حیدر آباد:پاکستان پیپلز پارٹی کے چیئرمین بلاول بھٹو نے حکومت کا ساتھ چھوڑنے کی وارننگ دے دی۔جلسے سے خطاب میں انہوں نے کہا کہ نہروں کا منصوبہ روکیں ورنہ پیپلزپارٹی آپ کے ساتھ نہیں چل سکے گی، حکومت کسی غلط فہمی میں نہ رہے، میں خبردار کرتا ہوں ، پیچھے نہیں ہٹوں گا ، دھمکیوں سے ڈرنے والے نہیں۔بلاول بھٹو نے کہا کہ ہم مخالفت اصولوں پر کر رہے ہیں، کیونکہ میرا وفاق خطرے میں ہے، ملک دہشتگردی کی آگ میں جل رہا ہے، آپ نے ایسا موضوع چھیڑا ہے جس سے بھائی سے بھائی کو خطرہ ہے، اگر پیپلز پارٹی نہیں بولے گی تو کون بولے گا، جو کینال بنا رہے ہیں وہ اسلام آباد میں بیٹھے ہیں۔پی پی پی چیئرمین نے کہا کہ ہماری وجہ سے ان کی طاقت ہے، وزیر اعظم کو حیدرآباد کے عوام کا شکریہ ادا کرنا چاہیے، آپ کو ہمارے مطالبات ماننے پڑیں گے، وزیر اعظم آج بھی ماننے کے لیے تیار نہیں اور ہم بھی پیچھے ہٹنے کو تیار نہیں، اگر شہباز شریف اور عوام کے درمیان فیصلہ کرنا ہے تو مشکل فیصلہ نہیں۔بلاول بھٹو نے کہا کہ یہ شیر والے عوام کا خون چوستے ہیں، ن لیگ کا ہر منصوبہ کسان دشمن ہوتا ہے، جس طرح کسان کا خون چوسا جا رہا ہے وہ سب آپ کے سامنے ہے، پہلے انہوں نے گندم اسکینڈل کی وجہ سے کسانوں کا معاشی قتل کیا۔چیئرمین پی پی نے کہا کہ انہوں نے فیصلہ کیا ہے کہ زرعی شعبے پر ٹیکسز کا طوفان کھڑا کر دیں، کہاں جائیں سندھ اور پنجاب کے کسان؟ زراعت کے شعبے کا معاشی قتل ہو گیا ہے، اب وہ کہہ رہے ہیں کہ ریگستان کو آباد کریں گے۔بلاول بھٹو نے کہا کہ 25 سال سے پانی کی قلت کا سامنا ہے، پنجاب اور سندھ میں پانی کی قلت ہے، کسانوں کا معاشی قتل روکنا ہے ان کو بچانا ہے۔انہوں نے کہا کہ تھرپارکر کو آباد کرنا ہے تو سو بسم اللہ مگر سندھو پر ہم سمجھوتا نہیں کریں گے، آپ ٹیکنالوجی کے ذریعے چولستان اور تھرپارکر کو آباد کریں، حکومت متنازع منصوبہ واپس لے تو زراعت کی ترقی کیلیے بیٹھ کر منصوبہ بنانے کو تیار ہوں، اگر یہ لوگ ہم سے بات کرنے کیلیے تیار نہیں تو مشکل وقت دیکھنے کو تیار ہیں۔
نہروں کا معاملہ: بلاول بھٹو نے حکومت کا ساتھ چھوڑنے کی وارننگ دے دی

Leave a Reply