لاہور: پاکستان تحریک انصاف نے اکبر ایس بابر کے انٹرا پارٹی انتخابات کو چلینج کرنے کے فیصلے کو سازش قرار دیتے ہوئے کہا ہے کہ یہ عمل پی ٹی آئی کو انتخابات سے دور رکھنے کی سازش ہوگا اور اچانک ایسے شخص کا منظر عام پر آنا بھی اسی سلسلے کی کڑی ہے۔
پی ٹی آئی کے بانی رکن اکبر ایس بابر کی پریس کانفرنس اور انٹرا پارٹی انتخابات کو چلینج کرنے کے فیصلے پر تحریک انصاف کے ترجمان نے ردعمل دیتے ہوئے کہا کہ پاکستان کو سیاسی استحکام کی ضرورت ہے اور بحرانوں سے نجات کی راہ صاف شفاف انتخابات میں مضمر ہے۔
تحریک انصاف کے ترجمان نے کہا کہ ملک میں ساکھ اور حیثیت کے حامل انتخابات کیلئے تمام سیاسی جماعتوں کی انتخابی عمل میں یکساں اور مساوی انداز میں شرکت ناگزیر ہے ، پاکستان تحریک انصاف ملک کی سب سے بڑی، کروڑوں پاکستانیوں کی نمائندہ جماعت ہے۔
ترجمان نے کہا کہ تحریک انصاف یا اس کی قیادت کے بغیر شفاف انتخابات کا کوئی تصور ممکن ہے نہ عوام اسے قبول کریں گے، تحریک انصاف کو سیاسی عمل سے باہر کرنے کی ریاستی کوششوں سے قوم پوری طرح واقف ہے اور اکبر ایس بابر کا اچانک منظر عام پر آنا بھی اسی سلسلے کی کڑی ہے۔

Leave a Reply