اسلام آباد: وزیر برائے بحری امورقیصر احمد شیخ نے حکومت کی خواہش کا اظہار کیا کہ چین کی صنعت کو پاکستان منتقل کیا جائے کیونکہ اس سے دونوں ممالک کو فائدہ ہوگا۔ وزیر موصوف نے کہا کہ پاکستان اپنے نوجوانوں کو چینی طرز پر تکنیکی تعلیم دینے پر بھی توجہ مرکوز کر رہا ہے تاکہ کاروباری شعبے کو مزید سہولت فراہم کی جا سکے۔ قیصر احمد شیخ نے کہا کہ پاکستان کے پاس بحری شعبے میں بڑی صلاحیت موجود ہے اور حکومت چین-پاکستان اقتصادی راہداری (CPEC) کے ذریعے گوادر پورٹ کو مزید ترقی دینے کے لیے پر عزم ہے۔ تقریب سے خطاب کرتے ہوئے وزیر اطلاعات و نشریات عطاء اللہ تارڑ نے حکومت کے عزم کا اعادہ کرتے ہوئے کہا کہ پاکستان اور چین کے تعلقات کو مزید مستحکم کیا جائے گا۔ وہ جمعرات کو اسلام آباد میں چینی سال نو اور بہار کے تہوار کی مناسبت سے ایک تقریب سے خطاب کر رہے تھے۔ عطاء اللہ تارڑ نے کہا کہ پاکستان اور چین کی دوستی سمندروں سے گہری، شہد سے میٹھی اور ہمالیہ سے بلند ہے۔ انہوں نے کہا کہ موجودہ حکومت اس آزمودہ دوستی کی محافظ ہے اور اس رشتہ کو نئی نسلوں تک منتقل کرنے کے لیے پر عزم ہے۔وزیر اطلاعات نے دونوں ممالک کے گہرے تعلقات کو اجاگر کرتے ہوئے کہا کہ اسلام آباد چینی صدر شی جن پنگ کی ون بیلٹ، ون روڈ (OBOR) منصوبے کی مکمل حمایت کرتا ہے کیونکہ پاکستان کے اپنے معاشی مفادات اس بڑے منصوبے سے جڑے ہوئے ہیں۔ انہوں نے مزید کہا کہ چین نے ہمیشہ پاکستان کو مشکل وقت میں مدد فراہم کی ہے۔
پاکستان اپنے نوجوانوں کو چینی طرز پر تکنیکی تعلیم دینے پر بھی توجہ مرکوز کر رہا ہے:قیصر

Leave a Reply