اسلام آباد: صدر پاکستان آصف علی زرداری اور وزیرِ اعظم شہباز شریف نے چینی صدر شی جن پنگ اور چینی عوام کو نئے چینی سال کے موقع پر دل کی گہرائیوں سے نیک تمناؤں کا اظہار کیاہے۔ایک ویڈیو پیغام میں وزیرِ اعظم شہباز شریف نے کہا کہ چین کی گزشتہ کئی دہائیوں میں ترقی اور کامیابی کا سفر صدر شی جن پنگ کی بصیرت اور حکمت کا منہ بولتا ثبوت ہے۔صدر اور وزیرِ اعظم نے کہا کہ چین کی کامیابی کی کہانی پاکستان کے لیے ایک محرک اور اعتماد کا ذریعہ ہے۔ انہوں نے مزید کہا کہ پاکستان اور چین کے درمیان ایک مضبوط دوستی کا رشتہ ہے جو نسل در نسل پروان چڑھتا رہا ہے۔ یہ قریبی دوستانہ تعلقات باہمی اعتماد اور مشترکہ آرزؤں پر مبنی ہیں اور اب یہ ایک جامع اسٹریٹیجک شراکت داری میں بدل چکے ہیں۔شہباز شریف نے کہا کہ یہ آئرن کلاڈ برادری پاکستان کی خارجہ پالیسی کا اہم ستون ہے اور ہمارے دونوں ممالک کے درمیان ایک دوسرے کے لیے گہری عزت و احترام کی عکاسی کرتی ہے۔وزیرِ اعظم نے کہا کہ پاکستان اور چین عالمی امن، خوشحالی اور ہم آہنگی کے لیے اپنے عزم میں متحد ہیں اور ہم مل کر دنیا کی بہتری کے لیے مزید مؤثر کردار ادا کرتے رہیں گے۔
صدر اور وزیرِ اعظم کی جانب سے نئے چینی سال پر صدر شی جن پنگ کو نیک تمناؤں کا پیغام

Leave a Reply