اسلام آباد: نگراں وزیراعظم انوار الحق کاکڑ نے کہا ہے کہ حکومت بجلی چوروں اور نادہندگان کے خلاف بھرپور کارروائی کرے گی اور انہیں کسی قسم کی رعایت نہیں دی جائے گی۔
نگراں وزیر اعظم کی زیر صدارت بجلی کے شعبے کے حوالے سے اجلاس ہوا، جس میں متعلقہ محکموں نے بجلی کی مجموعی پیداواری استعداد، سال بھر میں پیداوار و ترسیل اور اسکے لئے استعمال ہونے والے انرجی مکس کے بارے تفصیلی بریفنگ دی۔
شرکا کو ملک بھر میں بجلی نظام کے نقصانات اور وصول نہ ہونے والی رقم پر بھی بریفنگ دی گئی۔ اسکے علاوہ ملک بھر میں تقسیم کار کمپنیوں میں وصولیوں کے نقصانات، بجلی چوری کے بھی اعشاریے پیش کئے گئے۔
وزیراعظم نے اجلاس میں گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ حکومت بجلی چوروں کے خلاف بھرپور ایکشن لے گی اور نادہندگان کے خلاف بھی کارروائی ہوگی، ایسے کسی بھی شخص کو کوئی رعایت نہیں دی جائے گی۔
انوار الحق کاکڑ نے ہدایت کی کہ بجلی واجبات کے نادہندگان کے خلاف صوبوں اور قانون نافذ کرنے والے اداروں کے ساتھ مل کر فوری طور پر کاروائی شروع کی جائے اور اس معاملے میں کسی کو کوئی رعایت نہیں کی جائے۔

Leave a Reply