اسلام آباد :صدر آصف علی زرداری نے عالمی یومِ آزادی صحافت کے موقع پر اپنے پیغام میں پاکستان میں ایک آزاد اور ذمہ دار پریس کے فروغ کے اپنے عزم کا اعادہ کیا ہے۔ انہوں نے غزہ اور فلسطین جیسے جنگ زدہ علاقوں میں رپورٹنگ کے دوران اپنی جانیں گنوا دینے والے صحافیوں کو خراج عقیدت پیش کیا ہے۔صدر مملکت نے دستور پاکستان کے آرٹیکل 19 کا حوالہ دیتے ہوئے کہا کہ یہ آزادی اظہار اور آزاد صحافت کی ضمانت دیتا ہے۔ انہوں نے زور دیا کہ میڈیا مکالمے کو فروغ دینے اور سماجی، اقتصادی اور ماحولیاتی مسائل کو اُجاگر کرنے کے لیے ناگزیر ہے۔ اُن کا کہنا تھا کہ بدعنوانی کو بے نقاب کرنے اور پسماندہ طبقات کے لیے آواز بلند کرنے میں میڈیا کا ایک اہم کردار ہے۔صدر مملکت نے کہا کہ اُن کی حکومت نے صحافیوں کے تحفظ اور فلاح و بہبود کے لیے بہت سے اقدامات کیے ہیں، تاہم انہوں نے اس بات پر زور دیا کہ صحافیوں کو محفوظ اور سازگار ماحول فراہم کرنے کے لیے مزید اقدامات کی ضرورت ہے۔ انہوں نے کہا کہ ایسا ماحول وقت کی ضرورت ہے جہاں صحافی خوف و ہراس کے بغیر اپنے فرائض سرانجام دے سکیں۔آصف علی زرداری نے میڈیا پر زور دیا کہ وہ اعلیٰ صحافتی معیار، خبروں میں درستگی اور پیشہ ورانہ مہارت کو برقرار رکھے۔ انہوں نے کہا کہ جعلی خبروں، غلط معلومات اور سنسنی کے ماحول میں میڈیا کی ذمہ داری اور بھی بڑھ گئی ہے۔صدر مملکت نے شہریوں کے حقوق، ذمہ داریوں اور سماجی و اقتصادی مسائل کے بارے میں آگاہی پیدا کرنے میں میڈیا کے اہم کردار کو سراہا۔ انہوں نے جمہوری عمل میں عوام کی شرکت کی حوصلہ افزائی کے لیے بھی میڈیا کے کردار کو اہم قرار دیا۔ اُن کا کہنا تھا کہ پریس کو عوام اور سرکاری اداروں کے درمیان پل کا کردار ادا کرنا چاہیے اور بے آواز لوگوں کی آواز بننا چاہیے۔ صدر مملکت نے آزادی صحافت کو جمہوریت کا ایک لازمی عنصر قرار دیتے ہوئے آزادی صحافت کے تحفظ اور فروغ کے اپنے عزم کی تجدید کی۔ انہوں نے امید ظاہر کی کہ حکومت آزادی صحافت، صحافیوں کے تحفظ، وقار اور آزادی کے لیے کام جاری رکھے گی اور پاکستانی میڈیا قومی اور عالمی اہمیت کے مسائل پر آگاہی فراہم کرنے میں اپنا اہم کردار ادا کرتا رہے گا۔
صحافیوں کی قربانیاں رائیگاں نہیں جائیں گی،صدر مملکت کا یومِ آزادی صحافت پر پیغام

Leave a Reply