عام طور پر یہ سمجھا جاتا ہے کہ فلم کے ہیرو، ہیروئن یا ولن ہی وہ اداکار ہیں جو سب سے زیادہ معاوضہ وصول کرتے ہیں، لیکن یہ جان کر حیرانی ہوگی کہ کامِک کردار ادا کرنے والے اداکار بھی بڑی کمائی کے مالک بن سکتے ہیں۔ گزشتہ برس بھارتی میڈیا میں شائع ہونے والی رپورٹس کے مطابق، معروف تیلگو اداکار برہمنندم نے کمائی کے معاملے میں پربھاس، رجنی کانتھ اور کپل شرما جیسے بڑے ناموں کو پیچھے چھوڑ دیا ہے۔
ڈی این اے انڈیا کی رپورٹ کے مطابق برہمنندم کی دولت 500 کروڑ روپے سے زائد ہے۔ دیگر کامیڈینز کی دولت کی بات کریں تو کپل شرما کی 300 کروڑ، جانی لیور کی 280 کروڑ اور پاریش راول کی 80 کروڑ روپے ہے۔
برہمنندم کی زندگی پر نظر ڈالی جائے تو ان کی پیدائش یکم فروری 1956 کو آندھرا پردیش میں ہوئی، جہاں ان کے والد ایک بڑھئی تھے اور ان کا بچپن انتہائی مالی مشکلات میں گزرا۔ برہمنندم نے ماسٹر آف آرٹس کی ڈگری حاصل کی اور بطور تیلگو لیکچرار کام کیا، تاہم ان کا شوق تھیٹر اور نقل اتارنے کی طرف تھا، جو انہیں 1985 میں ڈی ڈی تیلگو کے پروگرام “پاکاپاکالو” کے ذریعے ٹی وی پر متعارف کرانے کا سبب بنا۔
برہمنندم کا فلمی کیریئر 35 سال پر مشتمل ہے، جس دوران انہوں نے ایک ہزار سے زائد فلموں میں کام کیا۔ ان کی کمائی کا بیشتر حصہ فلموں، برانڈز کی تشہیر اور دیگر کاروباری منصوبوں سے آتا ہے، جن سے وہ سالانہ 2 کروڑ روپے کماتے ہیں۔
ان کی خدمات کو فلم انڈسٹری میں سراہا گیا اور انہیں پدما شری جیسے اعلیٰ شہری اعزاز سے نوازا گیا۔ برہمنندم کی کامیاب زندگی اور کمائی نے یہ ثابت کر دیا ہے کہ کامیڈی کے میدان میں بھی اتنی ہی کامیابی حاصل کی جا سکتی ہے جتنی کہ ہیرو یا ولن کے کرداروں میں۔

Leave a Reply