اسلام آباد، لندن: وزیراعظم شہباز شریف نے کہا ہے کہ معرکہ حق میں بھارت کو جو سبق سکھایا وہ زندگی بھر یاد رکھے گا مگر اب سیز فائر ہوچکا ہے لہذا ہم امن اور برابری کی بنیاد پر مسئلہ کشمیر سمیت تمام مسائل کا حل چاہتے ہیں، کیوں کہ دونوں ہمسایہ ممالک نے ہمیشہ ساتھ رہنا ہے، بھارت جھگڑالو پڑوسی کے بجائے اچھے ہمسائے کی طرح رہے۔اگر ہم فیصلہ کرلیں تو جس طرح ہم نے بھارت کے 6 جہاز گرائے ہیں ویسے ہم غربت کا خاتمہ بھی کرکے دکھائیں گے ،پاکستان کو قرضوں سے نجات دلائیں گے ، یہ مشکل ضرور ہے لیکن ناممکن نہیں، ہم نے پاکستان کوعظیم عسکری قوت بنایا ، اب اسے معاشی قوت بنائیں گے ۔وزیراعظم نے لندن میں اوورسیز پاکستانیز کنونشن سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ اوورسیزپاکستانی نا صرف معاشی طور پر بلکہ سیاسی طور پر ہر جگہ پاکستان کا دفاع کرتے ہیں، آپ سب کو سلیوٹ پیش کرتا ہوں۔ اوورسیز پاکستانیوں کی معیشت میں معاونت ناقابلِ فراموش ہے ، اوورسیز پاکستانیوں کو سونے اور جواہرات میں بھی تولا جائے تو کم ہے ، اس برس اوورسیز پاکستانیوں نے ساڑھے 48 ارب ڈالر پاکستان بھیجے ۔شہباز شریف نے کہا کہ سب سے پہلے آپ سب کو 10 مئی 2025 کی عظیم فتح کی مبارکباد دینا چاہتا ہوں، پہلگام واقعہ کی شفاف تحقیقات کیلئے میں نے عالمی کمیٹی کے قیام کا اعلان کیا لیکن ہمسایہ ملک نے اس کا کوئی جواب نہیں دیا اور جھوٹے الزامات لگاتارہا اور6 مئی کو پاکستان پرحملہ کیا جس میں بے گناہ پاکستانی شہید ہوئے ، مساجد کو شہید کیا گیا ، جس پر پاکستان کو اپنے دفاع میں کارروائی کرنی پڑی۔ایک جھٹکے میں دشمن کے 6 جہاز زمین بوس ہوگئے ، دشمن کو چند گھنٹوں میں پتا چل گیا کہ یہ بات بہت دور تک چلی جائے گی۔ان کا کہناتھاکہ فیلڈ مارشل سید عاصم منیر نے مجھے فون کیااور بتایاکہ دشمن نے ہم پر حملہ کردیا،وزیراعظم آپ مجھے اجازت دیں، ہم ان کو وہ سبق سکھائیں گے کہ وہ زندگی بھر یاد رکھیں گے ۔ فیلڈ مارشل نے اپنے جوانوں کو تیار کیا اور کمال کی کارکردگی دکھائی جبکہ ہمارے شاہینوں نے ایئر چیف مارشل ظہیر احمد بابر سدھو کی قیادت میں دشمن کے جہازوں کو گرایا۔عظیم پاکستانیو اللہ نے آپ کو وہ فتح دی ہے کہ آج مغرب سے لیکر مشرق تک لوگ جب پاکستان کے سبز پاسپورٹ کو دیکھتے ہیں تو کہتے ہیں ہم سلام پیش کرتے ہیں۔ پاکستان کے پاس تیل اور گیس کے بہت کم ذخائر ہیں ، ہمارا اثاثہ ہماری نوجوان نسل ہے اگر ہم اپنی نوجوان نسل کو بہترین تربیت اور علم سے آراستہ کریں گے تو یہ پاکستان اور اس کے پرچم کو آسمانوں تک لے جائے گی کیونکہ صرف اور صرف محنت ہی وہ امر ہے جس سے قومیں بنتی ہیں۔شہبازشریف نے کہا ہم امن چاہتے ہیں، ہم ترقی وخوشحالی، ملک میں بیروزگاری کا خاتمہ اور سرمایہ کاری چاہتے ہیں ، پاکستان اور بھارت کے درمیان جنگوں پر اربوں ڈالر خرچ ہوئے ، اربوں ڈالر عوام کی ترقی و فلاح پر خرچ ہونے چاہئیں۔
بھارت سے جنگ بندی ہوچکی، امن اور برابری کی بنیاد پر مسائل کا حل چاہتے ہیں : شہباز شریف

Leave a Reply