بورے والا : پنجاب فوڈ اتھارٹی ٹیم نے نواحی گاؤں 289 ای بی میں قائم جعلی دودھ تیار کرنے والی فیکٹری پر چھاپہ مارا اور بڑی مقدار میں مضر صحت مواد برآمد کرلیا۔ٹیم نے کارروائی کے دوران 125 کلو پاؤڈر، 45 لٹر ویجیٹبل گھی، مکسر اور مشینری ضبط کرلی جبکہ 50 لٹر گاڑھا محلول موقع پر تلف کردیا گیا۔اتھارٹی حکام کے مطابق فیکٹری میں پاؤڈر اور ویجیٹبل گھی کی مدد سے روزانہ تقریباً 2000 لٹر مصنوعی دودھ تیار کیا جارہا تھا، جو شہر اور گردونواح میں سپلائی کیا جاتا تھا۔ ٹیم نے بتایا کہ برآمد شدہ محلول سے بھی سینکڑوں لٹر زہریلا دودھ تیار کیا جانا تھا جسے تلف کردیا گیا ہے ۔اطلاع ملنے پر تھانہ گگو پولیس بھی موقع پر پہنچ گئی اور فیکٹری مالک امانت سکھیرا کے خلاف مقدمہ درج کرکے مزید کارروائی شروع کردی۔ پولیس کا کہنا ہے کہ عوام کو مضر صحت اشیاء فروخت کرنے والوں کو کسی صورت معاف نہیں کیا جائے گا۔

Leave a Reply