پاکستان میں ایرانی سفیر رضا امیری مقدم نے جمعیت علمائے اسلام کے سربراہ مولانا فضل الرحمان سے ملاقات کی۔ ایرانی سفیر اپنے وفد کے ہمراہ مولانا فضل الرحمان کی رہائش گاہ پہنچے اور ان کی صحت یابی کے لیے نیک خواہشات کا اظہار کیا۔ ملاقات میں ایران اور پاکستان کے تعلقات، علاقائی صورتحال اور غزہ میں اسرائیلی جارحیت پر تفصیل سے بات چیت کی گئی۔ ایرانی سفیر نے جے یو آئی کی فلسطین کی حمایت میں کی جانے والی کوششوں اور غزہ یکجہتی مظاہروں کی تعریف کرتے ہوئے مولانا فضل الرحمان کی سیاسی بصیرت کو سراہا۔ مولانا فضل الرحمان نے کہا کہ مسلم دنیا کو فلسطین کے حق میں مضبوط آواز بلند کرنی چاہیے اور پاکستان، ایران، ترکیہ، سعودی عرب اور ملائیشیا کو غزہ کے دفاع کے لیے ٹھوس اقدامات اٹھانے کی ضرورت ہے۔ انہوں نے اس بات کا بھی ذکر کیا کہ پاکستان میں اسرائیل کو تسلیم کرنے کی سازش کو عوام کی مدد سے ناکام بنایا گیا۔ ملاقات کے بعد ایرانی میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے مولانا فضل الرحمان نے امریکا کی جانب سے اسرائیل کی حمایت کو تنقید کا نشانہ بنایا اور کہا کہ امریکا ہمیشہ اپنے مفادات کی حمایت کرتا ہے اور مسلم دنیا میں اختلافات پیدا کرنے کی سازشیں کر رہا ہے۔
ایرانی سفیر کی مولانا فضل الرحمان سے ملاقات، فلسطین کی حمایت پر تبادلہ خیال

Leave a Reply