لاہور: مسلم لیگ ن کے سینئر رہنما شاہد خاقان عباسی نے پارٹی قائد نواز شریف کی ہدایت پر مریم نواز سے ملاقات کی ہے۔
پارٹی ذرائع کے مطابق پاکستان مسلم لیگ میں دھڑے بندیوں کی خبریں سامنے آنے کے بعد سابق وزیر اعظم شاہد خاقان عباسی کی چیف آرگنائز مریم نواز سے پارٹی سیکرٹریٹ ماڈل ٹاون میں ملاقات ہوئی ہے، جو تقریباً ایک گھنٹے تک جاری رہی۔
شاہد خاقان عباسی نواز شریف کی خصوصی ہدایت پر مریم نواز سے ملنے لاہور پہنچے۔اہم ملاقات میں مریم نواز نے شاہد خاقان عباسی کو یقین دہانی کرائی کہ پارٹی معاملات میں سینئر قیادت کو ساتھ لے کر چلیں گے۔
مریم نواز نے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ میرا آپ کے ساتھ احترام کا مضبوط رشتہ ہے۔ بے پرکی پھیلانے والے ناکام ہوں گے۔
ذرائع کے مطابق شاہد خاان عباسی نے مریم نواز سے ملاقات میں کہا کہ میں نواز شریف کا سپاہی تھا، ہوں اور ہمیشہ رہوں گا۔ میرا مؤقف ہے کہ پارٹی میں ہر معاملے پر مشاورت کو ترجیح دی جانی چاہیے۔
دریں اثنا لاہور میں مریم نواز اور شاہد خاقان عباسی کی ملاقات کی اندرونی کہانی سامنے آ گئی۔ پارٹی ذرائع کے مطابق مریم نواز نے گفتگو میں کہا کہ میں آپ کی بہن ہوں، آپ کی رہنمائی میں پارٹی اور ملک کی ترقی میں اہم کردار ادا کرنا چاہتی ہوں۔ پارٹی میری اکیلی کی نہیں۔ نوازشریف کی سربراہی میں سب مل کر پارٹی کے لیے کام کریں گے۔
مریم نواز کا کہنا تھا کہ آپ جیسے لیڈر پارٹی کا فخر ہیں اور آپ کی لازوال قربانیوں کو فراموش نہیں کیا جا سکتا۔
شاہد خاقان عباسی نے گفتگو میں کہا کہ میں نے اپنا سب کچھ مسلم لیگ ن کے لیے وقف کر رکھا ہے۔ نوازشریف میرے لیڈر ہیں، شہباز شریف کی رہنمائی ہمیشہ میرے ساتھ رہی۔ نواز شریف سے محبت ہے، اس لیے ن لیگ میں ہیں۔ ن لیگ میں رہا اور آخری دم تک ن لیگ ہی میں رہوں گا۔مسلم لیگ ن سے کوئی دُوری نہیں بڑھی۔نواز شریف اور پارٹی سے آج بھی رابطہ قائم ہے اور کل بھی قائم رہے گا۔

Leave a Reply