لاہور:مقبول اداکارہ حبا علی خان نے کہا ہے کہ اگرچہ انہوں نے محض 14 برس کی عمر میں اداکاری شروع کی لیکن بعد میں وہ بیٹے کی بہتر پرورش کی خاطر شوبز سے دور رہیں۔حبا علی خان نے حال ہی میں مزاحیہ پروگرام ’مذاق رات‘ میں شرکت کی، جہاں انہوں نے مختلف معاملات پر کھل کر بات کی۔پروگرام کے دوران اداکارہ نے بتایا کہ انہیں بچپن میں اداکاری کا شوق نہیں تھا، ان کی والدہ ڈراما پروڈیوسر تھیں اور والدہ نے ہی انہیں اداکاری کرنے کا کہا۔اداکارہ کے مطابق ان کی والدہ نے انہیں اپنے پروڈیوس کردہ ڈرامے میں ایک کردار کرنے کا کہا، اس وقت ان کی عمر محض 14 برس تھی۔حبا علی خان نے بتایا کہ دو سال قبل ان کی والدہ انتقال کر گئیں لیکن انہوں نے والدہ کے کہنے پر شوبز میں قدم رکھا اور بعد میں اداکاری ان کا عشق بن گئی۔ایک سوال کے جواب میں انہوں نے بتایا کہ شادی اور بچے کی پیدائش کے بعد بیٹے کی پرورش کے لیے انہوں نے شوبز سے دوری اختیار کی۔ان کا کہنا تھا کہ انہیں محسوس ہوا کہ اداکاری کی وجہ سے وہ بطور والدہ درست انداز میں آگے نہیں بڑھ رہیں، اس لیے انہوں نے ہر چیز چھوڑ کر بیٹے کی پرورش پر توجہ دی۔اداکارہ نے بتایا کہ اس وقت تک ان کی طلاق ہوچکی تھی، ان کے سابق شوہر بیرون ملک جا چکے تھے اور بیٹا ان کے پاس تھا، اس لیے انہوں نے شوبز سے کنارہ کشی اختیار کی۔

Leave a Reply