اسلام آباد: وزیراعظم محمد شہباز شریف کی زیر صدارت سی ڈی اے کے امور کے حوالے سے ایک اہم اجلاس منعقد ہوا، جس میں حالیہ بین الاقوامی کانفرنسوں اور دیگر تقریبات کے کامیاب انعقاد پر سی ڈی اے کی کارکردگی کو سراہا گیا۔ وزیراعظم نے کہا کہ پاکستان میں بین الاقوامی کانفرنسوں کا انعقاد ہماری سفارتی محاذ پر کامیابی کی عکاسی کرتا ہے۔وزیراعظم نے کہا کہ مسلسل محنت کے باعث دوست ممالک کا پاکستان پر اعتماد بحال ہوا ہے۔ انہوں نے زور دیا کہ بین الاقوامی کانفرنسوں اور سرگرمیوں کے لیے ہوٹلوں، اسپتالوں اور دیگر سہولیات کو مزید بہتر بنانے کی ضرورت ہے تاکہ ملک میں سیاحت کو فروغ مل سکے۔وزیراعظم نے سی ڈی اے کو ہدایت کی کہ جوائنٹ وینچر اور پبلک پرائیویٹ پارٹنرشپ کے ذریعے جدید سہولیات سے آراستہ نئے ہوٹلوں کی تعمیر کے لیے جامع رپورٹ پیش کی جائے۔ انہوں نے یہ بھی کہا کہ دوست ممالک سے آنے والے مہمانوں کے لیے بین الاقوامی معیار کی سہولیات کی فراہمی کو یقینی بنایا جائے۔اجلاس میں سی ڈی اے کو اسلام آباد کے رہائشیوں کے لیے سہولیات کو مزید بہتر بنانے کی بھی ہدایت دی گئی۔ اجلاس کو بریفنگ دی گئی کہ اسلام آباد میں غیر فعال قیمتی سرکاری عمارتوں کی بحالی اور نئے ہوٹلوں کی تعمیر کے حوالے سے پری فیزیبیلیٹی رپورٹس تیار ہو چکی ہیں۔اجلاس میں وفاقی وزیر اقتصادی امور احد خان چیمہ، چیئرمین سی ڈی اے، اور دیگر متعلقہ اداروں کے اعلیٰ افسران نے شرکت کی۔
وزیراعظم شہباز شریف کی زیر صدارت سی ڈی اے کے امور پر جائزہ اجلاس

Leave a Reply