لاہور: پاکستان تحریک انصاف کے ترجمان نے کہا ہے کہ جب بھی پاکستان کی تباہی کی داستان لکھی جائے گی تو شہباز شریف کا نام سرفہرست ہوگا۔
وزیراعظم شہباز شریف کی تاجروں سے ملاقات اور گفتگو پر ردعمل دیتے ہوئے پی ٹی آئی ترجمان نے کہا کہ ملکی معیشت، کاروبار اور تجارت سمیت پورا اقتصادی ڈھانچہ برباد کرنے والا مجرم تاجروں کو کس منہ سے لیکچرز دے رہا ہے، شرم و حیا سے ناواقف، عوامی تائید سے یکسر محروم اور صلاحیت و استعداد سے بالکل عاری شخص کا واحد کارنامہ 6% کی شرح سے ترقی کرتی معیشت کو 0.3% کی سطح تک گرانا ہے۔
ترجمان پی ٹی آئی نے کہا کہ جب بھی تاریخ دان پاکستان کی تباہی کی داستان لکھے گا، اس بہروپیے (شہباز شریف) کا نام سرِفہرست لکھے گا، منی لانڈرنگ میں نام کمانے اور جعلی اکاؤنٹس کے ذریعے چوری کا پیسہ ٹھکانے لگانے والے فراڈیوں کے ہاتھ میں معیشت قومی نوعیت کا جرم ہے۔
انہوں نے کہا کہ قومی خزانے کو لوٹنے کی لَت میں مبتلا مجرموں کا نیم خواندہ ٹولہ معیشت و اقتصادیات کی الف ب تک سے ناواقف ہے، بجلی کے بنیادی ٹیرف میں 5 روپے کا اضافہ کرکے یہ مسخرہ تاجروں کو مسابقتی کاروبار کی تلقین کررہا ہے۔
ترجمان پی ٹی آئی نے کہا کہ اس (شہباز شریف) کی ناک کے نیچے گاڑیاں بنانے والے کارخانے بند، تیل کی تجارت کرنے والی کمپنیاں اپنے شیئرز فروخت کررہی ہیں، مافیاز کے سہولتکار نے ان 15 ماہ میں درآمدات کا جنازہ نکال کر ملک کو قرضوں کے انبار تلے دفن کیا ہے۔

Leave a Reply