لاہور: ایشیا کپ سپر فور مرحلے کے پہلے میچ میں 194 رنز کے تعاقب میں بنگلادیش کیخلاف پاکستان کی بیٹنگ جاری ہے۔
اوپنرز فخر زمان اور امام الحق نے پاکستان کی اننگز کا آغاز کیا۔ دسویں اوور میں 35 کے مجموعی اسکور پر پاکستان کی پہلی وکٹ گری جب فخر زمان 20 رنز بنانے کے بعد شرف الاسلام کی گیند پر ایل بی ڈبلیو ہوگئے۔
سولہویں اوور میں 74 کے مجموعی اسکور پر بابر اعظم کی وکٹ گر گئی۔ انہوں نے 22 گیندوں پر 17 رنز بنائے۔ اس وقت کریز پر امام الحق اور محمد رضوان موجود ہیں۔
بنگلا دیش کی ٹیم پہلے بیٹنگ کھیلتے ہوئے 38.4 اوورز میں 193 رنز پر ڈھیر ہوگئی تھی۔ حارث رؤف نے 4، نسیم شاہ نے 3، شاہین شاہ آفریدی، فہیم اشرف اورافتخار احمد نے ایک، ایک وکٹ حاصل کی۔
قذافی اسٹیڈیم لاہور میں کھیلے جارہے میچ میں بنگلادیشی اوپنر ٹیم کو اچھا آغاز دینے میں ناکام رہے، اوپنر مہدی حسن صفر، محمد نعیم 20 جبکہ لٹن داس 16 توحید ہردوئے 2 رنز بناکر پویلین لوٹ گئے۔
کپتان شکیب الحسن 57 گیندوں پر 7 چوکوں کی مدد سے 53 رنز بناکر آؤٹ ہوئے انہوں نے مشفق الرحیم کیساتھ مل کر پانچویں وکٹ کی شراکت میں 100 رنز کی پارٹنرشپ قائم کی۔ مشفق الرحیم 64 رنز پر آؤٹ ہوئے تاہم انکے بعد کوئی کھلاڑی قابل ذکر رنز نہ بناسکا اور یکے بعد دیگرے وکٹیں گرتی رہیں۔
قبل ازیں بنگلادیشی ٹیم کے کپتان شکیب الحسن ٹاس جیت کر پہلے بیٹنگ کرنے کا فیصلہ کیا، انہوں نے کہا کہ کوشش ہوگی پاکستان کیخلاف اچھی کارکردگی پیش کرنے کی کوشش کریں گے، ٹیم ایک تبدیلی کی گئی ہے لٹن داس کو نجم الحسن شانتو کی جگہ پلئینگ الیون کا حصہ ہیں۔

Leave a Reply