اسلام آباد: شمال مغربی ترکیہ کے کارتالکایا سکی ریزورٹ میں ہوٹل میں آتشزدگی کے باعث 76 افراد جاں بحق جبکہ 50 سے زائد زخمی ہوگئے۔ وزیراعظم شہباز شریف نے واقعے پر گہرے دکھ کا اظہار کرتے ہوئے زخمیوں کی جلد صحتیابی کے لیے دعا کی ہے۔ انہوں نے ترک صدر رجب طیب اردوان، ترک عوام اور غمزدہ خاندانوں سے تعزیت کا اظہار کیا۔تفصیلات کے مطابق آگ رات کے وقت بولو صوبے کے کارتالکایا ریزورٹ کے ایک ہوٹل کے ریستوران میں لگی۔ وزیر داخلہ علی یرلیکایا کے مطابق متاثرین میں سے دو افراد گھبراہٹ میں عمارت سے چھلانگ لگانے کے باعث جاں بحق ہوئے۔ گورنر عبدالعزیز کے مطابق ہوٹل میں 234 مہمان مقیم تھے۔ٹیلی ویژن کی تصاویر میں ہوٹل کی چھت اور بالائی منزل کو شعلوں میں لپٹا ہوا دیکھا گیا۔ آگ بجھانے کے لیے 30 فائر ٹرک اور 28 ایمبولینسیں جائے وقوعہ پر پہنچیں، جبکہ احتیاطی تدابیر کے تحت ریزورٹ کے دیگر ہوٹل خالی کروا لیے گئے۔کارتالکایا، کوروگلو پہاڑوں میں واقع ایک مشہور سکی ریزورٹ ہے جو استنبول کے مشرق میں 300 کلومیٹر کے فاصلے پر ہے۔ حادثہ سکول کے سمسٹر کے وقفے کے دوران پیش آیا، جب علاقے میں سیاحوں کا رش تھا۔ آتشزدگی کی وجہ تاحال معلوم نہیں ہوسکی۔
ترکیہ کے سکی ریزورٹ میں آتشزدگی، 76 افراد جاں بحق، 50 سے زائد زخمی، وزیراعظم شہباز شریف کا اظہار تعزیت

Leave a Reply