اسلام آباد: وزیراعظم شہباز شریف نے تحریک انصاف کو ایک بار پھر مذاکرات کی دعوت دیتے ہوئے جوڈیشل کمیشن کے بجائے پارلیمانی کمیٹی بنانے کی پیشکش کردی۔وفاقی کابینہ کے اجلاس سے گفتگو کرتے ہوئے وزیراعظم شہباز شریف کا کہنا تھا کہ پی ٹی آئی کے ساتھ مذاکرات کی آفر کو شفاف انداز سے قبول کیا، حکومت اور اپوزیشن کی کمیٹیاں بنیں اور مذاکرات شروع ہوئے، رواں ماہ کی 28 تاریخ کو میٹنگ ہونی تھی اور وہ مذاکرات سے بھاگ گئے۔انہوں نے کہا کہ حکومتی کمیٹی نے ان کو کہا آپ آئیں لکھ کر جواب دیں گے، ہم نے پی ٹی آئی کو مذاکرات کیلئے سازگار ماحول فراہم کیا، یہ اپنے گریبان میں بھی جھانکیں، انہوں نے 2018 میں ہاؤس کمیٹی بنائی ،کمیشن نہیں بناتھا۔وزیراعظم نے اپوزیشن کو مذاکرات کی دعوت دیتے ہوئے کہا کہ پوری طرح حقائق کو سامنے لائیں، 2018 میں ہم نے ہاؤس کمیٹی قبول کی آپ بھی آئیں 2018 اور 2024 کے انتخابات پر کمیٹی بنے، 26 نومبر کے دھرنے کی بات کرتے ہیں، 2014 کے دھرنے کی بھی ہاؤس کمیٹی احاطہ کرے۔ان کا کہنا تھا کہ میں نیک نیتی کے ساتھ تیار ہوں کہ ڈائیلاگ آگے بڑھیں، انتشار کے ہاتھوں ملک کا بہت نقصا ن ہوا ،یہ ملک مزید نقصان کا متحمل نہیں ہوسکتا۔

Leave a Reply