لاہور: وزیرِ اعلیٰ پنجاب محترمہ مریم نواز شریف نے اعلان کیا ہے کہ وہ 65 فیصد سے زائد نمبر حاصل کرنے والے طلباء کو لیپ ٹاپ دیں گی۔ اس کے ساتھ ہی انہوں نے نئے بجٹ میں ہونہار سکالرشپ کی رقم 50 ہزار تک بڑھانے کا بھی اعلان کیا۔محترمہ مریم نواز شریف نے سیکنڈ اور تھرڈ ایئر کے طلباء کو بھی ہونہار سکالرشپ دینے کی بات کی، اور کہا کہ حکومت ان طلباء کے لیے مزید اقدامات کرے گی۔انہوں نے کہا: “حکومت میرا ذاتی ادارہ نہیں، میں آخرت میں اللّٰہ کریم کو، اور یہاں اپنے ملک کے عوام کو جواب دہ ہوں۔” وزیرِ اعلیٰ نے مزید کہا کہ “برے وقت میں ساتھ دینے والے ارکان اسمبلی کو بھی ناراض کر کے میں نے میرٹ کو یقینی بنایا۔”محترمہ مریم نواز شریف نے پنجاب میں طلباء کے لیے ایک اور اہم اعلان کیا، جس میں کہا کہ “ہم پنجاب میں طلباء کو ایک لاکھ ای بائیکس بالکل مفت دیں گے، ان شاء اللّٰہ!”انہوں نے اپنی بات جاری رکھتے ہوئے کہا: “اپنے وطن کے نوجوانوں کے لئے ترقی کے راستے بنانا ایک ماں کی حیثیت سے میرا فرض ہے۔”وزیرِ اعلیٰ نے یہ بھی کہا: “ابھی تو سکالرشپ کی پہلی کھیپ آئی ہے، کسی بھی قسم کی سیاسی وابستگی سے بالاتر ہو کر سب کو سکالرشپ دے رہے ہیں۔”انہوں نے سیاسی مخالفین کو تنقید کا نشانہ بناتے ہوئے کہا: “جو لوگ دوسروں کے خلاف چوری کے نعرے لگاتے تھے، وہ خود چار سال تک اپنی ذاتی آمریت میں بھی دوسروں پر ذرہ بھر چوری بھی ثابت نہیں کر سکے، لیکن خود ان کی اپنی چوریوں کی داستانیں اور کھلے ثبوت ساری دنیا جان چکی ہے۔”محترمہ مریم نواز شریف نے قوم کو پیغام دیتے ہوئے کہا: “قوم کے پاس یہ آخری موقع ہے کہ آگے جائیں گے یا پھر ہمیشہ کے لیے پیچھے چلے جائیں گے۔ سیاست کو پروپیگنڈے کی بجائے، کارکردگی اور میرٹ کی نظر سے دیکھا جانا چاہیے۔”انہوں نے نوجوانوں کو متنبہ کیا: “قوم کے نوجوان اپنی آنکھیں کھلی رکھیں، کسی کے بہکاوے میں نہ آئیں، آپ سب کی ریڈ لائن یہ پاک وطن پاکستان ہے۔”

Leave a Reply