دہشت گردی کا مرکزی لانچ پیڈدرانی کیمپ2،برانچابٹالین ہیڈ کوارٹرز سمیت کئی پوسٹیں صفحہ ہستی سے مٹ گئیں،افغان فوجی لاشیں چھوڑ کرفرار پاک فوج نے قومی پرچم لہر دیئے پاک فوج نے در اندازی کی کوشش کو ناکام بناتے ہوئے افغان فورسز ،خوارجیوں کو بھاری جانی نقصان پہنچایا ، ہلاک اور زخمیوں کی تعداد اس سے کہیں زیادہ ، کشیدہ صورتحال کے پیش نظر طورخم اور چمن کراسنگ پوائنٹس بند کردئیے گئے سنگین اشتعال انگیزی طالبان وزیرخارجہ کے دورہ بھارت کے دوران پیش آنے پر تشویش ،پاکستان میں دہشتگردی کیلئے افغان سرزمین کا استعمال برداشت نہیں، طالبان حکومت کو چا ہئے کہ وہ کسی بھی غیرمعقول عسکری تنازع سے باز رہے ، آئی ایس پی آر
اسلام آباد:افغان طالبا ن اور ہندوستان کے حمایت یافتہ فتنہ الخوارج کے دہشت گردوں کی جانب سے 11اور 12اکتوبر کی درمیانی شب مختلف اطراف سے پاکستان پر جارحیت کی کوشش کرتے ہوئے بلا اشتعال فائرنگ کی تو پاک فوج نے اس کا بھرپور موثر اور ٹھوس جواب دیتے ہوئے نہ صرف دہشت گردوں کی در اندازی کی کوشش کو ناکام بنا دیا بلکہ ان کے ٹھکانوں ، چوکیوں اور سہولتی مراکز کو تباہ کرنے کے علاوہ 200 سے زائد طالبان اور ان سے منسلک دہشت گردوں کو ہلاک کر دیا جبکہ زخمیوں کی تعداد اس سے کہیں زیادہ تھی ، پاک فوج نے 21 چیک پوسٹوں پر قبضہ اور کئی تباہ کر دیں ، پاک فوج نے ان پوسٹوں پر قومی پرچم لہرا دئیے اور سرحدی علاقوں میں دہشت گردی کے بڑے تربیتی کیمپ تباہ کر دئیے تاہم ان کارروائیوں کے دوران پاک فوج کے 23 بہادر بیٹوں نے دفاع وطن کا فریضہ انجام دیتے ہوئے شہادت کو گلے لگا لیا اور29زخمی ہوگئے ۔پاک فوج کی جوابی کارروائی میں دہشت گرد وں کے مرکزی لانچ پیڈ درانی کیمپ 2، برانچا بٹالین ہیڈکوارٹر ز سمیت کئی پوسٹیں صفحہ ہستی سے مٹ گئیں ، اس دوران افغان فوجی لاشیں چھوڑ فرارہوگئے ، کشیدہ صورتحال کے پیش نظر طورخم اور چمن کراسنگ پوائنٹ بند کردئیے گئے ،آئی ایس پی آر کے مطابق افغان فورسز اور فتنہ الہندو ستان ، فتنہ الخوارج اور داعش کے دہشت گردوں کا مقصد دہشت گردی کی سہولت فراہم کرنے کے لئے سرحدی علاقوں کو غیر مستحکم کرنا تھا اور فتنہ الخوارج کے مذموم عزائم کو آگے بڑھانا تھا۔تاہم اپنے دفاع کا حق استعمال کرتے ہوئے پاکستان کی چوکس مسلح افواج نے حملے کو جرت اور بہادری سے پسپا کر دیا اور طالبان فورسز اور اس سے منسلک خوارجیوں کو بھاری جانی نقصان پہنچایا۔ درست فائر اورسٹرائیکس کے ساتھ ساتھ طالبان کے کیمپوں اور پوسٹوں، دہشت گردوں کی تربیتی سہولیات اور افغان سرزمین سے کام کرنے والے سپورٹ نیٹ ورکس کے خلاف چھاپے مارے گئے ، جن میں فتنہ الخوارج ، فتنہ الہندوستان اور داعش سے منسلک عناصر شامل ہیں۔ پاک فوج کی جانب سے جوابی کارروائیوں کے دوران کولیٹرل نقصان سے بچنے اور شہریوں کی جانوں کے تحفظ کیلئے تمام ممکنہ اقدامات کا ہر لحاظ سے خیال رکھا گیا اور اس بات کو یقینی بنایا گیا کہ اس سے عام شہری متاثر نہ ہوں ۔ سرحد کے ساتھ ساتھ طالبان کے متعدد ٹھکانے تباہ کر دئیے گئے ۔ افغان سرحد پر دشمن کی 21 پوسٹوں پر قبضہ کیا گیا اور متعدد دہشت گرد تربیتی کیمپ جو پاکستان کے خلاف حملوں کی منصوبہ بندی اور سہولت کاری کیلئے استعمال کئے گئے تھے ان کو ناکارہ بنا دیا گیا۔راتوں رات ہونے والی جھڑپوں کے دوران پاکستان کے 23بہادر بیٹوں نے شہادت پائی جبکہ29فوجی زخمی ہوئے ۔ آئی ایس پی آر کے مطابق مسلح افواج پاکستان کے عوام کی علاقائی سالمیت، جان و مال کے تحفظ کیلئے ہمہ وقت تیار ہیں۔ پاکستانی عوام تشدد اور جنگ بندی کی بجائے تعمیری سفارت کاری اور بات چیت کو ترجیح دیتے ہیں تاہم پاکستان کے خلاف دہشت گردی کیلئے افغان سرزمین کے استعمال کو برداشت نہیں کیا جائے گا ، یہ بات با عث تشویش ہے کہ یہ سنگین اشتعال انگیزی طالبان کے وزیر خارجہ کے دورہ بھارت جو خطے میں دہشت گردی کا سب سے بڑا سپانسر ڈ ہے کے دوران پیش آیا ہے ، افغان عبوری حکومت پر واضح کیا گیا ہے کہ اگر اس نے پاکستان کی امن کی خواہش کا مثبت جواب نہ دیا اور دہشت گروپوں سے خود کا علیحدہ نہ کیا تو وہ اپنے دفاع کے حق کا استعمال جاری رکھے گا ۔ طالبان حکومت کو چا ہئے کہ وہ کسی بھی غیرمعقول عسکری تنازع سے باز رہے اور افغان عوام کی فلاح، امن، خوشحالی اور ترقی کو فوقیت دے ۔آئی ایس پی آر نے بھارت کو خطے میں دہشت گردی کا سب سے بڑا سہولت کار قرار دیتے ہوئے واضح کیا کہ افغان سرزمین کے دہشت گردی کیلئے استعمال کو برداشت نہیں کیا جائے گا۔میڈیا رپورٹس کے مطابق افغان طالبان کا درانی کیمپ 2 مکمل تباہ کردیا گیا،یہ کیمپ دہشت گردی کا مرکزی لانچ پیڈ تھا، برانچا میں سکینڈ بٹالین ہیڈکوارٹر ز بھی تباہ کیا گیا جبکہ ٹالی پوسٹ اور افغانی شہیدان پوسٹ بھی تباہ ہوگئی ،جنڈوسر، دوران میلا، ترکمان زئی بھی صفحہ ہستی سے مٹ گئے ۔ باجوڑ کے سامنے کنڑ میں افغانستان کی پوسٹ میں بمباری سے آگ لگ گئی جبکہ افغان فوجی لاشیں چھوڑ کر بھاگ گئے ۔ افغان طالبان کا منوجبا کیمپ بٹالین ہیڈکوارٹر زمکمل تباہ کردیا گیا،جہاں موجود درجنوں طالبان سپاہی اور خارجیوں کے ہلاک ہونے کی اطلاعات ہیں۔ پاک فوج نے سپن بولدک سیکٹر میں افغان طالبان کا عصمت اللہ کرار کیمپ بھی تباہ کر دیا جو افغان طالبان کے سب سے بڑے کیمپس میں سے ایک تھا۔ پاک فوج نے افغانی پوسٹوں پر پاکستان کا جھنڈا لہرا دیا۔ افغان طالبان کی جانب سے بلا اشتعال فائرنگ کے بعد جوابی کارروائی کے دور ان پاکستانی فورسز کے بھاری ہتھیاروں کے استعمال کی ویڈیو منظر عام پر آ گئی۔ ویڈیو میں پاکستان فوج کی آرٹلری گنز کو افغان طالبان کی متعدد پوسٹوں کو نشانہ بناتے ہوئے دیکھا جا سکتا ہے ۔دوسری طرف افغان فوج کے طالبان سپاہی کی خود کو پاک فوج کے سامنے سرنڈر کرنے کی ویڈیو منظر عام پر آگئی۔ویڈیو میں ایک افغان طالبان کو پاک فوج کے سامنے سرنڈر کرتے دیکھا جا سکتا ہے جبکہ بیشتر افغان طالبان پوسٹیں خالی چھوڑ کر بھاگ چکے ہیں۔
پاکستان کا جوابی وار،200افغان طالبان و دہشتگرد ہلاک،21پوسٹوں پر قبضہ کئی تباہ:جھڑپوں میں پاک فوج کے 23جوان شہید،29زخمی

Leave a Reply