لاہور: پولیس نے سیف سٹی ٹیم کی مدد سے نو سرباز گینگ کو گرفتار کرکے ان کے قبضے سے لوٹی ہوئی رقم برآمد کرلی۔
تفصیلات کے مطابق گلبرگ میں 6 رکنی گینگ نے شہری کی بینک سے نکلوائی 15 لاکھ سے زائد رقم لوٹ لی تھی۔ سیف سٹی کی جانب سے نوسر بازوں کی واردات کرتے ہوئے ویڈیو جاری کردی۔
جاری کردہ ویڈیو میں دیکھا جا سکتا ہے کہ نوسر باز گینگ کے سرغنہ نے بینک میں شہری کی ریکی کی جبکہ نوسربازوں نے باتوں میں الجھا کر شہری کی گاڑی سے رقم نکال لی۔
سیف سٹی ٹیم نے تمام شواہد اور ملزمان کی ویڈیو پولیس کے حوالے کی جس کے بعد پولیس نے فراہم کردہ ویڈیو کی مدد سے گینگ کے سرغنہ سمیت تمام ملزمان کو گرفتار کرلیا۔ بعدازاں پولیس نے لوٹی رقم برآمد کرکے شہری کے حوالے کر دی۔
اس حوالے سے ترجمان سیف سٹیز نے کہا کہ شہری محتاط رہیں اور ارد گرد کے ماحول پر نظر رکھیں جبکہ کسی بھی ایمرجنسی کی صورت میں فوراً 15 پر اطلاع دیں۔

Leave a Reply