آسٹریلوی کرکٹ ٹیم کے کپتان پیٹ کمنز کی فروری میں ہونے والی آئی سی سی چیمپئنز ٹرافی میں شرکت پر سوالیہ نشان لگ گیا ہے۔ میڈیا رپورٹس کے مطابق، پیٹ کمنز بھارت کے خلاف ٹیسٹ سیریز کے دوران ٹخنے کے مسائل کا شکار رہے ہیں۔
جمعرات کو یہ تصدیق کی گئی کہ پیٹ کمنز اگلے چند دنوں میں اپنے ٹخنے کا اسکین کروائیں گے تاکہ یہ معلوم کیا جا سکے کہ آیا وہ پاکستان اور یو اے ای میں اگلے ماہ ہونے والی چیمپئنز ٹرافی میں شرکت کر سکیں گے یا نہیں۔
آسٹریلوی کرکٹ ٹیم کے چیف سلیکٹر جارج بیلی کا کہنا ہے کہ ہمیں اسکین کے نتائج کا انتظار کرنا ہوگا اور دیکھنا ہوگا کہ یہ مسئلہ کیسے حل ہوتا ہے۔
پیٹ کمنز نے بھارت کے خلاف پانچ ٹیسٹ میچوں پر مشتمل بارڈر گواسکر ٹرافی میں 167 اوورز کرائے، جو کسی بھی آسٹریلوی بولر کی جانب سے سب سے زیادہ تھے، اور انہوں نے 25 وکٹیں بھی حاصل کیں۔
یاد رہے کہ پیٹ کمنز اپنے بچے کی ولادت کے باعث سری لنکا کے خلاف ٹیسٹ سیریز سے دستبردار ہوگئے تھے، اور ان کی جگہ اسٹیو اسمتھ کو کپتانی کی ذمہ داری سونپی گئی تھی۔

Leave a Reply