۔
ایشیا کپ:میچ ریفری نے پاکستانی کرکٹ ٹیم سے معافی مانگ لی،کھیل میں 1گھنٹے کی تاخیر،یو اے ای کو پاکستان سے شکست

Leave a Reply