دبئی: آئی سی سی کی ٹی ٹوئنٹی رینکنگ میں بابراعظم ایک درجہ بہتری کیساتھ تیسرے نمبر پر آگئے۔
آئی سی سی کی جانب سے بدھ کو اپڈیٹ کی گئی ٹی ٹوئنٹی بیٹنگ رینکنگ میں بابراعظم ایک درجہ بہتری کیساتھ 755 کی ریٹنگ کیساتھ تیسرے نمبر پر آگئے ہیں جبکہ بھارتی بلے باز سوریا کمار 906 کی ریٹنگ کیساتھ پہلے اور پاکستان کے محمد رضوان 811 ریٹنگ کیساتھ دوسرے نمبر پر ہیں۔
نیوزی لینڈ کیخلاف پانچ ٹی ٹوئنٹی میچوں کی سیریز میں بابراعظم اور محمد رضوان کے پاس یہ موقع ہوگا کہ وہ اپنی رینکنگ کو مزید بہتر بناکر سوریا کمار یادیو سے پہلی پوزیشن چھین لیں۔
بابر اور محمد رضوان دونوں کو بنگلہ دیش کے خلاف سیریز میں آرام دیا گیا تھا تاہم اب دونوں کھلاڑی کیوی ٹیم کیخلاف اچھا اسکور کرنے کے خواہشمند ہوں گے تاکہ انکی آئی سی سی رینکنگ میں مزید بہتری آسکے۔
واضح رہے کہ نیوزی لینڈ اور پاکستان کے درمیان پانچ ٹی ٹوئنٹی میچوں کی سیریز کا پہلا میچ کل جمعہ کو قذافی اسٹیڈیم لاہور میں رات 9 بجے کھیلا جائے گا۔
سیریز کا دوسرا میچ 15 اور تیسرا 17 اپریل کو قذافی اسٹیڈیم میں ہوگا جبکہ آخری دو میچز 20 اور 24 اپریل کو راولپنڈی میں کھیلے جائیں گے۔

Leave a Reply