پاکستان تحریک انصاف کے رہنما شیر افضل مروت اور مسلم لیگ ن کے سینیٹر افنان اللہ خان ایک بار پھر آمنے سامنے آئے، مگر اس بار دونوں کے درمیان تلخیاں نہیں، بلکہ ایک دوسرے کا احترام نظر آیا۔ پارلیمنٹ ہاؤس کی راہداری میں ہونے والی اس ملاقات کے بعد دونوں رہنماؤں نے میڈیا سے گفتگو کی۔ شیر افضل مروت نے کہا کہ ماضی میں کچھ واقعات ہوئے تھے، مگر اب ان کے دلوں میں ایک دوسرے کے لیے احترام ہے اور وہ سینیٹر افنان اللہ خان کو چھوٹے بھائی کی طرح سمجھتے ہیں۔ افنان اللہ خان نے بھی اس بات کا اعتراف کیا اور کہا کہ وہ شیر افضل کو بھائی سمجھتے ہیں۔ دونوں رہنماؤں نے ملاقات کے بعد گلے مل کر ایک دوسرے کو اللہ حافظ کہا۔
یاد رہے کہ 2023 میں ایک ٹی وی پروگرام کے دوران شیر افضل مروت اور افنان اللہ خان کے درمیان تلخ کلامی اور مار پیٹ ہوئی تھی، جو بعد میں عدالت تک پہنچ گیا تھا۔ مگر اس نئی ملاقات میں دونوں نے اپنی پرانی تلخیوں کو ختم کرنے کا عزم ظاہر کیا۔

Leave a Reply