اسلام آباد: اڈیالہ سے رہائی کے بعد میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے شیخ رشید احمد نے کہا ہے کہ میں اپنا آدھا سامان جیل میں ہی چھوڑ کر جارہا ہوں، ممکن ہے دوبارہ آنا پڑے۔
اسلام آباد ہائی کورٹ نے سابق صدر آصف زرداری پر عمران خان کے مبینہ قتل کی سازش کے الزام کے کیس میں شیخ رشید کی درخواست ضمانت منظور کرتے ہوئے انہیں رہا کرنے کا حکم دیا، جس پر عمل کرتے ہوئے جیل انتظامیہ نے روبکار جاری ہونے کے بعد شیخ رشید کو رہا کردیا۔
عوامی مسلم لیگ کے سربراہ کی رہائی کے وقت اڈیالہ جیل کے باہر کارکنان موجود تھے جنہوں نے شیخ رشید کا نعروں اور گُل پاشی کے ساتھ استقبال کیا۔
شیخ رشید کی اڈیالہ جیل سے رہائی کے بعد میڈیا سے گفتگو
شیخ رشید احمد نے کہا کہ 15 دن سسرال میں رہ کرآیا ہوں، میں گھبرانے والا نہیں، ساڑھے 7 سال قید بھی یہی سزا کاٹی ہے، راولپنڈی نسلی اور اصلی لوگوں کا شہر ہے، آدھا سامان جیل چھوڑ آیا ہوں ہوسکتا ہے دوبارہ آؤں۔
انہوں نے کہا کہ مریم کہتی ہے شہباز کی حکومت میری نہیں ہے، شہباز شریف رات کے کام چھوڑ دو۔ شیخ رشید نے کہا کہ اللہ کے بعد اس ملک کو صرف عدلیہ اور انتخابات ہی بچا سکتے ہیں، میں تمام ججز کو سلام پیش کرتا ہوں۔ جنہوں نے ضمانت دی ان کو جانتا نہیں۔
شیخ رشید نے کہا کہ ہم نے یحیی خان، بھٹو اور نواز شریف کو گرایا، دو دن اور دو راتیں میرے اوپر بھاری تھیں لیکن میں ان کو معاف کرتا ہوں، میرے گھر میں ڈکیتی ماری گئی، جو لوگ میرے گھر سے سامان لے کر گئے واپس پہنچا دیں، کل دوپہر کو لال حویلی کے باہر اہم خطاب کروں گا۔

Leave a Reply