اسلام آباد: وزیر اعظم شہباز شریف نے کہا ہے کہ 190 ملین پاؤنڈ کی خطیر رقم سے بننے والی دانش یونی ورسٹی دنیا کی ممتاز ترین جامعات کے ہم پلہ ہوگی جہاں مارڈرن سائنسنز کی تعلیم دی جائے گی۔ وزیراعظم محمد شہباز شریف نے سیکٹر ایچ-16 میں دانش یونیورسٹی آف ایمرجنگ سائنسز کے سائٹ ریویو کی تقریب سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ اسلام آباد میں دانش یونیورسٹی کا قیام نہ صرف ملک میں ایک ماڈل ہو گی بلکہ معیاری تعلیم، تحقیق اور اپلائیڈ سائنسز میں ترقی کی بنیاد پر دنیا کے اعلیٰ تعلیمی مراکز میں بھی نمایاں مقام حاصل کرے گی، ہم سب کے لیے خوشی کا لمحہ ہے ، آج دانش یونیورسٹی کے قیام کے لیے 100 ایکڑ زمین مختص کی گئی ہے۔وزیراعظم نے کہا کہ اس میں کوئی شک نہیں کہ ملک کے مختلف صوبوں میں اچھے تعلیمی مراکز موجود ہیں لیکن جدید اپلائیڈ سائنسز کے لیے کوئی مناسب ریسرچ اینڈ ڈویلپمنٹ ایجوکیشنل سنٹر موجود نہیں ہے۔انہوں نے اس امید کا اظہار کیا کہ دانش یونیورسٹی اسٹینفورڈ، آکسفورڈ، ایم آئی آئی ٹی اور دیگر عالمی شہرت یافتہ تعلیمی اداروں کے ہم پلہ ہو گی۔انہوں نے مزید کہا کہ 14 اگست 2026 کو یونیورسٹی کا پہلا سیکشن فعال ہو جائے گا۔انہوں نے مزید کہا کہ حکومت کا دانش یونیورسٹی کے کاموں اور انتظامیہ سے کوئی تعلق نہیں ہوگا کیونکہ یہ پی کے ایل آئی کی طرح خود مختاری سے کام کرے گی جہاں اس حوالے سے قانون سازی کی گئی ہے، پی کے ایل آئی اب صحت کی دیکھ بھال کے شعبے میں بہترین طریقے سے کام کر رہا ہے۔وزیر اعظم نے مزید کہا کہ ملک بھر سے طلبا جامعہ کی مختلف فیکلٹیوں میں خالصتاً میرٹ کی بنیاد پر داخلہ لیں گے۔ جس کا ایک ٹرسٹ بنایا جائے گا اور ابتدائی طور پر حکومت 10 ارب روپے سیڈ منی کے طور پر فراہم کرے گی اور بعد میں امیر طلباء کی فیسوں سے جمع ہونے والی رقم سے یونیورسٹی کو چلایا جائے گا غریب طلباء کی مدد کی جائے گی۔وزیراعظم نے کہا کہ دانش یونیورسٹی کے بورڈ آف گورنرز کے ناموں کو حتمی شکل دے دی گئی ہے تاکہ ذہین افراد اپنا کردار ادا کر سکیں۔انہوں نے کہا کہ دانش یونیورسٹی کیمپس سرخ پتھر کے ساتھ تعمیر کیا جائے گا جس میں تمام متعلقہ سہولیات موجود ہوں گی۔صوبہ پنجاب بھر میں دانش سکولوں کے کام کے بارے میں انہوں نے کہا کہ وہاں بڑی تعداد میں یتیم اور غریب طلباء تعلیم حاصل کر رہے ہیں۔انہوں نے مزید کہا کہ مفت تعلیم، سمارٹ بورڈز، آئی ٹی سمیت دیگر سہولیات سے لیس یہ مراکز پسماندہ علاقوں کے طلباء کو معیاری تعلیم کی تمام سہولیات فراہم کر رہے ہیں۔ انہوں نےدانش سکولوں کے اساتذہ کی بھی تعریف کی جنہوں نے دانش سکولوں میں دور دراز علاقوں میں طلباء کو پڑھانے کے لیے اپنی اچھی تنخواہ والی نوکریاں چھوڑ دیں۔وزیر اعظم نے کہا کہ اگر دانش سکولوں طلباء کو تعلیم نہ دی جاتی تو بے پناہ ٹیلنٹ ضائع ہو جاتا۔انہوں نے اس بات پر زور دیا کہ وہ سب کو معیاری تعلیم فراہم کر کے ایک خوشحال پاکستان کے حقیقی مقاصد کو حاصل کیا جا سکتا ہے۔وزیراعظم نے سابق چیف جسٹس آف پاکستان جسٹس قاضی فائز عیسیٰ اور موجودہ چیف جسٹس آف پاکستا جسٹس یحییٰ آفریدی کا 190 ملین پاؤنڈز کی رقم سرکاری خزانے میں منتقل کرنے پر بھی اظہار تشکر کیا جسے دانش یونیورسٹی کے قیام کے لیے استعمال کیا جائے گا۔وزیراعظم محمد شہباز شریف نے اس بات پر زور دیا کہ قرضوں یا فنڈز کے حصول سے نہیں بلکہ قومیں محنت کی بنیاد پر بنتی ہیں۔انہوں نے پاکستان کو ایک مضبوط اور خوشحال ملک بنانے اور قائد اعظم محمد علی جناح کے نظریات کو عملی جامہ پہنانے کے لیے جدوجہد کرنے کے عزم کا اظہار بھی کیا۔
190 ملین پاؤنڈ سے بنی دانش یونیورسٹی دنیا کی ممتاز ترین درسگاہوں کے ہم پلہ ہوگی، وزیراعظم

Leave a Reply