اسلام آباد: پاکستان تحریک انصاف (پی ٹی آئی) کے بانی رہنما اکبر ایس بابر نے پی ٹی آئی کے اکاؤنٹس کو فوری طور پر منجمد کرنے کا مطالبہ کیا ہے۔ میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ فارن فنڈنگ کیس میں 8 سال ضائع کیے گئے اور پی ٹی آئی کی موجودہ قیادت کا پارٹی سے کوئی تعلق نہیں ہے۔اکبر ایس بابر نے الیکشن کمیشن کو بتایا کہ پی ٹی آئی کے تنظیمی ڈھانچے کی کوئی قانونی حیثیت نہیں ہے۔ انہوں نے الزام عائد کیا کہ ایک ارب سے زائد رقم پی ٹی آئی کے کیسز کے وکلاء میں تقسیم کی گئی۔ انہوں نے کہا کہ پی ٹی آئی کے اکاؤنٹس کو انٹرا پارٹی انتخابات کے فیصلے تک منجمد کیا جائے تاکہ انصاف کے تقاضے پورے ہو سکیں۔انہوں نے مزید کہا کہ 190 ملین پاؤنڈ کیس کے فیصلے نے پی ٹی آئی قیادت کے دعوؤں کی قلعی کھول دی ہے۔ اکبر ایس بابر کا کہنا تھا کہ مفاد پرست ٹولہ پارٹی پر قابض ہو چکا ہے، اور یہ تحریک انصاف کو عوام کی خدمت کے بجائے تاجروں اور ذاتی مفادات کے لیے استعمال کر رہا ہے۔انہوں نے افسوس کا اظہار کیا کہ پارٹی کارکنان اپنی مرضی سے قیادت کا انتخاب نہیں کر سکتے اور ان کی قربانیوں کو نظرانداز کیا جا رہا ہے۔

Leave a Reply