اسلام آباد: وفاقی وزیر دفاع خواجہ آصف نے کہا ہے کہ ملکی سسٹم میں عوامی نمائندوں کے مینڈیٹ کا کوئی نعم البدل نہیں، سپریم کورٹ کوشش کررہی ہے کہ حکومت مدت پوری نہ کرے۔
قومی اسمبلی کے اجلاس میں نکتہ اعتراض پر اظہار خیال کرتے ہوئے خواجہ آصف نے کہا کہ عوامی نمائندے کروڑوں ووٹ لیکر پارلیمنٹ پہنچے ہیں، ملکی سسٹم میں عوامی نمائندوں کے مینڈیٹ کا کوئی نعم البدل نہیں، پارلیمنٹ کے مینڈیٹ پر سوالیہ نشان اٹھتے رہے ہیں، پچھتر سال سے عوامی نمائندے عوام کے پاس جا کر اپنے عہد کی تجدید کرتے ہیں، کسی ادارے نے عوام کی اتنی خدمت نہیں کی جتنی عوامی نمائندوں نے کی ہے۔
انہوں نے کہا کہ عوامی ووٹوں سے منتخب ہونے والے کی کوئی چیز پوشیدہ نہیں ہوتی، ایوان کی کارروائی ٹی وی پر دکھائی جاتی ہے مگر عدالتی کارروائی نشر نہیں کی جاتی، ہمیں سپریم کورٹ کا احترام ہے، سپریم کورٹ کو پارلیمنٹ کی کارروائی کے منٹس دینے ہیں دے دیں مگر اسپیکر قومی اسمبلی بھی سپریم کورٹ سے عدالتی کارروائی کا ریکارڈ طلب کریں۔
خواجہ آصف نے کہا کہ پنچایت لگانا، مذاکرات کرانا سپریم کورٹ کا کام نہیں ہے، ہمیں متحد ہوکر ہر صورت پارلیمنٹ کا دفاع کرنا ہو گا، پی ٹی آئی کو 2018 میں سہولت کار ملے اب پھر مل گئے ہیں، پارلیمنٹ کو سہولت کاری کے سامنے دیوار بننا ہو گا۔ وزیر دفاع نے کہا کہ وزیراعظم کی گردنیں لینے کا رواج ختم ہونا چاہیے، ہمیں اپنے وزیراعظم کا تحفظ کرنا ہو گا، وزیراعظم کسی بھی جماعت کا ہو گا تحفظ کرنا ہو گا، ہم سب کو باہمی تفریق کو بھول کر پارلیمنٹ کی عزت و وقار اور سربلندی کیلئے لڑنا چاہیے اور کسی بھی وزیراعظم کی قربانی کو روکنا چاہیے۔

Leave a Reply